گوگل ایڈ سنس

ویب سائٹ پر نامناسب اشتہار سے محفوظ ہونے کا طریقہ

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

عبیداعوان :

اگر آپ کا خیال ہے کہ گوگل سمیت تمام سرچ انجنز اور فیس بک، ٹوئٹر سمیت سماجی رابطے کے تمام ذرائع آپ کو نامناسب اشتہارات جان بوجھ کر دکھاتے ہیں تو آپ کا خیال غلط ہے۔ یقین کیجئے کہ آپ کو فحش چیزیں دکھانا ان کی ترجیحات میں کہیں بھی نہیں ہیں۔

شاید یہ آپ کے لئے نئی معلومات ہوں کہ انٹرنیٹ پر کوئی چیز دیکھنے یا نہ دیکھنے کا کنٹرول آپ کے اپنے پاس ہوتا ہے۔ آپ جب ایک قسم کے اشتہار کو دیکھنا پسند نہیں کرتے تو اشتہار آویزاں کرنے والی وہ کمپنی مثلا گوگل ایڈسنس ویسا کوئی بھی اشتہار آپ کو دکھانے سے گریز کرتی ہے۔

اصل میں گوگل ایڈسنس کے کاروبار کی کامیابی کا پہلا راز ہی یہ ہے کہ وہ انٹرنیٹ صارفین کی پسند اور ناپسند کا خوب خیال رکھتا ہے۔ اس کے سارے کاروبار کی بنیاد بھی یہی ہے۔ وہ دیکھتا ہے کہ انٹرنیٹ صارف کا رجحان کیا ہے؟ وہ انٹرنیٹ پر کس قسم کی سرچ کرتا ہے، چنانچہ گوگل ایڈسنس اسی قسم کے اشتہارات دکھاتا ہے۔

وہ آپ کی پسند اور ناپسند کو انتہائی گہرائی میں ‌اتر کر جاننے کی کوشش کرتا ہے، پھر اسی قسم کی چیزیں آپ کے سامنے لاتا ہے تاکہ آپ کو سہولت ہو۔ اگر آپ اسلام آباد، کراچی یا لاہور میں بیٹھ کر چکن بریانی کے الفاظ گوگل سرچ بار میں لکھیں‌ گے تو وہ آپ ہی کے علاقے میں ‌موجود چکن بریانی کے مراکز کے نام پتے آپ کے سامنے پیش کردے گا۔

گوگل اپنے صارف کو اس قدر اہمیت دیتاہے کہ وہ اس کی نیت تک کو جاننے کی کوشش میں لگارہتاہے یعنی اگرآپ نے چکن بریانی لکھ کر سرچ کی ہے تو وہ یہ بھی جانتاہے کہ آپ چکن بریانی کھانا چاہتے ہیں یا صرف اس کی ریسیپی جاننا چاہتے ہیں۔ چنانچہ اسی کے مطابق وہ آپ کی سرچ کے جوابات بھی دے گا اور آپ کو اشتہارات بھی دکھائے گا۔ اگرآپ کھانے کا رجحان رکھتے ہیں تو وہ بریانی مراکز کے اشتہارات دکھائے گا لیکن اگر آپ مختلف ڈشز کی ریسیپیز تلاش کرتے رہتے ہیں تو پھر وہ آپ کو ریسیپی دکھائے گا ، اشتہارات نہیں۔

اگر کوئی خاتون صارف انٹرنیٹ پر لباس کے حوالے سے سرچ کرتی ہے تو گوگل ایڈسنس فوراً اسے مختلف برانڈز کے کپڑے دکھانا شروع کردے گا، پھر اسے انہی کمپنیوں کے اشتہارات دکھائی دینے لگیں گے جو گوگل پر اپنے اشتہارات دیتی ہیں۔

اگر کسی نوجوان نے تعلیمی اداروں میں داخلوں کے حوالے سے سرچ کی تو گوگل ایڈسنس مختلف تعلیمی اداروں کے اشتہارات دکھانا شروع کردے گا۔ اگر کسی نے فاسٹ فوڈ کے بارے میں سرچ کی تو اسی سے متعلقہ اشتہارات نظر آئیں گے۔ یہ سب کچھ آپ ان کی تلاشیوں کی بنیاد پر ہوتاہے جو آپ اکثر انٹرنیٹ پر کرتے رہتے ہیں۔ یادرکھئے کہ گوگل آپ کی پسند اور ناپسند کو قریباً مکمل طور پر جانتا ہے۔ سو فیصد نہ سہی 95 فیصد تو ضرور جانتاہے۔

