خاتون کا مزاحیہ انداز

” ٹوٹکے اور نسوانی گروپ “

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

آصفہ عنبرین قاضی :

ٹوٹکے پوچھنا خواتین کا پسندیدہ مشغلہ ہے اور اکثر ٹوٹکے کارگر بھی ثابت ہوتے ہیں۔ فیس بک کی بدولت ایسے گروپ بھی بن گئے ہیں جہاں خواتین مسائل کا حل تلاش کر لیتی ہیں لیکن بعض بھولی خواتین ایسے سوال کرتی ہیں جن پر صدقے واری ہونے کو دل کرتا ہے۔

” بہنو! ابھی مٹر چھیلے دانے بہت ہی چھوٹے نکلے ہیں، کیا کروں؟
اب مٹروں کو برائلر کے ٹیکے، کمپلان یا نیڈو پلانے سے تو رہے، لیکن بہنیں سارے کام چھوڑ کے مٹروں کو موٹا تازہ کرنے کے لیے سر جوڑ کے بیٹھ جاتی ہیں۔

اکثر سوالوں کے جواب آ نے کے بعد بھی سب نے باجماعت وہی بات دہرانی ہے، جو ایک سیانی بتا چکی ہوتی ہے۔
” بہنو ! یہ بتائیے جمعے والے دن کون سا دن بنتا ہے، میں نے میکے جانا ہے ؟“
اب سب نے جمعہ ، جمعہ ، جمعہ لگا رکھی ہے، اور پوچھنے والی میکے بھی چلی گئی،اور پلٹ کر نہیں دیکھا۔ گروپ میں جمعہ بازار دو دن تک کھلا رہتا ہے ۔

کچھ اسی قبیل کے سوالات ملاحظہ کیجیے:

میرے کُکر کی سیٹی بدل گئی ہے ، کیا کروں؟ پہلے سی سی سی کرتی تھی، اب سُوووووں سُوووں کرتی ہے؟

۔ نظر کا دم کرائیں بہن، سیٹی کو دو دن ٹریفک وارڈن کے پاس رکھوائیں۔
۔ اب اس میں قربانی کا گوشت پکانا بند کر دیں ، کچھ دن دال بنائیں۔
۔ سالن ہنڈیا میں بنائیں اور خود ساتھ سیٹی بجاتی رہیں، ککر والی فیلنگ آئے گی ۔
۔ ہمارے ککر کو بھی یہی مسئلہ تھا، ساس نے اس میں دیسی کُکڑ بنایا تب سے سیٹیاں نہیں اذانیں دیتا ہے۔
۔ جزاک اللہ بہنو

پرسوں میرے بھائی کی شادی ہے اور میں نے غلطی سے ناخن کاٹ لیے ہیں، جلدی بتائیے میں کیا کروں؟ ( ناخن نہ ہوئے نٙس ہوگئی)

جوابات: بھائی کی شادی ایک ماہ تک کینسل کرادیں۔
۔ دستانے پہن لیں بہن ، یا منہ میں انگلیاں داب کے رکھیں۔
۔ ناخن تو حرام ہیں بہن، توبہ توبہ، دوزخ میں جلیں گی آپ تو۔۔
۔ صمد بونڈ سے دوبارہ جوڑ لیں۔
شکریہ بہنو!

میاں کی شلوار استری کر کے ہینگر پر لٹکائی تو وہ گر جاتی ہے، بہنیں حل بتائیں۔

۔ ہینگر پہ لگا کے استری کریں۔
میاں کو؟
نئیں بہن، شلوار کو

۔ ناڑا ڈال کے ہینگر پہ لٹکائیں، اور میاں سے کہیں ہینگر کو ساری رات پکڑ کے رکھیں۔
۔ استری کر کے تار پہ لٹکا دیں
۔ شکریہ بہنو، آپ نے میری مشکل حل کر دی۔

مہمان آئے ہیں لیکن چاول زیادہ گل گئے،جلدی حل بتائیں۔

۔ ایک گلاس پانی ڈال کے ملیدہ بنا لیں، روٹی کے ساتھ پیش کریں۔
۔ چالوں کو کونڈے میں کوٹ کے ان کی پنیاں بنالیں اور کوفتوں کی طرح مسالے میں ڈال لیں۔
( مہمان گولہ پلائو کھا کے جا بھی چکے ، بہنیں رات گئے تک کھچڑی کی کھڑی بریانی بنانے کے گُر بتانے میں مصروف)

میں سیدھی لیٹوں تو الٹی ہو جاتی ہوں، الٹی لیٹوں تو سیدھی ۔۔۔۔ بتائیے کیا کروں؟

۔ آڑھی یا ترچھی لیٹیں
۔ الٹی کی دوائی لیں۔
۔ میری تائی کو یہی مسئلہ تھا۔ ایک عطائی نے دوائی بتائی۔ اب فالج کے بعد ٹھیک ہو گیا ہے۔ نسخہ ان باکس کر دیا ہے۔

مجھے ہچکی لگی ہے ، فوراً روکنے کا طریقہ بتائیں، پلیز؎

۔ بادیان کے بیج لیں ( پنساری سے مل جائیں گے) پپیتے کا رس نکال کر پھینک دیں، دو چٹکی میٹھا سوڈا اور ایک مٹھی سرف میں بادیان بھون لیں اور پلاسٹک کی شیشی میں محفوظ کر لیں، جہاں پر آپ نے پپیتے کا رس پھینکا تھا وہاں سے سلپ ہونے کے بعد ہچکی ٹھیک ہو جائے گی۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں