سمیرا غزل :
کلاس میں ایک متاثر کن شخصیت داخل ہوتی ہیں۔ پیاری سی مسکراہٹ ہے، سادہ سی ہیں، سادہ مگر نفیس لباس زیب تن ہے۔ سادگی میں حسن ہے۔ ” واہ ! ماشاء اللہ “ دل نے بے اختیار کہا۔
مگر یہ ہیں کون؟ یہی خیال سیکنڈ کی رفتار سے آرہا ہے، کیوں کہ عمر کے اعتبار سے وہ ٹیچر کم اور طالبہ زیادہ دکھائی دے رہی تھیں۔
مگر اب وہ روسٹرم تک پہنچ گئی ہیں ، گفتگو کا آغاز کرتی ہیں، بات کرتی ہیں تو گویا منہ سے پھول جھڑتے ہیں۔ اور اب تعارف شروع ہوگیا ہے تو پتا چلتا ہے کہ آپ ہماری خارجہ پالیسی کی ٹیچر ہیں۔ گریس فل سی میم نوشین وصی۔
آپ ان چہروں میں سے ہیں جو بھلائے نہیں بھولتے۔
لیکچر دیتے ہوئے اتنا ٹھہرائو کہ حرف بہ حرف بات سمجھ میں آجاتی۔ آپ سے ڈر اور خوف کی گنجائش ہی نہیں تھی۔ آپ ہر سوال اور ہر سوال کے جواب پر مسکرانے کی عادی تھیں۔
آپ کو اپنی تمام تر نرم مزاجی کے باوجود کلاس کو کبھی بھی سختی کے ساتھ اپنی طرف متوجہ نہ کرنا پڑتا اور کسی دن کلاس میں شور ہوتا بھی تو آپ کی انتہائی آرام سے دی گئی معصوم سی دھمکی میں ہی کلاس میں سناٹا طاری ہوجاتا کہ ” ٹھیک ہے میں کلاس آف کردیتی ہوں “ ایسا ویسے ایک یا دو بار ہی ہوا۔
شاگردوں سے رسمی رشتہ نہیں تھا آپ محبت کرتی تھیں ہم سب سے۔ اسائنمنٹ دیتے ہوئے وقت اور کتابیات کے حوالے سے بہت سہولت فراہم کرتیں۔
ایک بار ایک اسائمنٹ کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا جو ہم نے ایک ہفتے ہی میں جمع کرادیا تو اتنی حیران ہوئیں اور خوش بھی، شاباش بھی دی پھر اس اسائمنٹ میں جب 20 میں سے 18 نمبر آئے تو سوچا کہ کچھ دن اور محنت کرلیتے تو شاید پورے 20 ہی آجاتے۔
ہر مشکل ہر موقع پر اپنا تعاون فراہم کرنے والی ہر دل عزیز میم نوشین وصی ان اساتذہ میں سے ہیں جو ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔
اس وقت آپ میں کیا تبدیلی آ گئی ہو؟ کس پوسٹ پر ہوں؟ فی الحال رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے اس کا اندازہ نہیں ہے مگر یہ یقین ہے کہ آپ آج بھی اپنے طلبا و طالبات سے ویسی ہی محبت کرتی ہوں گی۔ ویسی ہی مخلص ہوں گی۔ ویسا ہی تعاون کرتی ہوں گی جیسا ہم سے کیا۔ اور اسی طرح ایک خوبصورت مسکراہٹ آپ کے چہرے پر سجی رہتی ہوگی جس سے آج بھی آپ کے چہرے پر نور کا ہالہ بنا رہتا ہوگا۔
یقیناً آج بھی شعبہ بین الاقوامی تعلقات آپ کے علم کی روشنی اور محبت کے چراغوں سے جگمگاتا ہوگا۔