جویریہ خان :
کیا آپ جانتے ہیں کہ بڑا اداکار کیسے بنا جاتاہے؟ ہمارے یہاں تو اداکاری کی تعلیم و تربیت کو اہم نہیں سمجھا جاتا البتہ کچھ مختلف قسم کے ” جوڑ توڑ“ کو اہم سمجھا جاتا ہے۔ ایسا جوڑ توڑ“جس کا تذکرہ کرنا بھی مناسب نہیں ہے۔ تاہم دنیا بھر میں اداکار اور اداکارائیں ایسے نہیں بنتیں جیسے ہمارے ہاں بنتی ہیں۔
اور پھر مزے کی بات کہ ہمارے ہاں پھوٹنے والے اداکار اور اداکارائیں دنیا کے مختلف بڑے اداکاروں اور اداکارائوں سے حسد اس قدر کرتی ہیں کہ خدا کی پناہ!
کچھ عرصہ پہلے پاکستان ٹیلی ویژن نے ترک ڈرامہ سیریل ” ارطغرل غازی “ کو اردو میں ڈب کرکے نشر کرنا شروع کیا تو پاکستان میں اس کی مخالفت میں دو چار آوازیں بلند ہوئیں۔ یہ سب لوگ ایسی تھے جو اداکاری کے نام پر کچھ اور ہی کرتے رہتے ہیں، انھیں اداکاری کی الف بے کا پتہ نہیں، البتہ وہ ارطغرل غازی پر
پر تنقید کرنے لگے۔
میرا ان دو چار لوگوں کو مشورہ ہے کہ ڈرامہ ” ارطغرل غازی “ دیکھیں اور اس سے سبق سیکھیں کہ ڈرامہ ہوتا کیا ہے؟ اداکاری کسے کہتے ہیں؟ پاکستان میں ڈرامے اور فلمیں بنانے والوں کو بھی یہ ڈرامہ دیکھناچاہئے بالخصوص سید نور جیسے لوگوں کو۔
ایسے لوگوں کے لئے ” ارطغرل غازی “ کا ہیرو انگین آلتان دوزیاتان ایک روشن مثال ہے، انھیں اس کے بارے میں جاننے کی کوشش کرنی چاہئے، وہ کیسے اس مقام پر پہنچا کہ امریکا سے ایشیا تک ” ارطغرل غازی “ میںاس کے کردار کی دھوم مچی ہوئی ہے۔
آئیے ! ہم ایسے لوگوں کو بتاتے ہیں انگین آلتان دوزیاتان کے بارے میں چند اہم باتیں۔
چالیس سالہ ’انگین آلتان دوزیاتان‘ کا خاندان یوگوسلاویہ سے ہجرت کرکے ترکی میں آباد ہوا تھا، ان کے والد میولن دوزیاتان اور والدہ گلشن دوزیاتان ہیں۔
انگین آلتان دوزیاتان نے اداکاری اس وقت شروع کی جب وہ ہائی سکول میں پڑھتے تھے۔ ہائی سکول کے بعد تھیٹر کی تعلیم دوکول ایلوز یونیورسٹی (ازمیر) سے حاصل کی۔ جیسے ہی یونیورسٹی کی تعلیم مکمل ہوئی، استنبول چلے گئے جہاں انھوں نے باقاعدہ اداکاری کو بطور پروفیشن اختیار کرلیا۔
اسکرین پر ’انگین آلتان دوزیاتان‘ نے اداکاری کا آغاز2001 ء میں ٹیلی ویژن سلسلے ”رخسار“ سے کیا۔ اب تک 29 ٹی وی ڈراموں میں کام کرچکے ہیں، پہلے چاربرسوں کے دوران وہ معاون اداکار، مہمان اداکار ہی بنتے رہے۔
2005ءمیں پہلی بار ایک ڈرامہ ’قادین ہرزمان حقلیدیر‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اگلے پانچ برسوں کے دوران میں دس ڈراموں میں کام کیا، پانچ میں مرکزی کردار ادا کیا، تین میں معاون اداکار جبکہ دو میں مہمان اداکار بنے۔
