مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم

زندگی میں برکت کیسے پیدا کی جائے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

قانتہ رابعہ

علامہ اقبال نے بہت پہلے گردش ایام کے بارے میں ارشاد فرمایا تھا 

میری صراحی سے قطرہ قطرہ نئیے حوادث ٹپک رہے ہیں 

میں اپنے روز و شب کا شمار کرتا ہوں دانہ دانہ 

جب سے کا ئنات تخلیق ہوئی ہے ، دن اور رات آ گے پیچھے چلے آ رہے ہیں اور سورہ آل عمران کے آخری رکوع میں اللہ رب العزت نے عقل مند اور سیانے لوگوں کی کچھ نشانیاں پیش کی ہیں یہ وہ لوگ نہیں جو دنیا والوں کے پیمانے پر عقل مند قرار دئیے گیے بلکہ اللہ نے ان۔کو عقل مند ہونے کا ٹائٹل دیا ہے جن کی پہلی نشانی ہے

“یہ وہ لوگ ہیں جو کھڑے ہوکر ، بیٹھے ہوئے یا رات کو کروٹ کروٹ بدلتے ہوئے اللہ کو یاد کرتے ہیں اور کائنات کی تخلیق پر غور و فکر کرتے ہیں “دن ، ہفتے ، مہینے سب زمانے کو ناپنے کے پیمانے ہیں کل محرم گزرا ، پھر صفر بھی گیا سال تو ایسے تیزی سے گزرتے ہیں کہ باقاعدہ یاد کرنا پڑتا ہے کون سا سال ختم ہوا اور کون سا شروع ،ربیع الاول بھی آ نے کو ہے.

ہر سال آتا ہے اور سیرت کے حوالے سے ایمان کی تازگی کا کچھ نہ کچھ سامان کرتا ہے تو کچھ نئی رسوم و رواج پر سوالیہ نشان بھی چھوڑ جاتا ہے ۔۔۔ روح اندر تک زخمی ہوجاتی یے یہ کیسا ایمان ہے جو بس ربیع الاول میں ہی کروٹ لے کر بیدار ہوتا ہے اور پھر اگلے سال تک کے لیے لمبی کروٹ لے کے سو جاتا ہے ؟ 

کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ صرف ربیع الاوّل میں  تزکیر کی محتاج ہے ؟ ان کی سیرت پر عمل کی بجائے زبانی کلامی محبت کے اظہار پر اکتفا کر لیا جائے؟؟؟ تو روز کے روز سیرت سے جڑے رہنے کا ایک ہی حل ہے ، ان پر کثرت سے درود بھیجا جائے ، دوسرا یہ کہ سیرت پر مطالعہ کم یا زیادہ اپنی روٹین کا حصہ بنا لیا جائے اور جو کچھ بھی پڑھا ہے اسے گھر میں دہرایا جائے تاکہ سیرت النبی پر پڑھی گئی کتب کی روز حشر صرف آنکھیں ہی گواہی نہ دیں بلکہ زبان ان کے الفاظ کو دہرائے اور کان ان کو سنیں ۔۔۔

اس کے علاوہ اس کامفید پہلو جو نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے کہ کل قرآن مجید کی زبان میں” انطقنا اللہ انطق کل شئی”۔۔ اللہ ہر چیز کو روز حشر بولنے کا حق دے گا تو کیا اچھا منظر ہوگا کہ میرے آپ کے گھر کے در و دیوار روز قیامت ہماری اس گفتگو کی بول بول کر گواہی دیں ۔۔ پلڑے میں چغلیوں غیبتوں کی بجائے کچھ اور بھی ڈالا جائے .

بس زیادہ نہیں ایک حدیث کا مطالعہ اور اس پر عمل کرنے کو لازمی کر لیں ۔۔ عمل آسان نہیں سوچ بچار سے آسان ہوگا مثال کے طور پر حدیث مبارکہ میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت میں قیامت سے پہلے گناہوں کے نام بدل لیے جائیں گے ” پہلے تو لفظ گناہ پر سوچ بچار کریں ۔۔ نفس چونکہ آپ کو گناہگار کہلوانے میں پھنس جائے گا اس لیے اس نے گناہ لفظ کو بڑے بڑے نافرمانی کے کاموں کے لیے مخصوص کر لیا ہے ۔

شراب ، سود خوری ، زنا بدکاری حرام ہے اور یہی گناہ ہیں ۔۔ ہم لاعلم رہنا چاہتے ہیں اس بات سے کہ یہ سب ہم سے بھی کسی نہ کسی طور چھوٹے پیمانے پر سرزد ہو رہے ہیں ۔۔۔ بس ہم نے گناہوں کے نام بدل لیے ہیں ان کو جدیدیت کا پہناوا پہنا دیا ہے , ایسا خوبصورت نام دے دیا کہ شروع میں تو کچھ ہچکچاہٹ محسوس ہوتی ہے پھر کثرت استعمال سے کان اس کے عادی ہوجاتے ہیں اور اس گناہ کو زندگی میں شامل کر لیا جاتا ہے

جیسے نکاح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور بے نکاحی کی زندگی زنا شمار ہوتی ہے ، زنا گناہ کبیرہ ہے۔ جی ہاں اس کاذکر ہے اللہ رب العزت نے بار بار ” فحاشی کے قریب بھی نہ جانا ” کہا ہے ، اس کو فلمی ستاروں کے ذریعے عام کیا گیا پھر اس بے نکاحی زندگی کے لیے ریلشن شپ کا بہت منفرد اور خوبصورت لفظ استعمال ہونے لگا ۔۔۔

آپ سے ایک سوال یے ، کیا ریلیشن شپ کا لفظ استعمال کرنے سے اس گناہ میں کمی ہو گئی ؟؟ کثرت استعمال سے اس کی شدت ایسے ہی کم ہوتی چلی گئی کہ ساٹھ ستر کی دہائی تک بہت بڑا طبقہ تصویر کھنچوانے کو درست نہیں سمجھتا تھا اور قانونی کارروائی کے لیے بھی تصویر سٹوڈیو میں جا کر کھنچوانا پڑتی تھی ۔۔۔ پھر کیمرے ہاتھوں میں آ گیے۔۔۔فوٹو گرافی عام ہوگئی . موبائل فون نے تو رہی سہی کسر پوری کردی اور اس گناہ کو ‘ سیلفی’ کا خوبصورت نام دے کر اس کے اثر کو کم کردیا گیا , اب سوتے میں سیلفی ، جاگتے میں سیلفی ، اٹھتے بیٹھتے ، کھاتے پیتے یہاں تک کہ واش روم میں دخول کی بھی سیلفی ۔۔۔

ہے کوئی مائی کا لال جو بتائے اس کا جواز ؟ بس ازحد ضروری حالات میں ہے , کسی کو وقت کی ضرورت کہہ کر جائز کر لیا تو کسی کے بغیر گزارہ ہی نہیں ۔۔۔ یاد رکھیے کثرت گناہ سے گناہ کا اثر کم نہیں ہوتا بلکہ نحوست بڑھ جاتی ہے ۔ پہلے غیبت کرتے تھے تو اسے برائی سمجھتے تھے اب دکھ اس بات کا ہے کہ اسے گناہ نہیں سمجھا جاتا ۔ اب اس کے سبب نحوست اور بے برکتی تو ہے ہماری زندگیوں میں ، خوراک میں ، صحت میں ۔۔۔

