لڑکی فیس بک استعمال کرتے ہوئے

فیس بک سمیت سوشل میڈیا ہمیں کس راہ پر لے جارہا ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اجتماعی زندگی کا نظریہ لے کر آنے والے فیس بک نے اپنے یوزرز کو کیا سکھا دیا ہے؟
ڈاکٹر رابعہ خرم درانی بتاتی ہیں

رعنائی خیال/
آج کل کی جوان کیا عمر گزاری جنریشن میں بھی سوشل میڈیا نے ایسی حسرتیں پیدا کر دی ہیں کہ اپنی موجودہ زندگی سے اکثر لوگ بیزار ہو گئے ہیں۔

سوشل میڈیا عموماً اور فیس بک خصوصاً ہمارے اخلاق کی تربیت بداخلاقی کے رستے پر کر رہا ہے .
بات نہ ماننا، ٹھٹھہ لگانا، تضحیک کرنا، اپنی بات پر اڑ جانا، میں نہ مانوں والا ایٹی ٹیوڈ، میں عقل کل اور حرف آخر ہوں ،میرا کیا مستند ہے.

فیس بک جو اجتماعی زندگی کا نظریہ لے کر آیا تھا اس نے ہر فیس بک یوزر کو ایک ہی لفظ سکھایا ہے.’’میں ( I ) ‘‘
ہر بات ’میں‘ سے شروع اور ’’مجھ‘‘ پر ختم .

اجتماعی زندگی کا لفظ ’’ ہم ‘‘ ہوتا ہے . اس لفظ کو جو کہ بجائے خود ایک رویے کا آئینہ دار ہے اسے فیس بکی دیس سے بےدخل کر دیا گیا ہے.

بچے اپنے دوستوں کا گروپ بنا کر دوسرے بچوں اور گروپس سے مقابلہ کرتے ہیں. یہ گروپس گینگ کہلاتے ہیں. فیس بک پر بھی مختلف گینگز سرگرم عمل ہیں.
ایک بڑبولا اور اسے کے چند ہمنوا اس کی ہر بات پر واہ واہ کے شور میں تال اور تھاپ دیتے ہیں. اس طرح وہ بڑبولا ریشم کے کیڑے کی مانند اپنی ’’میں‘‘ کے خول میں بند ہوتا چلا جاتا ہے۔ انجام بھی ریشم کے کیڑے کی مانند ہی ہوتا ہے .اپنی ذاتی ’’میں‘‘ کے خول میں قید تنہائی اور انجام، زنداں میں موت .

ہم میں سے اکثریت اپنے بوریت بھرے فارغ وقت کو استعمال کرنے کے لیے اس فورم کی طرف متوجہ ہوتی ہے. کچھ لوگ اس کا مثبت استعمال کرتے ہیں، سیکھنے سکھانے اور روابط مضبوط کرنے کے لیے . کچھ یہاں بھی اپنی اسی تربیت کا مظاہرہ کرتے ہیں جس نے حقیقی دنیا میں انہیں تنہا کر دیا تھا جس کے بعد وہ فیس بک پر پناہ لینے آئے لیکن یہاں بھی وہی ڈھاک کے تین پات.

پختہ عمری میں پالنے سے بگڑی عادتیں کہاں بدلتی ہیں. بےشک کوئی چھوٹے کنویں سے بڑے سمندر میں پہنچ جائے. نہ سوچ بدلتی ہے نہ استعارے بہتر ہوتے ہیں.

ساتھیو! یہ فیس بک بھی حقیقی دنیا کی طرح ہماری تعلیم وتربیت کا اظہار ہے . ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ یہاں موجود احباب ہمیں بچپن سے نہیں جانتے سو وہ ہمیں ہماری کسی پرانی عادت سے پہچانتے بھی نہیں . یہاں آپ خود کو ایک بہتر شخصیت کے طور پر منوانے کے لیے آزاد ہیں. موقع سے فائدہ اٹھایے.


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں