اسدعمر، وفاقی وزیرمنصوبہ بندی

چھوٹی مارکیٹیں کھلیں گی، تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ چھوٹی مارکیٹیں اور محلے کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے بھی فیصلے کر رہے ہیں ان کا مقصد انسانی زندگیاں ہیں، تمام فیصلے صوبوں کی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں۔

قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ٹاک شوز میں لگتا ہے کہ وفاق و صوبے دست و گریباں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان چاہتے تو ٹرانسپورٹ کے بارے میں فیصلہ صوبوں پر مسلط بھی کر سکتے تھے، مگر وہ چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر فیصلے کیے جا ئیں۔

اسد عمر نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا، محلے کی دکانیں بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سحری کے بعد بھی دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم تمام کاروبار ہفتے میں 2 دن بند رکھے جائیں گے۔

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمرنے یہ بھی کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اسپتالوں کی او پی ڈیز بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اسکولوں کو بند رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

جبکہ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پچھلے امتحانات کی بنیاد پر طالب علم کو آئندہ کلاسز میں پروموٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی تعلیمی بورڈ کے امتحانات نہیں ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ تمام کالجز، یونیورسٹیاں بھی 15 جولائی تک بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں 9 مئی لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ہم نے عقلمندی سے لاک ڈاؤن کھولنا ہے، اب لوگوں کی ذمے داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا اور کیسز بڑھے تو پھر لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا، صوبوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے پر خدشات ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کھلنے سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں