رائے عامہ کے ایک حالیہ جائزے سے پتہ چلتا ہےکہ پاکستانی عوام کی اکثریت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ پاکستان میں سب سے غیرمقبول وفاقی وزیر شیخ رشید احمد ہیں۔ ملک بھر میں سب سے زیادہ انھیں تنقید کا سامنا ہے۔ پاکستانی قوم ان کی کارکردگی سے سخت متنفر ہے۔
پلس کنسلٹنٹ سروے میں عوام کی اکثریت وفاقی وزرأ اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی سے غیر مطمئن دکھائی دیتے ہیں ، سروے میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید پر سب سے زیادہ تنقید کی گئی اور 46 فیصد نے ان کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز سے 44 فیصد پاکستانی ناخوش ہیں جبکہ 42 فیصد نے حفیظ شیخ ، 38 فیصد نے شاہ محمود قریشی کو برا کہا۔
صوبائی حکومتوں سے متعلق سروے میں سب سے زیادہ تنقید سندھ حکومت پر کی گئی اور 60 فیصد سندھ کے شہری سندھ حکومت سے غیر مطمئن ہیں ۔ 51 فیصد خیبرپختونخوا ، 47 فیصد پنجاب ، 37 فیصد بلوچستان میں حکومتوں سے غیر مطمئن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی صوبائی حکومتیں اپنی کارکردگی سے عوام کی اکثریت کو مطمئن کرنے میں کامیاب نہیں ہوئیں ۔ اس بات کا انکشاف پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں ہوا جس میں 2 ہزار سے زائد افراد نے ملک بھر سے حصہ لیا۔ سروے 21؍ اکتوبر سے 27 اکتوبر 2020ء کے درمیان کیا گیا۔
سندھ حکومت 60 فیصد غیرمطمئین ، 19 فیصد مطمئن
سروے میں سب سے زیادہ تنقید صوبہ سندھ کی حکومت پر ہوئی جس کی کارکردگی کو 60؍ فیصد افراد نے غیر تسلی بخش قرار دیا جبکہ 19 فیصد نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔17؍ فیصد نے درمیانہ موقف اختیار کیا جبکہ 4 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا ۔
خیبرپختون خوا 51 فیصد ناخوش، 41 فیصد خوش
جس کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی سے سروے میں 51؍ فیصد افراد ناخوش نظر آئے ۔ جبکہ 41؍ فیصد نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہا ر کیا جبکہ 07؍ فیصد نے کارکردگی کو نہ اچھا نہ برا کہا ۔
پنجاب حکومت 47 فیصد غیرمطمئن ، 34 فیصد مطمئن
عثمان بزدار کی سربراہی میں چلنے والی پنجاب حکومت کی کارکردگی سے سروے میں 47؍ فیصد افراد ناراض نظر آئے اور اس کی کارکردگی کو برا کہا جبکہ 34؍ فیصد نے کارکردگی کو سراہا ۔ 16؍ فیصد نے درمیانہ موقف اختیار کیا جبکہ 3 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔
بلوچستان حکومت 37 فیصد مطمئن، 35 فیصد غیرمطئن
بلوچستا ن حکومت کی کارکردگی سے سروے میں 37؍ افراد مطمئن تو 35؍ فیصد غیرمطمئن دکھائی دیئے۔ 20؍ فیصد نے کارکردگی پر درمیانہ موقف اختیار کیا۔ جبکہ 8 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔
شیخ رشید
سروے میں سب سے زیادہ تنقید وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کی کارکردگی پر ہوئی ۔ جسے 46 فیصد نے غیر تسلی بخش قرار دیا ۔ 26 فیصد نے ان کی کارکردگی کو سراہا ۔ جبکہ 18 فیصد نے ان کی کارکردگی کو نہ اچھا نہ برا کہا ۔ جبکہ 10 فیصد نے اس پر کوئی رائے دینے سے گریز کیا۔
شبلی فراز
وزیر اطلاعات شبلی فراز کی کارکردگی سےسروے میں 44؍ فیصد افراد غیر مطمئن نظر آئے ۔ جبکہ 25فیصد نے مطمئن ہونے کا کہا ۔21 فیصد نے کارکردگی پر درمیانہ موقف اختیار کیا جبکہ 10 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔
حفیظ شیخ
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی کارکردگی کو 42 فیصد افراد نے برا تو 26؍ فیصد نے اچھا کہا ۔ 22 فیصد نے کارکردگی پر درمیانہ موقف اختیار کیا جبکہ 10فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔
شاہ محمود قریشی
سروے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کارکردگی سے 38؍ فیصد افراد غیر مطمئن نظر آئے جبکہ 30 فیصد نے کارکردگی کو سراہا ۔ 24؍ فیصد نے کارکردگی کو نہ برا نہ اچھا کہا جبکہ 07 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