ماضی میں جھانکیے ہماری نانیاں دادیاں کتنے پھل گوشت یا وٹامنز روزانہ لیتی تھیں ؟؟؟ یا انہوں نے فٹنیس برقرار رکھنے کے لیے کتنے جم جوائن کئے ہوئے تھے؟؟؟ ہم دو تین بچوں کی پرورش سے گھبرا جاتے ہیں تب بچے بھی ماشاءاللہ دس گیارہ ہوتے تھے اور فخریہ بتائے جاتے تھے ، حکیم ڈاکٹر ہر علاقے میں نہیں ہوتا تھا کئی کئی کوس چل کے جانا پڑتا تھا ۔ سکول تک ہر گائوں میں نہیں ہوتے تھے , بچوں کو کئی میل روزانہ پیدل چلنا پڑتا . کمانے والا صرف ایک مرد ہوتا تھا ۔۔تب برکت تھی ۔۔۔ اب ہر فرد کماتا ہے , ساتھ والی گلی میں بچے کا سکول ہو تو بھی رکشہ لگوانا پڑتا ہے ، متوازن خوراک کے بعد بھی ملٹی وٹامنز لیتے ہیں ، بٹن دبا کر مصالحہ جات پستے ہیں بٹن دبا کر کپڑے دھلتے ہیں . ہر کام مشینری کی مدد سے بے پناہ آسان ۔۔

پمپرز ،فیڈر ،سیری لیک نے بچوں کی پرورش میں جادو جیسی سہولتیں فراہم کردیں ۔۔۔ مگر صحت خراب ، تھکاوٹ ، اور سستی ۔۔ پانچ ہزار کمانے والے بھی روتے ہیں پچاس ہزار والے بھی اور پانچ لاکھ والے بھی ، پوری کسی کی نہیں پڑتی ۔۔۔ برکت کا گلا ہم نے اپنے برے اعمال سے گھونٹ دیا ۔۔۔

اللہ کے ہاں اخلاص کا سکہ چلتا ہے , ہیرا پھیری کا نہیں ۔۔ برائیوں کے نت نئے نام ایجاد کرکے اپنے آپ کو تسلی دے سکتے ہیں ۔۔ بس ۔۔ اوپر والے نے تو معیار کڑا رکھا ۔۔ اطیعو اللہ و اطیعوالرسول ۔۔۔۔ اطاعت کرو اللہ کی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ۔۔۔ جب اس اطاعت میں بندہ خالص ہو جاتا ہے پھر وہ ہر گناہ سے ڈرتا ہے خواہ چھوٹا ہو یا بڑا ۔۔ ہر نیکی اس کے لیے محبوب ہے خواہ چھوٹی ہو یا بڑی ۔۔ شائد یہی نیکی روز قیامت اسے اللہ کے ہاں معتبر کردے , اس کے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کا حق دار بنادے ۔۔۔اس کے لیے واقفیت ضروری ہے اور واقفیت کے لیے مطالعہ سیرت ۔۔ فداہ امی وابی ##


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

5 پر “زندگی میں برکت کیسے پیدا کی جائے؟” جوابات

  1. راشدہ قمر Avatar
    راشدہ قمر

    جزاک اللہ قانتہ بہن
    ان شاءاللہ اس ماہ ربیع الاول میں سیرت النبی پر ایک کتاب کا مطالعہ کروں گی

  2. Ayesha Riffat Avatar
    Ayesha Riffat

    جزاک الله
    اللہ ہمیں سیرت النبی ﷺ کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق دے ۔۔۔آمین

  3. Saima Iftikhar Avatar
    Saima Iftikhar

    تحریک پیدا کرنے والی تحریر ۔۔۔اللہ تعالی ہمیں باعمل بنائے ۔۔

  4. شائستہ سلیم Avatar
    شائستہ سلیم
  5. شائستہ سلیم Avatar
    شائستہ سلیم

    ماشاءاللہ بہترین تحریر قانتہ بہن آپکی رہنمائی کا شکریہ زندگی کو اس رخ سے بھی دیکھیں گے زندگی کی دوڑ میں ہم کچھ چیزیں بھول جاتے ہیں انشاءاللہ عمل کی کوشش کریں گے اور دوسروں تک بھی پہنچائیں گے