رابی پیرزادہ، پاکستانی ماڈل، اداکارہ

رابی پیرزادہ سے متعلق یہ تحریر ضرور پڑھئے گا

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

فیض اللہ خان۔۔۔۔۔۔۔۔
سیاسی مباحث چلتے رہیں گے لیکن اس دوران ایک افسوسناک واقعہ رابی پیرزادہ کا پیش آیا جس کی ایسی ویڈیوز شئیر ہوئیں جسے کوئی بھی اپنے واسطے پسند نہیں کرے گا لیکن بات ان ویڈیوز کے لیک ہونے کے بعد ہمارے طرز عمل کی تھی ، میں ایسے اسکینڈلز پہ لکھنے سے جان بوجھ کر گریز کرتا ہوں لیکن اس بار لکھنا پڑا جس کی وجہ آپ اگلی سطروں میں جان سکیں گے۔

سوشل میڈیا پہ رابی پیر زادہ کو برہنہ دیکھنے کی خواہش یوں مچلی کہ ہم گویا ساری حدود و قیود سے آزاد ہوگئے اور ہر ایک کو تلاش تھی ان ویڈیوز کی ۔ ہم میں سے ہر ایک کی زندگی کی کچھ تاریک پہلو ہوتے ہیں (ممکن ہے کہ آپ کے نہ ہوں میں تو اپنی بات کر رہا ہوں ) جسے ہم کسی کے سامنے لانا پسند نہیں کرتے جبھی ہماری فیس بک وہی آپ کو دکھاتی ہے جو ہم دکھانا چاہتے ہیں۔ فیس بکی تاثر سے ہم(میں ) نہایت شریف ، اچھے ، اخلاقیات کے پابند شہری ہیں۔ میرے / ہمارے معاملات کیسے ہیں اس کی خبر نہیں ہونے دیتے ۔

رابی نے ویڈیوز بنائیں اس کی مرضی، اس نےاگر کچھ کیا تو بھی وہ اس کے لئیے خدا کو جوابدہ ہے، کسی فیض اللہ خان سمیت دوسرے دانشور یا پاکستانیوں کو نہیں ، اس نے تو خیر غلط کیا لیکن اس کے ساتھ جو ہم نے کیا اس کی کیا صفائی ہے ؟؟؟
اس کی جگہ ہمیں خود کو رکھ کر دیکھنے سوچنے کی اشد ضرورت ہے۔

میرے پاس بہت پہلے یہ ویڈیوز آچکی تھیں {نوکری کی نوعیت ایسی ہے } جسے دیکھ کر یوں بھی ڈیلیٹ کیا کہ موبائل بچوں کے پاس رہتا ہے اور ایسا مواد موبائل میں رکھنا پسند بھی نہیں(اس بات کا مطلب متقی ہونا قطعی نہیں ) ۔۔۔

ویڈیوز کے لئیے اسٹیٹس لگانا کسی بھی صورت درست نہیں ، بہت موت پڑ رہی ہے اپنے کسی مکمل ٹھرکی دوست سے ان بکس میں مانگ لیں، اپنا گناہ جتنا محدود تر کرسکتے ہیں کرلیں ، بدترین میں یہی بہترین ہے ۔ ویڈیو دیکھ لی تو بھی چپ رہیں۔ اسٹیٹس یا کمنٹ میں اس کی تشہیر کرکے خود کو گھٹیا ثابت نہ کریں ۔ آپ نے دیکھ لی کسی سے ذکر بھی نہیں کیا ۔اپنا گناہ خود تک رکھا فارورڈ نہیں کیا تو یہ بھی بہت ہے ، باقی خدا معاف کرنے والا ہے ۔

موبائل کا فتنہ ایسا خوف ناک ہے کہ یہ تنہائی کے لمحات پل بھر میں دنیا کے سامنے عیاں کردیتا ہے۔ اس سے بہت احتیاط کریں ۔ باقی کسی کے ایمان گناہ ثواب ، جنت جہنم اور فاحشہ قرار دینے کے فتوؤں سے گریز کرکے صرف اپنے گریبان میں جھانکیں اور ہر لمحہ خدا کی پناہ مانگیں ۔۔۔

رابی پیر زادہ سے متعلق اگر آپ نے کہیں ترسے ہوئے تبصرے تحریریں لگا رکھی ہیں تو پہلی فرصت میں ڈیلیٹ کردیں ۔۔۔ خدا ہم سب کا پردہ رکھے اور رابی پیر زادہ کو اپنی رحمتوں میں ڈھانپ لے ۔ اسلام نفرت نہیں محبتوں کا دین ہے ، بس یہ پیش نظر رکھئیے ۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں