سلیم صافی :
یہ 1988کا تذکرہ ہے۔ تب میاں نوازشریف، مقتدر حلقوں کےاسی طرح لاڈلے تھے، جس طرح ان دنوں عمران خان ہیں اور ان سے پیپلز پارٹی کے خلاف وہ کام لیاجارہا تھا جو اس وقت مسلم لیگ(ن) وغیرہ کے خلاف خان صاحب سے لیا جارہا ہے۔
انتخابات کے بعد صورت حال ایسی بن گئی کہ نواز شریف صرف اس صورت میں وزیراعظم بن سکتے تھے کہ مولانا کے ووٹ بھی ان کو جاتے
۔ مولانافضل الرحمٰن نے مفتی محمود مرحوم کی رحلت کی بعد سیاست جنرل ضیا الحق کی مخالفت اور جیل سے شروع کی تھی اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں ایم آر ڈی کا حصہ رہ کر جنرل ضیا کی آمریت کی مزاحمت کررہے تھے۔ انتخابی نتائج آنے کے بعد جنرل اسلم بیگ نے انہیں مبارکباد کی آڑ لے کر ڈی آئی خان فون کیااور طریقے سے یہ خواہش ظاہر کی کہ وہ نواز شریف کا ساتھ دیں۔
اگلے دن میاں نواز شریف ان کے پاس پہنچ گئے اور ساتھ دینے کی صورت میں ہر طرح کا لالچ دیا۔
مولانا کا اصرار تھا کہ چونکہ وہ(نوازشریف) ضیا الحق کے کیمپ کے آدمی ہیں، اس لئے وہ یہ یوٹرن نہیں لے سکتے۔ چند روز بعد مولانا نے وزیراعظم کے انتخاب کے لئے کسی کی حمایت یا مخالفت کرنے کے فیصلے کے لئے اپنی جماعت کی شوریٰ کا اجلاس لاہور میں طلب کیا۔
اجلاس سے ایک روز قبل انہیں اچانک سعودی عرب سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کی کال آئی کہ کل لاہور میں ان کا نمائندہ ان سے ملنا چاہتاہے۔ درمیان میں خالد خواجہ وغیرہ بھی آگئے۔
چند لمحے بعد مولانا کو اس سعودی کا فون آیا، جس کا ذکر رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری نے کیا تھا۔ان کا نام شیخ صواف تھا( اسی شیخ صواف کے بارے میں بعض لوگوں نے یہ غلط مشہور کررکھا تھا اور خود میرا بھی ابتدا میں یہ خیال تھا کہ وہ اسامہ بن لادن تھے)۔
یہ میٹنگ لاہور کے فائیو اسٹار ہوٹل کے ایک کمرے میں ہوئی اور کچھ لوگ کہتے ہیں کہ دوسرے کمرے میں خود میاں نواز شریف بھی موجودتھے۔ شیخ صواف نے مولانا فضل الرحمٰن سے کہا کہ وہ میاں نواز شریف کو سپورٹ کریں۔
یہ دلائل بھی دئیے کہ عورت کی حکمرانی اسلام میں حرام ہے اور اگر انہوں نے یہ کام کیا تو وہ پورے عالم عرب کے علما سے مولانا کے حق میں بیانات دلوادیں گے کہ انہوں نے عورت کی حکمرانی کا راستہ روکا۔ مولانا نے یہ کہہ کر ان سے معذرت کرلی کہ یہ فیصلہ ان کی شوریٰ نے کرنا ہے۔
اس دوران شیخ صواف نے اشاروں کنایوں میں انہیں کروڑوں ریال کی بھی پیشکش کی جس کا مولانا نے برا منایا۔
دوسری طرف جنرل حمید گل نے بھی تمام حربے استعمال کئے لیکن مولانا فضل الرحمٰن نے میاں نواز شریف کو ووٹ نہ دے کر بے نظیر بھٹو کی حکمرانی کا راستہ ہموار کیا۔
اس کے بعد صدارتی الیکشن کا مرحلہ آیا تو جنرل اسلم بیگ نے انہیں گھر بلا کر غلام اسحاق کو سپورٹ کرنے کا کہا لیکن مولانا نے نوابزادہ نصراللہ کو کھڑا کیا۔
یہ تھے ابتدائی دنوں کے مولانا فضل الرحمٰن جو اپنے اسلاف کی طرح اسٹیبلشمنٹ کی مخالف سمت میں چل رہے تھے تاہم جب افغانستان میں دیوبندی طالبان اسٹیبلشمنٹ کے فیورٹ بنےتو مولانا فضل الرحمٰن کی نہ صرف دوستی ہوگئی بلکہ انہوں نے ان کے ساتھ جوڑتوڑ اور مصلحتوں کی سیاست شروع کی اور 2018تک کرتے رہے لیکن الیکشن کے بعد مولانا دو وجوہات کی وجہ سے برہم ہوئے۔
