عدالت عظمیٰ نے وفاقی حکومت کو صنعتی کارکنوں کو ورکرز ویلفیئر فنڈز سے 17 جنوری تک تمام ادائیگیاں کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر حکومت یہ کام نہیں کرے گی توعدالت یہ کام کسی تیسرے فریق سے کرائے گی‘عدالت وفاقی حکومت سے بالکل خوش نہیں‘غبن نظر آیاتومعاملہ نیب کو بھجوایاجائے گا۔
عدالت نے وفاقی حکومت کو ڈیتھ گرانٹ ،میرج گرانٹ اور سکالر شپ گرانٹ ترجیح بنیادوں پر جاری کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔جسٹس شیخ عظمت سعید نے اظہارِبرہمی کرتے ہوئے کہا کہ میرج اور ڈیتھ گرانٹس کیوں جاری نہیں کی گئیں کیا ورکرز عزیزوں کی نعشیں سیکریٹریٹ لائیں کہ گرانٹ نہیں ملی،کسی کی بچی کی شادی کتنے عرصے تک روکی جاسکتی ہے۔
جمعرات کو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو سیکرٹری خزانہ اور سیکریڑی سمندرپار پاکستانیز پیش ہوئے۔