نامناسب اشتہارات کیوں نظر آتے ہیں؟
اگر کسی خاتون نے انڈرگارمنٹس سے متعلق سرچ کی ہے، کسی آن لائن کمپنی کی ویب سائٹ پر جاکر انڈرگارمنٹس خریدے ہیں تو گوگل ایڈسنس اس خاتون کو ایسی مزید کئی کمپنیوں کے اشتہارات دکھائے گا۔ ظاہر ہے کہ وہ صرف ایسے گارمنٹس ہی نہیں دکھائے گا بلکہ کسی نے وہ پہنے بھی ہوں گے۔ ان کے نزدیک یہ نامناسب نہیں ہے، ہاں! اگر آپ اس قسم کے اشتہار کو نامناسب قرار دیں گے تو وہ آپ کو آئیندہ یہ اشتہار یا ایسا کوئی بھی اشتہار دکھانے سے گریز کرے گا۔

سوال یہ ہے کہ آپ گوگل ایڈسنس کو کیسے بتاسکتے ہیں کہ فلاں اشتہار نامناسب ہے اور آپ کو آئیندہ ایسا کوئی اشتہار نہ دکھایا جائے؟ اس کے لئے بہت آسان طریقہ ہے۔

ایک بار پھر جان لیں‌کہ کسی بھی ویب سائٹ پر موجود نامناسب اشتہارات کو دیکھنے ، نہ دیکھنے کا پورا اختیار انٹرنیٹ استعمال کرنے والے کے پاس ہوتا ہے۔

نامناسب اشتہارات سے محفوظ رہنے کا طریقہ

آپ کو جو بھی نامناسب اشتہار نظر آئے، اس کے ٹاپ رائٹ پر کراس کا نشان نظرآئے گا،
اسے کلک کریں تو وہاں دو آپشنز نظر آئیں گے:
اول: یہ اشتہار دیکھنا بند کریں
دوم: یہ اشتہار کیوں؟

آپ نے پہلے آپشن پر کلک کرنا ہے
اس کے بعد چار آپشنز نظر آئیں گے:

اول: اس اشتہار میں دلچسپی نہیں
دوم: اشتہار نامانسب تھا
سوم: اسے پہلے ہی خرید لیا ہے
چہارم: اشتہار مشتمل مواد
آپ دوسرے آپشن پر کلک کریں،
یوں آپ کو وہ اشتہار کسی بھی ویب سائٹ پر نظر نہیں آئے گا۔

گوگل خود چاہتا ہے کہ وہ ایسی کوئی بھی چیز آپ کو نہ دکھائے جو آپ کو ناپسند ہو، ہر وہ چیز دکھائے جو آپ کو پسند ہو۔ وہ کسی بھی ایسی چیز کے اشتہارات کسی ایسے فرد کو نہیں دکھائے گا جسے وہ چیز پسند نہ ہو کیونکہ اس طرح گوگل کا بجٹ اور وقت ضائع ہوتاہے۔

اگرآپ ایک پراڈکٹ فروخت کرنے والے ہوں اور وہ پراڈکٹ لے کر کسی ایسے فرد کے پاس جائیں جس کے بارے میں آپ کو معلوم ہو کہ وہ یہ پراڈکٹ نہیں خریدے گا، کیا یہ کوشش احمقانہ نہیں ہوگی؟ کیا آپ یہ احمقانہ حرکت جانتے بوجھتے کریں‌گے؟ اگر کریں گے تو کیا آپ کے اس فرد تک جانے میں خرچ ہونے والے اخراجات اور وقت ضائع نہیں ہوگا؟ گوگل ایسی حماقت بالکل نہیں کرتا۔

یاد رکھئے کہ آپ کو اشتہارات دکھانے کاکام انسان نہیں ، مشینیں کرتی ہیں، اگر آپ انڈرگارمنٹس دیکھیں گے تو وہ آپ کو انڈرگارمنٹس کے اشتہارات دکھائیں گی، اگر آپ انھیں مذکورہ بالا طریقے سے پیغام بھیج دیں کہ آپ فلاں اشتہار کو نامناسب خیال کرتے یا کرتی ہیں تو وہ مشینیں انھیں آپ کے لئے روک لیں گی، صرف ایک ویب سائٹ سے نہیں بلکہ ہر ویب سائٹ سے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “ویب سائٹ پر نامناسب اشتہار سے محفوظ ہونے کا طریقہ”

  1. زبیدہ رؤف Avatar
    زبیدہ رؤف

    بہت پریکٹیکل تحریر ہے ۔ اگرچہ بہت سادہ اور عام سی معلومات ھے پھر بھی بہت سارے لوگوں کے لئے کارآمد ہو گی ۔