ممتاز سکالر ، مصنفہ ، شاعرہ اور کالم نگار محترمہ ڈاکٹر بشریٰ تسنیم ” بادبان “ سے وابستہ ہوگئیں۔ اب آپ قلب و روح کو مسخر کرنے والی ان کی تحریریں اور افسانے، باقاعدگی سے بادبان ڈاٹ کام پر پڑھا کریں گے۔
ڈاکٹر بشریٰتسنیم درجن بھر کتابوں کی مصنفہ خواتین کی ملک گیر ادبی تنظیم ” حریم ادب “ کی رکن ہیں، وہ چھ برس تک اس کی سیکرٹری بھی رہ چکی ہیں، اس کے علاوہ ” ادارہ بتول “ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی ممبر بھی ہیں ۔ وہ میگزین ” حریم “ کی ایڈیٹر بھی رہی ہیں ۔ اور کئی میگزینز میں باقاعدگی سے کالم لکھتی رہی ہیں۔
ڈاکٹر بشریٰ تسنیم نو برس کی تھیں جب پہلی تحریر لکھی جو بچوں کے میگزین میں شائع ہوئی، تب سے اب تک وہ ایسی تحریریں لکھ رہی ہیں جو معاشرے کے تمام افراد پر دین کی خوبصورتی کو واضح کرتی ہیں۔ ان کا بنیادی مقصد لوگوں کو بتانا ہے کہ وہ کیسے ایک خوشگوار زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ لکھنے کا شوق ہی تھا جس کے سبب انھوں نے گریجویشن میں صحافت پڑھی۔
محترمہ بشریٰ تسنیم ممتاز اسلامی سکالرز حافظ عبدالسلام مدنی ( فاضل مدینہ یونیورسٹی) اور مولانا عبدالوکیل علوی کی شاگردہ ہیں۔ اب خود ڈاکٹر بشریٰ تسنیم کی شاگرد ہزاروں خواتین پاکستان، بھارت، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ،قطر ، امریکا اور برطانیہ میں معاشرے کی بہتری کے لئے کام کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر بشریٰ تسنیم برطانیہ میں مقیم تھیں جب وہ ’ مسلم ریڈیو اسٹیشن ‘ کے مختلف پروگرامز میں باقاعدگی سے بحیثیت مہمان شریک ہوتی تھیں۔ اسی طرح وہ دیگر مختلف ممالک میں سیمینارز میں شرکت اور مقالات پیش کرتی رہیں۔
دعوت و تربیت کے میدان میں شبانہ روز جدوجہد کے علاوہ محترمہ بشریٰ تسنیم باقاعدہ ہومیوپیتھک ڈاکٹر بھی ہیں، اللہ تعالیٰ کا اس معالج پر خصوصی فضل و کرم ہے کہ دور دراز سے مریض ان کے پاس آتے ہیں اور شفایاب ہوکر جاتے ہیں۔
ایک تبصرہ برائے “ڈاکٹر بشریٰ تسنیم ” بادبان “ سے وابستہ ہوگئیں”
ماشاءاللہ۔۔بارک اللہ.. اللہ کرے دونوں ب ایک دوسرے کے لیے منفعت کا باعث بنیں