کروناوائرس، خوفزدہ لڑکا لڑکی

ابّا اور اک ذرا سا جرثومہ

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

امینہ صدیقہ:
ہلاکو خان کو تو دہشت و ہیبت پھیلانے کے لیے حملے کرنے پڑے تھے۔ پر اب کیسے آرام سے پوری دنیا کو خوف کا شکار کر دیا گیا۔ معلوم نہیں ابّا کیوں اتنے یاد آنے لگے۔ چھوٹے چھوٹے واقعات ذہن میں تازہ ہو رہے ہیں۔ بچپن میں للہ گئے، رات آسمان پہ کہکشاں دیکھ کے بہت خوف آیا لیکن کیسے میرے دل سے خوف نکال دیا۔

قانتہ باجی کی شادی سے کچھ روز پہلے کا ذکر ہے شدت کا طوفان آیا۔ ہوا کی شدت اتنی تھی کہ ہم جو باہر صحن میں سو رہے تھے بمشکل اندر آئے۔ چارپائیاں ہوا کے زور سے چلنے لگیں۔ بارش کا پانی کھڑکیوں سے آبشاروں کی طرح اندر آ رہا تھا۔ایسی دہشت ناک آوازیں تھیں کہ الامان۔ اس وقت بھی ہمت حوصلہ بڑھانے والے امی ابا ہی تھے۔

سردیوں کی صبح تھی، خوب گہری دھند چھائی تھی۔ابّا خود لے کر باہر نکلے۔ کہا کہ اب پکڑو دھند، چکھو، سونگھو۔ ٹھنڈ لگ جانے کا خوف تو نہیں بٹھایا میرے دل میں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پھیلی۔ جنگی جہاز اڑنے لگے۔اخبارات میں سرخیاں جمنے لگیں۔ ان حالات میں قیام پاکستان، 65 اور 71 کی جنگوں کے قصے سنا کر ہمت بڑھانے والے بھی ابّا ہی تھے۔ اتنا یقین اور حوصلہ دیا کہ ہم یہ تک سمجھنے لگے کہ پتنگ کی کمانی سے بنی ہماری تیر کمان انڈیا کا جہاز گرانے کو کافی ہے۔ عبداللہ محمد بارش سے بہت ڈرتا تھا. اسے گود میں اٹھا کر بارش میں لے گئے۔

اب جب کہ دنیا میں کرونا کا خوف پھیلا ہے تو ابّا بہت شدت سے یاد آتے ہیں کہ اب کیا کہتے۔

اسی سوچ میں مری کی سیر یاد آئی۔ پنڈی سے چھوٹی مامی جی نے پلاؤ ناشتے دان میں ڈال کر دیا۔ ہوٹل سڑک سے نیچے سیڑھیاں اتر کر تھا۔ گاڑی اوپر پارک ہوئی۔ سامان سب مل کر کر نیچے لے جانے لگے۔ ہمارے حصے پلاؤ والا ناشتہ دان آیا۔اب لہراتی ہوئی ہی چلی ہوں گی کہ وہ ناشتہ دان ہاتھ سے نکل سڑک پر گر گیا۔

ایک قلفی کھلی اور پلاؤ بھی سڑک پر آ رہا۔ ابّا پیچھے پیچھے آتے تھے۔ ذرا بھی نہ ڈانٹا۔ بیٹھے، اٹھا کر قلفی میں ڈالا اور کھا بھی لیا۔ صرف نیچے کے چاول چن کر کہیں ڈالے۔

بس ذہن پُرسکون ہوگیا کہ ابّا نے یہی کہنا تھا کہ جھلیے ! کاہے کو اس جرثومے سے ڈرتی ہے۔ دل بڑا کر، جو امور اختیار میں نہیں ان کے متعلق پریشانی کیسی! خوف تو مار دیتا ہے۔ موت جب آنی ہے جیسے آنی ہے آ کر رہے گی،پھر ڈرتی کیوں ہے؟ ہمت پیدا کر،مقابلہ کر۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں