اندھیری رات ، اکیلے ڈرائیو

ڈئیرسوسائٹی ! کیا پابندیاں صرف عورت کےلیے ہیں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

سائرہ فاروق :

میں جس علاقے سے تعلق رکھتی ہوں ، وہاں سات بجے دکانیں بند ہو جاتی ہیں اورسردیوں میں مغرب کی اذان کے بعد شہر سنسان ہو جاتا ہے ۔ میں کہیں پر بھی ہوں لیکن شام ہونے سے پہلے گھر لوٹتی ہوں اور اکیلے گھر سے باہر نکلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

لیکن ایک رات میرے ابا جی کے سینے میں شدید تکلیف اٹھتی ہے ـ یہ آدھی رات کا وقت ہے ـ انھیں گاڑی میں ڈالتے ہوئے اور گیٹ سے باہر نکلنے سے پہلے صرف ایک لمحے کےلیے گیٹ پر رکی، گاڑی کی ونڈ سکرین کے باہر بہت خوفناک اندھیرا محسوس کرتے ہوئے جھرجھری سی آئی ۔

لیکن جب بیک سائیڈ پر میری بہت پیاری جان کی کراہیں تھیں تو بلاتامل مین شاہراہ پر گاڑی موڑ دی ۔

اگرچہ میں پاکستان کے سب سے مشہور اور مصروف شاہراہ، شاہراہ ریشم پر گاڑی دوڑا رہی تھی جو کہ کوئی بہت ” محفوظ “ روڈ نہیں ہے، اکیلے نکلنے پر مجھے اس بات کا مکمل ادراک تھا۔

لاہور ریپ واقعہ اور اس پر تبصروں نے مجھے یہ واقعہ یاد دلایا تو میں سوچ میں پڑ گئی ہوں کیونکہ پہلے تو سماج تعین کر چکا ہے کہ عورت کا لباس کیسا ہوناچاہیے اور یہ لباس والی بات بھی گھسی پٹی سی ہو گئی۔

اب اس کی جگہ نئی بات سننے کو مل رہی ہے کہ عورت کو رات کے وقت گھر سے نہیں نکلنا چاہیے گویا اس کا تعین بھی معاشرہ کر چکا ہے،شاوا۔

اگر گھر میں کوئی ناگہانی آتی ہے تو آدھی رات کو عورت گھر سے باہر نہیں نکلے، بھلے کوئی مرتا ہے تو مر جائے کیونکہ عام آدمی کی فیملی تو میٹر کرتی ہی نہیں آپ کی نگاہ میں!
لیکن پھر آپ بھی کوئی گارنٹی دیجئے نا صاحب!
صبح نکلتے ہوئے ، یونیورسٹی جاتے ہوئے ، بس میں ، کسی شاہراہ پر کھڑے یا گھر لوٹتے ہوئے کسی بھی عورت کا ریپ نہیں کیا جائے گا..!!

آپ بھی گارنٹی دیجیے نا کہ مر جانے کے بعد ، قبر کھود کر بد بخت عورت کے مردہ جسم کو نوچا نہیں جائے گا۔
اگر آپ گارنٹی دیتے ہیں تو پھر عورت بھی لباس اور آپ کے بتائے ہوئے وقت کے مطابق گھر سے باہر نکلے گی۔

( محترمہ سائرہ فاروق ایک ایسی مصنفہ ہیں جن کے قلم سے تاثیر ٹپکتی ہے۔ ایسے حساس موضوعات پر لکھتی ہیں، جن پر کوئی دوسرا لکھنے کی ہمت نہیں کرتا، اور وہ اس خوبصورت انداز میں لکھتی ہیں کہ کوئی دوسرا کیا لکھے گا۔ ان کا سوشل چینج کے نام سے ایک بلاگ بھی ہے۔ )


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں