پنجاب کے وزیراطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو آج جس بدترین صورتحال کا سامنا ہے وہ سابق حکمرانوں کی بدعنوانی، عیاری اور غلط حکمت عملی کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کوجولگی تھی بیماری اس کانام ہے زرداری۔
پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کے ایک ٹوئیٹ کے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے مہنگائی کا جواب مانگنے والے بلاول بھٹو پہلے اپنے والد کی عیاری اور بدعنوانی کا حساب دیں کہ کس طرح انہوں نے ماڈل ایان علی اور دیگر اداکاراؤں کے ذریعے ملکی دولت باہر بھجوائی قومی خزانے کو بیدردی سے لُوٹا، قومی خزانے کو جو بیماری لگی تھی اس کا نام زرداری ہے اور اس بیماری کا بوجھ ایان علی اور اس طرح کی ماڈلز اور اداکارائیں اٹھائی پھرتی تھیں.
واضح رہے کہ فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک گزشتہ بیان میں بھی آصف زرداری کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ھوئے کہا تھا کہ ایک طرف پیپلز پارٹی والے اپنے لیڈر کی وکالت کررہے ہیں کہ آصف زرداری کا جعلی اکاؤنٹس سے کوئی تعلق نہیں دوسری طرف آصف زرداری خود میڈیا کے سامنے آکر اپنے منہ سے کہتے ہیں کہ ہاں اکاؤنٹس میں نے بنائے ہیں۔