ہوٹل انڈسٹری میں کیریئر کیسے بنائیں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

فاروق احمد انصاری
ہوٹل انڈسٹری ایک وسیع صنعت ہے، اس صنعت میں ترقی کے بہت زیادہ مواقع ہیں اوراس شعبے میں تربیت حاصل کرنے والوں کا مستقبل روشن ہے ۔ہوٹل انڈسٹری میں تربیت حاصل کرنے والوں کے لیے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی روزگارکے وسیع مواقع موجود ہیں لیکن روایتی کیریئرکو اپنانے کے سماجی دبائو کی وجہ سے لوگ اس طرف آنے سے جھجکتے ہیں، شاید اس کی وجہ مکمل رہنمائی نہ ہونا ہے۔اگر اس انڈسٹری پر نظر ڈالی جائے تو 2016-17کے سروے کے مطابق185ممالک میں خالصتاََ60لاکھ سے زائد اضافی ملازمتیں موجود ہیں۔ عالمی جی ڈی پی 7.6کھرب ڈالر سےزائد ہے اور اس وقت292ملین لوگ اس انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ اگر آپ اس شعبے میں دلچسپی رکھتے ہیں،تو اس ضمن میں ہم آپ کی رہنمائی کرسکتے ہیں۔

پاکستان کی صورتحال
پاکستان میں بھی یہ صنعت فروغ پارہی ہے اور ہر روززیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ افرادکی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ ہوٹل مینجمنٹ کے ایک انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اس وقت ملک میں ایک ہزار سے زائد ہوٹل ہیں، جن میں ون اسٹار سے فائیو اسٹار ہوٹل تک شامل ہیں جبکہ متعد د ہوٹل زیرِ تعمیر ہیں۔ چھوٹے پیمانے پرریسٹورنٹس، اسنیک بار اور کیٹرنگ سروس تیزی سے فروغ پارہے ہیں۔ اس کے علاوہ مشہور فوڈ چینز کی فرنچائز بھی کھل رہی ہیں۔ مزید برآں اس فیلڈ میں ذاتی کاروبار کے راستے بھی کھلے ہیں اور ملازمت کے بھی مواقع بھی موجود ہیں۔ اس انڈسٹری میں آپ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کون سے عہدوں پر فائز ہو سکتے ہیں، اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

ہوٹل منیجر
کسی بھی ہوٹل، ریسٹورنٹ، میس، کلب، گیسٹ ہاؤس یا ہاسٹل وغیرہ میں اس ادارے کے پورے انتظام کی دیکھ بھال کرنے والا شخص منیجر کہلاتا ہے۔ اس کے فرائض میں کھانوں اور مشروبات کی تیاری کی نگرانی، رہائشی سہولتوں کے انتظام اور دیکھ بھال کی نگرانی، شعبہ جاتی نگرانوں کے کام کی دیکھ بھال، ادارے کے تمام ملازمین کے کام اور ان کے مسائل سے واقفیت، کام کے سلسلے میں ان کی رہ نمائی اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات وغیرہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ہوٹل منیجر کو مستقبل کی منصوبہ بندی اورکاروبار کے فروغ کے لیے تجاویز بھی مرتب کرنی ہوتی ہیں۔ ہوٹل کی عمارت اورمتعلقہ خدمات کی دیکھ بھال، حفاظتی انتظامات اور مہمانوں/ کسٹمرز کے آرام اورسہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات بھی اس کے فرائض میں شامل ہیں۔

ریسٹورنٹ/ کیٹرنگ منیجر
ریسٹورنٹ یا کیٹرنگ منیجر کومشروبات اور کھانے کی اشیا سے متعلق امورکی نگرانی کرنا ہوتی ہے۔ اس کے فرائض میں خوردنی اشیا کی خریداری، کھانوں کی تیاری اورتیار اشیا کی فروخت یا انھیں مہمانوں کے سامنے پیش کرنے تک کے کاموں کی دیکھ بھال شامل ہے۔ یہ نہایت ذمہ داری والا عہدہ ہے اور اس کے لیے پیشہ ورانہ تربیت ومہارت انتہائی ضروری ہے۔ کوئی غیر تربیت یافتہ شخص یہ کام انجام نہیں دے سکتا۔ ایک اچھا ریسٹورنٹ یا کیٹرنگ منیجر، باورچی خانے کی کارکردگی بڑھانے کے لیے نئے آلات اور مشینوں کی جستجو میں رہتا ہے تاکہ کم محنت ، کم وقت اور کم خرچ میں زیادہ کام کیا جاسکے مثلاً روایتی چولہوںں یا کوکنگ رینج کی جگہ مائیکرو ویو اوون کا استعمال وقت، محنت اور لاگت کی بچت کرسکتا ہے۔

