پہاڑ پر چڑھنے والی خاتون

کامیاب لوگوں کے نقش قدم پر چل کر کامیابی کیسے ملتی ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

جویریہ ریاض :

خواب دیکھنے اور خوابوں کی دنیا میں رہنے میں فرق ہوتا ہے، بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنی ساری زندگی خوابوں کی دنیا میں رہ کر گزار دیتے ہیں ، اور کر کچھ نہیں پاتے اور چند ایک ایسے لوگ ہوتے ہیں جو خواب دیکھتے ہیں اور پھر انھیں پورا بھی کرتے ہیں۔

سوال یہ ہے کہ آخر وہ کیا چیز ہے جس کی بدولت لوگ اپنا ہر خواب پورا کرلیتے ہیں؟ اس کا جواب بہت سادہ ہے کہ کامیاب لوگ اپنی حدود کا تعین کرتے ہیں، وہ اپنے مقصد پہ نظر جمائے رکھتے ہیں جب تک کہ اسے حاصل نہ کر لیں ، وہ اپنی روزمرہ کی معمولی سرگرمیوں سے سبق سیکھتے ہیں ، نتائج اخذ کرتے ہیں، اور اس سب کےلئے وہ ان آلات کا استعمال کرتے ہیں جو ان کے اندر موجود ہیں، وہ الگ طریقے سے سوچتے ہیں اور ان کی یہ سوچ ان کی کامیابی کی ضامن ہوتی ہے۔

اگر آپ بھی ان کامیاب لوگوں میں سے بننا چاہتے ہیں تو اپنے خواب کو پہچانیں، اور اس کےلئے کام کریں، اسی پہ فوکس کریں۔ ایک ایسا خواب، جو آپ کو آگے بڑھنے میں مدد دے، جو آپ کی خود کی فلاسفی دریافت کرے، اور اسی فلاسفی کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ اپنی زندگی تخلیق کر سکیں۔

اس سے آپ کو ایک بہتر انسان بننے ، اپنے منفی نقطہ نظر کو درست کرنے اور آئندہ آنے والی نسلوں کےلئے رول ماڈل بننے میں مدد مل سکتی ہے۔

اکثر لوگ زندگی بھر کی کمائی کو کامیابی کا نام دیتے ہیں۔ انھیں لگتا ہے کہ شاید تا حیات محنت کرنے کو کامیاب ہونا کہتے ہیں جبکہ ایسا نہیں ہے، جس طرح آپ کے اندر تبدیلی اس لمحے آتی ہے جب آپ تبدیل ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں بالکل اسی طرح آپ کی کامیابی بھی اسی دن شروع ہو جاتی ہے جب آپ اس کی طرف سفر شروع کرتے ہیں۔

کامیاب لوگوں کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ کبھی ہمت نہیں ہارتے، اور ان کی یہی خوبی انھیں دوسروں سے منفرد بناتی ہے، آپ بھی اس پر عمل کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔

امریکی مقبول ترین ٹاک شو کی ہوسٹ اوپرا ونفرے، الیکٹرک کاریں‌ بنانے والی کمپنی” ٹیسلا “ کے چیف ایگزیکٹو افسر ایلون مسک ، امریکا کے سب سے زیادہ دولت مند شخص بل گیٹس، اور دنیا کی سب سے بڑی آن لائن شاپ کے سی ای او جیف بیزوس جیسے لوگوں کو دیکھا جائے تو یہ سونے کا چمچ منہ میں لے کر پیدا نہیں ہوئے تھے۔

یہ لوگ بھی زندگی کے تلخ تجربات سے گزرے، لیکن ان کا وژن کلئیر تھا ،حالات سے قطع نظر یہ لوگ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتے رہے، کام کرتے رہے ، اپنے مقاصد پہ کاربند رہے اور اپنا آپ منوایا، اور آج دنیا انھیں جانتی ہے۔

اور سب سے اہم بات کہ کامیابی صرف اپنے لئے مواقع تلاش کرنے کا نام نہیں ہے، بلکہ دوسروں کےلئے مواقع پیدا کرنے کا نام ہے۔ اور کامیاب لوگ صحیح معنوں میں اس بات سے آگاہ ہوتے ہیں کہ وہ باقی لوگوں کی زندگیوں میں بھی خاطر خواہ تبدیلی لا سکتے ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں