کراچی، پانی میں ڈوبی بس پر مسافر چڑھے ہوئے ہیں

بارش میں پھنسے انسانوں کی مدد کرنے والوں کو ایک پاکستانی بیٹی کا سلام

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

بنت شیروانی :

کراچی میں بارشوں کے بعد چمکتی ہوئی دھوپ نکلی تو ذرا سکھ کا سانس لیا لیکن پھر معلوم ہوا کہ گلشن حدید وغیرہ کے علاقوں میں تیز بارش ہورہی ہے۔ پھر نظروں کے سامنے وہ ڈوبتی گاڑیاں آئیں اور محسوس ہوا کہ اپنا دل بھی ڈوبے جارہا ہے۔

پھر چند لمحوں بعد ہی کسی نے وہ ویڈیوز بھیجیں جس میں لوگ ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں، کئی شہروں میں پاک فوج کے جوان پانی میں پھنسے ہوئےافراد کو پانی میں سے نکال رہے ہیں ۔ ایک ریسٹورنٹ کی طرف سے پوسٹر آیا ہوا تھا کہ بارش میں پھنسے افراد بن کباب، رول پراٹھا اور پانی ہمارے ہاں سے مفت میں لے جائیں۔ الغرضیکہ سارے افراد اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کی پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں مصروف نظر آئے۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ ان گنت تصویریں الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں کی بھی دکھائی دیں۔

میرا ان تمام افراد کو سلام کرنے کو دل چاہا ۔ ہر وہ فرد جو دوسرے کی جسمانی یا مالی لحاظ سے مدد کر رہا تھا وہ کردار میں بہت بڑا لگا ۔ مجھے ایک گھر کی وہ عورت بھی بہت عظیم لگی جو ایک ٹرے چاول پڑوس میں اس لیے بھجوا رہی تھی کہ ان کے گھر پانی آگیا تھا۔

دل چاہا ’ الخدمت فائونڈیشن ‘ کے رضاکاروں سے اور لوگوں کی مدد کرنے والے عمومی شہریوں سے پوچھوں کہ کیا دل نہیں کر رہا اس برستی بارش میں پکوڑے کھانے کو، کیفے پیالہ کی چائے پینے کو؟؟
مسلسل امدادی کاموں میں مصروف افراد کا جی تو چاہ رہا ہوگا نا کہ آرام کر لیاجائے؟؟؟
باہر نکلتے وقت ماں ، بہن ، بیوی یا بیٹی میں سے کسی نے انھیں محبت سے کہا ہوگا کہ نہ جاؤ باہر ، اس تیز بارش میں کہ کہیں بخار نہ ہوجائے؟ جسم نے بھی درد کی شکایت کی ہوگی؟

لیکن یہ لوگ اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لئے اپنا آرام ، نیند قربان کر کے سڑکوں پر لوگوں کی گاڑیاں نکالنے یا کہیں ضرورت مندوں میں کھانا بانٹنے میں مصروف ہیں ۔ اپنی سی کوشش کر کے انھیں پریشانیوں سے نکالنے میں اپنا تن من دھن ایک کر رہے ہیں۔

اور اس وقت اس پاکستان بالخصوص کراچی کے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی سلام کرنے کو دل چاہا کہ یہ لوگ بھی اپنی اپنی جگہ مزید کام کر رہے ہیں۔

اور ہر اس شخص کو سلام جس نے اس مشکل وقت میں دوسروں کے لۓ کچھ اچھا کیا،اپنے پاکستانیوں کی مدد کی ، ہر ایسے فرد کے لئے دل سے دعا نکلی کہ اللہ ہر اس شخص کے لیے ڈھیروں آسانیاں پیدا کرے، ان کے ہر عمل کو ریا کاری و شرک خفی سے بچاتے ہوئے اپنے لئے قبول کرے اور ان لوگوں سے راضی ہو جائے۔
کہ یہ لوگ اپنے حصہ کا کام کر رہے ہیں اور امید کی کرن ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں