ایک وقت میں دونوں ہاتھوں سے بننے والی تصاویر

ایک وقت میں دونوں ہاتھوں سے تصاویر بنانے والا فنکار

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

بعض افراد کے لیے معمول سے ہٹ کر دوسرے ہاتھ سے لکھنا ممکن نہیں ہوتا لیکن امریکا کے ایک فنکار کا ان دنوں غیرمعمولی چرچا ہے جو بہ یک وقت دونوں ہاتھوں سے تصاویر بناتے ہیں۔

ان کی بعض تخلیقات میں تشاکل (سمٹری) دیکھی جاسکتی ہے یعنی وہ چہرے کے دونوں حصے برابر بناتے جاتے ہیں اور اس کے بعد دونوں حصوں کو اوپر لے جاکر مکمل کرکے تصویر کو حتمی طور پر پورا کرتے ہیں۔

ایک جانب تو یہ صلاحیت خداداد ہے جس میں مسلسل مشق کے بعد اضافہ کیا گیا ہے اور اب کولِن بہت مہارت کے ساتھ انسانوں، جانوروں اور قدرتی نظاروں کی خاکے بناتے ہیں۔ منٹوں میں بنائے جانے والی یہ تصاویر کسی شاہکار سے کم نہیں کیونکہ یہ آرٹ کی ایک مشکل قسم ہے جس پر چند لوگ ہی مہارت رکھتے ہیں جسے ’’ایمبی ڈیکسٹرس ڈرائنگ‘‘ کہا جاتا ہے۔

42 سالہ کولن پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں اور مصوری ان کا جنون ہے۔ اس کے علاوہ وہ موٹیویشنل اسپیکر کی حیثیت سے بھی مشہور ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی تخلیقات انسٹا گرام پر پوسٹ کیں تو لوگوں نے ان کی صلاحیتوں پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

اپنی شہرت پر کولن نے کہا ہے کہ عوامی پذیرائی کی وجہ سے وہ مزید فن پارے بنارہے ہیں اور ان کا یقین ہے کہ تخلیق مزید تخلیق کو جنم دیتی ہے، اس سے قبل میں دایاں ہاتھ تھک جانے کی صورت میں ہی بایاں ہاتھ استعمال کرتا تھا لیکن اب دونوں ہاتھوں سے مصوری کررہا ہوں۔

کولن نے بتایا کہ انہوں نے پانچ برس کی عمر سے ہی مصوری شروع کردی تھی اور اب وہ اس میں ماہر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے عام افراد کے ساتھ ساتھ مشہور شخصیات اور تاریخی کرداروں کی تصاویر بھی بنائی ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں