ترکی کے عظیم تاریخی کردار ” ارطغرل غازی“ کو دوبارہ زندہ کرنے والے اداکار انگین آلتان دیوزیاتان نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان کا ذکر آتا ہے تو وہ جذبات کی رو میں بہہ جاتے ہیں۔ ان کا بس نہیں چلتا کہ وہ اڑ کر پاکستان پہنچ جائیں۔
انھوں نے یہ بات انقرہ میں مقیم ممتاز پاکستانی صحافی ڈاکٹر فرقان حمید کو ” یارِ من ترکی” یو ٹیوب چینل کو خصوصی انٹرویو میں کہیں ۔ آوازہ ڈاٹ کام کے مطابق یہ انٹرویو ” پی ٹی وی ہوم “ اور ” ٹی آر ٹی اردو“ سے بھی نشر کیا جائے گا۔
اداکار انگین آلتان دیوزیاتا ن نے کہا کہ پاکستان ترکی کا برادر اور دوست ملک ہے۔ میں پاکستان کا بہت بڑا مداح ہوں۔ پاکستان اور ترکی ویسے بھی ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور دونوں ایک جیسی ثقافتی اقدار اور روایات کے حامل ہیں۔ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں بھی دیکھتے ہیں۔ یہ ان ہی مشترکہ اقدار کا فیض ہے کہ پاکستان کے عوام نے اس ڈرامے میں گہری دلچسپی لی ہے انشاللہ جلد ہی پاکستان پہنچ کر پاکستانی عوام کے رو برو ان سے اپنی محبت کا بھی اظہار کرنا چاہتا ہوں ۔ میں حالات کے بہتر ہونے پر جلد از جلد پاکستان آنا چاہتا ہوں تاکہ پاکستانی عوام کو اپنے گلے لگا کر اپنی محبت اور چاہت کا اظہار کرسکوں ۔ ( کب پاکستان کا دورہ کریں گے؟ تفصیلات انٹرویو میں )۔
انہوں نے پاکستان سے اپنی محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر اور دوست ملک ہے۔ ہم نے اپنا بچپن ، پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کے جذبات کے اظہار میں گزارا ہے۔ ہم اسی برادر ملک کی محبت اور چاہت ہی میں پلے بڑھے ہیں۔ وہ اس سے پہلے بھی پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ایک فلم میں کام کرچکے ہیں۔
( فلم اور پاکستانی اداکاروں سے متعلق تمام معلومات تفصیلی انٹرویو میں )
اگر پاکستان کی فلم انڈسٹری یا ڈرامہ انڈسٹری نے کسی ڈرامہ یا فلم میں رول ادا کرنے کی پیش کش کی تو لازمی طور پر اس پر غور کروں گا اور سینریو میں خواہشات کے مطابق رول ملنے پر برادر ملک پاکستان کے ڈرامہ یا فلم میں کام کرنا میرے لیے اعزاز کا باعث ہوگااور اس طرح پاکستانی عوام کی محبت کا قرضہ بھی چکا دوں گا۔
” ارطغرل غازی “ ڈرامے کے بعد اپنی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنی ذاتی زندگی میں بھی عدل و انصاف کا خیال رکھتا ہوں اور میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ کسی کا دل نہ دکھاوں، کسی کا دل نہ توڑوں۔ (انگین آلتان کسی کا دل توڑنے سے کیوں ڈرتے ہیں؟ تفصیل انٹرویو میں )
انہوں نے ڈرامے میں حلیمہ سلطان اور دوان آلپ کی وفات کے دردناک مناظر کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں سین میرے لیے بھی بڑے دردناک سین تھے۔ دونوں مناظر میں بہنے والے زیادہ تر آنسو اصلی تھے۔ ( انگین آلتان نے کیونکر ان دونوں کرداروں پر ایکٹنگ نہیں کی بلکہ حقیقی رنگ میں بہہ گئے؟ جانیےاس انٹرویو میں)
انہوں نے ” ارطغرل غازی“ ڈرامے کی کامیابی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ اسی ڈرامے میں کام کرتا ہوں جس کی کامیابی کے سو فیصد امکانات ہوتے ہیں۔ اس ڈرامے کو اتنی مقبولیت حاصل ہوگی سوچا تک نہ تھا ۔ (یہ ڈرامہ کیونکر انگین آلتان کی توقعات سے بھی زیادہ کامیاب ہوا ؟ جواب انٹرویو میں )
انہوں نے ذاتی زندگی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار کر خوشی محسوس کرتے ہیں ۔ (کورونا وائرس سے وہ کیونکر خوش ہیں ؟ )
انہوں نے کہا کہ وہ جلد از جلد پاکستان پہنچ کر پاکستان کے عوام سے اپنی محبت کا قرضہ چکانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میرا دل ہے میری جان ہے۔ ( انگین آلتان پاکستانیوں کا کیوں قرضہ چکانا چاہتے ہیں؟)
انہوں نے نئے پراجیکٹ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت کئی ایک پراجیکٹ کا اچھی طرح جائزہ لے رہا ہوں اور جو پراجیکٹ بھی میری خواہشات کے مطابق ہوا اس کے بارے میں جلد ہی اپنے مداحوں کو آگاہ کروں گا۔
انگین آلتان دیوزیاتان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس ڈرامے کے لئے تقریباً چھ سال کام کیا۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں ان جیسے ہدایت کار کا ساتھ حاصل ہوا۔ انہوں نے چھ سال تک اس ڈرامے میں اتنی بڑی کاسٹ کے ساتھ کام کرنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس عرصے کے دوران ہم سب کے مراسم بڑے قریبی بہن بھائیوں جیسے تھے۔ (ڈرامے کی کامیابی کیونکر ممکن ہوئی؟ جواب انٹرویو میں)
کئی ایسے واقعات پیش آئے جس میں بعض اوقات لطف بھی حاصل ہوا اور بعض اوقات دکھ اور درد بھی محسوس ہوا۔ ڈرامے میں لڑائی کے منظر کو فلمایا جانا تھا اور اسے ایک ہی شوٹ میں مکمل کرنا تھا۔ ایک دم مجھے اپنے سر پر شدید وار محسوس ہوا۔ میں نے پوچھا کہ یہ تم نے کیا کیا؟ کہنے لگا: بھائی! مجھ سے جلدی سے وار ہوگیا لیکن تب تک چہرہ لہولہان ہوچکا تھا۔
انگین آلتان دیوزیاتان کا تفصیلی انٹرویو پاکستان میں عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے پاکستان کے ناظرین کے لیے عید کے پہلے روز یعنی آج یکم اگست بروز ہفتہ پاکستان کے وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے”یارِ من ترکی،yaaremanturki یو ٹیوب چینل، پاکستان ٹی وی ہوم اور ٹی آر ٹی اُردو پر مشترکہ طور پیش کیا جائے گا۔(بشکریہ پی ٹی وی، ٹی آر ٹی، ڈاکٹر فرقان حمید)