مرکز کی کامیابیاں اور جاری منصوبوں پر کام لائق تحسین ہے، سی ای او اسلامی ترقیاتی بینک
اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے مرکز برائے ایڈوانسڈ الیکٹرونکس اینڈ فوٹو ولٹائک انجنیئرنگ کی کامبیابیوں اور ترقی کو سراہا ہے جوکہ توانائی اور نینو سکیل الیکٹرانکس جیسے شعبوں میں تحقیق و تربیت کے منصوبوں کے ذریعے ملکی اقتصادی ترقی اوران شعبوں میں بہترین پیشہ وارانہ افرادی قوت کے حصول کے لیئے کام میں مصروف عمل ہے۔
بینک کے سی ای او کی طرف سے اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کے نام لکھے گئے خط میں بینک کی طرف سے وضع کردہ قواعد کے اطلاق، دی جانے والی گرانٹس کے بہترین نتائج اور مرکز میں موجود لیبارٹریز کی فعالیت کی تعریف کرتے ہوئےکہاگیا ہے کہ مرکز کی کارکردگی لائقِ تحسین ہے۔
بینک کا کہنا تھا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندے مرکز برائے ایڈوانسڈ الیکٹرونکس اینڈ فوٹو ولٹانک انجنیئرنگ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور یہ بات قابلِ تعریف ہے کہ اس مرکز میں تدریسی و تربیت اور نگرانی جیسے شعبوں میں تحقیق کے ساتھ ساتھ ترویج علم کے ضمن میں بھی خاطر خواہ اقدامات کیےگئے ہیں۔
بینک کی طرف سےسنٹر کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید کی خدمات اور صلاحیتوں کو بھی سراہا گیا ہے۔
جامعہ کا مرکز برائے ایڈوانسڈ الیکٹرونکس اینڈ فوٹو ولٹانک انجنیئرنگ ملک بھر میں واحد مرکز ہے جو کلین روم سہولت سے آراستہ ہیں جہاں 300 سے زائد مختلف منصوبوں پر اس سہولت کے تحت کام جاری ہے۔ یہ مرکز نینو اور مائیکروسکیل، انجنیئرنگ ڈیوائسز اور اس کے ساتھ ساتھ اسی نوعیت کے دیگر پرزوں کی تیاری کارکردگی میں بہتری کے لیے کام کرتا ہے جن میں حساسیت ، توانائی سے متعلق ڈیوائسز اور پرزہ جات بھی شامل ہیں ۔
مرکز کے سربراہ ڈاکٹر احمد شجاع نے بینک اور جامعہ کے اعلیٰ عہدیداران کے تعاون اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہےکہ اقتصادی ترقی میں بہتری کے لیے لازم ہے کہ توانائی ، فوٹانک اور نینو سکیل الیکٹرانکس جیسے شعبوں میں تربیت و ترقی کے منصوبوں پر کام کیا جائے جس سے بہترین پیشہ وارانہ افرادی قوت کے حصول کا ہدف بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