پھر اگلے سات برسوں میں (2019ءتک) چھ ڈراموں میں کام کیا، سب میں مرکزی کردار رہے۔ ان میں سے ایک ”دیریلیش ارطغرل“ بھی تھا۔ اسی طرح سترہ فلموں میں کام کیا، زیادہ تر میں ان کا مرکزی کردار رہا۔
’انگین آلتان دوزیاتان‘ نے تھوڑا کام کیا لیکن اچھا کیا۔ تاہم سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ انھوں نے باقاعدہ اس کام کی تعلیم حاصل کی۔ انھوں نے اس پروفیشن میں خوب محنت کی اور ”دیریلیش ارطغرل“ کی ہرقسط میں کام کرنے کے 39 لاکھ پاکستانی روپوں کے برابر معاوضہ وصول کیا۔
اب وہ ایک نئی ڈرامہ سیریل میں کام کرر ہے ہیں، اس میں فی قسط 48 لاکھ روپے پاکستانی کے برابر معاوضہ لیں گے۔
انگین نے 2014 میں نسليشاه الكوشلار سے شادی کی،جن سے ایک بیٹا ایمر اراس دوزیاتان، عمر چار برس اور بیٹی الآرا ، عمر دو برس ہیں۔
انگین کے ایک ہی بھائی ہیں سلیم دوزیاتان۔
انگین آلتان دوزیاتان کہتے ہیں :
” ارطغرل ڈرامہ دراصل ایک شخصیت کی یاد میں بننا شروع ہوا، اس نے لوگوں کی اس قدر زیادہ توجہ حاصل کی کہ جو میرے وہم و گمان میں بھی نہ تھی۔ اس ٹی وی سیریز نے ترکی کی دنیا بھر میں مقبولیت میں خوب اضافہ کیا۔ یہ ہم ترکوں کے لئے بہت اچھی خبر ہے اور ہم اس پر بہت خوش ہیں۔“
جب ان سے پوچھا گیا کہ ارطغرل کی اردو ڈبنگ کے بعد اس کی پاکستان میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ آخر اس کی کیا وجہ ہے؟
انگین کا کہنا تھا ” میرا خیال ہے کہ ترک اور پاکستانی ، دونوں اچھی کہانیوں کو پسند کرتے ہیں۔“
انھوں نے بتایا کہ مجھے ارطغرل غازی کی شخصیت میں ان کا وژن، طاقت، زندگی کے مقاصد بہت اچھے لگتے ہیں۔ غرضیکہ ان کی شخصیت کی تمام خوبیاں ہی بہت پسند ہیں۔ میں بہت خوش ہوں کہ میں نے ان کی شخصیت کو لوگوں کے سامنے پیش کیا۔
ایک تبصرہ برائے “ارطغرل غازی ( انگین آلتان دوزیاتان ) کے بارے میں چند اہم باتیں جو آپ کو معلوم نہیں ہوں گی”
اس میں کوئی شک نہیں کہ ترکی کا یہ ڈرامہ ہر لحاظ سے ماسٹر پیس ھے، لیکن پاکستان میں بھی بہت اچھے اداکار اور مصنف ہیں جیسے کہ فہد مصطفےٰ ،فیصل قریشی ،حنا دلپذیر. یہ وہ اداکار ہیں جو ہر کردار میں باآسانی ڈھل جاتے ہیں۔ خلیل الرحمن قمر، عمیرہ احمد، ظفر معراج ، اصغر ندیم سید، فاطمہ ثریا،انور مقصود امجد اسلام امجد یہ بہت اچھالکھنے والے ہیں۔ ہاں اب معیار گھٹیا ھوگیا ھے تو الگ بات ھے۔