ایک تو وہ سمجھتے ہیں اور ٹھیک سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھ دھوکہ دہی اور دھاندلی سے کام لیا گیا۔ دوسرا وہ عمران خان کے بارے میں سازشی تھیوریز پر یقین رکھتے ہیں۔ 2018کے انتخابات کے بعد جب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) اپنی اپنی ڈیل کی کوششوں میں مصروف تھیں، مولانا فضل الرحمٰن عمران خان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف تسلسل کے ساتھ اپوزیشن کرتے رہے۔
گزشتہ سال وہ اسلام آباد دھرنا دینے آئے اور اب ان کی ناراضی میں یہ بات بھی شامل ہوگئی ہے کہ جن وعدوں کی بنیاد پر ان کو اٹھایا گیا، وہ پورے نہیں ہوئے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی ڈیلیں ناکام ہوئیں تو پیپلز پارٹی آگے بڑھی اور اے پی سی بلاکر اورپی ڈی ایم تشکیل دے کر مولانا فضل الرحمٰن کو اس کاصدر بنادیا۔ ابتدا میں دونوں جماعتوں نے بڑا جارحانہ رویہ اپنایا۔
میاں صاحب نے نام لینے شروع کئے اور پیپلز پارٹی نے پختون تحفظ موومنٹ کے محسن داوڑ تک کو پی ڈی ایم میں شامل کرایالیکن جب پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے ہوئے تو وہ پھرمصلحت کی سیاست پر اتر آئی۔
اب مسلم لیگ(ن) پر محنت ہورہی ہے اور بڑی حد تک وہ بھی ڈانواں ڈول ہوگئی ہے لیکن مولانا کا لہجہ دن بدن تلخ ہوتا جارہا ہے۔
کوشش یہ ہورہی ہے کہ مولانا کو تنہا کرکے ان کے ساتھ حساب برابر کیا جائے لیکن ایک تو مولانا اس مرتبہ مکمل تنہا کبھی نہیں ہوں گے اور دوسرا مولانا کوجو نقصان ہوگا سو ہوگا لیکن اگر ان کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی تو یہ عمل جتناعمران خان کے لئے فائدے مند ہوگا، اتنا ریاست کے لئے نقصان دہ ہوگا۔
اس وقت قبائلی اضلاع اور بلوچستان میں یا تو پی ٹی ایم کا بیانیہ چل رہا ہے یا پھر بلوچ قوم پرستوں کا۔ ابھی تک دونوں فالٹ لائنز میں میں ان قوتوں کو جے یو آئی کارنر کررہی تھی کیونکہ وہ اسلام اور پاکستان کی بات کررہی تھی۔
اب اگر مولانا بھی منظور پشتین، محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل جیسی زبان استعمال کرنے لگے تو ان علاقوں میں ریاست کا دفاع کرنے والی سیاسی قوت کوئی نہیں رہ جائے گی۔
تبھی میں عرض کرتا ہوں کہ عمران خان کو تو فائدہ ہوگا لیکن ریاست کو نقصان ہوگا۔
ابھی تو مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی جیسی قومی اور مجبور جماعتوں کی وجہ سے مولانا اور قوم پرست لیڈروں کا بیانیہ کافی نرم ہوجاتا ہے لیکن اگر پی ڈی ایم سے قومی جماعتوں کی یہ چھتری ہٹ گئی تو ریاستی اداروں سے متعلق ان لوگوں کا لہجہ اور عمل مزید تلخ ہونا بعید از قیاس نہیں۔
یہ بات بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ مولانا فضل الرحمٰن نسلاً افغان ہیں، ان کا ناصر قبیلہ ماضی میں افغانستان سے ڈی آئی خان منتقل ہوا تھا۔ گزشتہ بیس برسوں میں ہم نے مولانا کو حامد کرزئی طرز کی سیاست کرتے دیکھا ہے لیکن اگر ان کو دیوار سے لگایا گیا تو خاکم بدہن، وہ ملا عمر بن سکتے ہیں۔
اس لئے میری گزارش ہے کہ مولانا کو حامد کرزئی رہنے دیا جائے، ملا عمر بننے پر مجبور نہ کیا جائے۔ باقی مرضی ہے پاکستان میں اپنی مرضی چلانے والوں کی۔