ہاؤس کیپر
ہاؤس کیپر کابنیادی اہم کام یہ ہے کہ ہوٹل، ہاسٹل یا اسپتال میں قیام کرنے والوں کے کمرے یا رہنے اور سونے کی جگہیں صاف ستھری ہوں۔ ان کے بستر اوربسترکی اشیا ( چادریں، تکیے، کمبل وغیرہ) ہرروز تبدیل کی جائیں اور میلے کپڑوں کو لانڈری میں پہنچایا جائے۔ غسل خانوں میں تولیے، صابن ، ٹیشو پیپر فراہم کیے جائیں، رہائشی علاقے سمیت پوری عمارت کی روزانہ صفائی، فرنیچر ز، تنصیبات اور آرائشی اشیا کی جھاڑ پونچھ کی جائے۔ ہاؤس کیپر اپنے ماتحت عملے کے ذریعے عمارت میں بجلی کی فراہمی، روشنی اور دیگر آلات کی درستگی، پانی کی فراہمی اورمتعلقہ آلات کی درستگی کا اہتمام بھی کرتا ہے۔

شیف/ کک
ہوٹل اورریستوران کے باورچی خانوں میں کھانا پکانے کے عمل کی نگرانی کرنے والے کوشیف جبکہ ہاسٹلز یا اسپتال وغیرہ میں یہی ذمہ داری انجام دینے والے کو کُک کہتے ہیں۔ اردو میں دونوں کوباورچی یا خانساماں کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ بڑے ہوٹلوں میں ایک سے زائد باورچی (شیف) ہوتے ہیں اور ان کے سربراہ کو خانساماں (ہیڈ شیف) کہا جاتا ہے۔ چھوٹے ہوٹلوں میں ایک باورچی ہی،باورچی خانے کے تمام امورکا نگراں ہوتا ہے۔ خانساماں یا باورچی کے فرائض میں کھانوں کا معیار، ذائقے کو برقرار رکھنا، کھانوں کی تیاری اور ان کو پیش کرنا شامل ہیں۔ کھانا تیار کرنے کے لیے آلات اور سامان کی خریداری ، موسم اورتہوار کی مناسبت سے کھانوں کا انتخاب اوران کی قیمتوں کا تعین بھی خانساماں کی ذمہ داری ہے۔
مزید شعبے جن میں آپ ملازمت حاصل کر سکتے ہیں ان میں کچن اسسٹنٹ،ویٹر ،کاؤنٹر سروس اسسٹنٹ ،ہوٹل ریسیپشنسٹ،روم اٹینڈینٹ ،ہوٹل پورٹر وغیرہ شامل ہیں ۔

ذاتی خصوصیات اورصلاحیتیں
ہوٹل منیجر سے لے کر ایک پورٹربننے تک، بیش تر عملے کا مہمانوں سے براہِ راست یا بالواسطہ تعلق رہتا ہے۔ خوش گفتاری، خوش مزاجی، لوگوں سے میل جول میں دلچسپی، شائستہ، مہذب اوربا اخلاق ہوناوہ بنیادی خصوصیات ہیں جواس پیشے میں آنے والوں کی اولین ضرورت ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف کاموں کی نوعیت کے اعتبار سے انتظامی صلاحیت کے حامل، منظم طور پر کام کرنے والے، بہتر منصوبہ ساز اور اپنے کام سے دلچسپی رکھنے والے افراد، اس پیشے میں کامیاب رہتے ہیں۔ پورٹر اور ویٹر کی ذمہ داریاں انجام دینے والوں کو جسمانی طور پر بھی مضبوط ہونا چاہیے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں