نوجوان خاتون پارکنسن کے مریض کو سہارا دیتے ہوئے

پارکنسونزم :اسباب، علامات اور علاج کیا ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ڈاکٹر آصف محمود جاہ (ستارہ امتیاز)
عظیم باکسر محمد علی نے لرزتے ہاتھوں سے 1996ءاولمپکس کی مشعل روشن کی۔ وہ اپنی تیز رفتاری، برق کی سی تیزی سے دشمن پر جھپٹنے، پلٹنے اور مکوں کی تابڑ توڑ بوچھاڑ کے لیے مشہور تھے۔ کوئی دشمن تو اس عظیم باکسر کی تیز رفتاری کو زیر نہ کر سکا لیکن پارکنسونزم کی جان لیوا بیماری نے محمد علی کی ساری تیزی و طراری ختم کر دی۔ پھر ایک وقت ایسا آیا کہ مکوں کی بات چھوڑیں، ان کے ہاتھ ہر وقت لرزتے کانپتے رہتے تھے۔ اور ایک روز وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

اس بیماری میں پٹھوں میں سختی آ جاتی ہے۔ ارادی طور پر ہونے والی حرکات کم ہو جاتی ہیں اور ہاتھ پاﺅں کیا پورے جسم پر رعشہ طاری رہتا ہے۔ اس بیماری کو سب سے پہلے جیمز پارکنسن نے دریافت کیا، اس لیے اس کے نام سے بیماری کا نام پارکنسونزم (Parkinsonism) ہے۔

پارکنسونزم کی وجوہات:
اس بیماری کی بڑی وجہ دماغ کے خلیوں میں ڈوپامین کی کمی ہے۔ یہ زیادہ تر بڑی عمر کے لوگوں میں ہوتی ہے۔ بیماری کی بالکل صحیح وجہ کا پتہ چلانا بہت مشکل ہے۔ یہ موروثی طور پر بھی ہو سکتی ہے اور دماغ کے انفیکشن وغیرہ کی وجہ سے بھی، دماغ کے کینسر میں اس کا امکان ہو سکتا ہے۔ بعض دواﺅں مثلاً Alkaloids, Phenothiazines وغیرہ کے غلط استعمال سے بھی اس کا امکان ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بعض گیسوں مثلاً کاربن مونو آکسائیڈ کی وجہ سے بھی اس کی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ بعض عناصر مثلاً مینگانیز اور کاپر کی وجہ سے بھی بیماری کا امکان ہو سکتا ہے۔

پارکنسونزم کی علامات:
اس بیماری کی تین بنیادی علامات ہیں۔
اول: رعشہ:
اس بیماری میں ہاتھ پاﺅں اور جسم ہر وقت رعشہ میں رہتے ہیں۔ خاص طور پر انگلیوں، انگوٹھے اور بازوﺅں کی حرکات میں لرزہ بڑے ردھم سے ہوتا ہے۔
دوم: سختی:
پٹھوں میں کافی سختی آ جاتی ہے، انھیں پھیلانا یا ڈھیلا چھوڑنا مشکل ہوتا ہے۔
سوم: حرکات میں کمی:
مریض کی حرکات و سکنات میں بہت زیادہ کمی آ جاتی ہے۔ آنکھیں خواہ مخواہ جھپکتی رہتی ہیں۔ ہاتھوں اور بازوﺅں کو موڑنا مشکل ہوتا ہے۔ سستی و کمزوری طاری رہتی ہے۔ مریض کو اگر لکھنے کو کہا جائے تو وہ بڑی مشکل سے کٹی پھٹی، شکستہ سی تحریر لکھتا ہے اور اکثر قلم کی نب کاغذ میں گھسا دیتا ہے۔ مریض کی چال میں بھی لڑکھڑاہٹ نمایاں ہوتی ہے۔

ان بڑی علامات کے علاوہ مریض بہت پریشان اور بیمار لگتا ہے۔ سستی و پژمردگی چھائی رہتی ہے۔ مریض کے منہ سے لعاب دہن خارج ہوتا رہتا ہے۔ اسے قبض ہو جاتی ہے۔ اگر صحیح علاج نہ کیا جائے تو بیماری خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

علاج اور بچاﺅ:
دماغی بیماریوں میں سب سے زیادہ احتیاطی تدابیر اہم ہوتی ہیں۔ جب کسی میں پارکنسونزم کی علامات ظاہر ہوں تو ضروری ہے کہ کسی ڈاکٹر سے مشورہ کرے۔ آج کل دواﺅں کے صحیح اور مکمل استعمال سے بیماری کا علاج ممکن ہے مگر دواﺅں کی صحیح خوراک کے متعلق مشورہ آپ کا ڈاکٹر ہی دے سکتا ہے۔ دواﺅں کے علاوہ مندرجہ ذیل امور کا خیال رکھیں:

غذا:
اس بیماری کے مریضوں میں حرکات میں کمی کی وجہ سے قبض کا خطرہ بہت رہتا ہے اس لیے زیادہ ثقیل غذا سے پرہیز کرنا چاہئے۔ مریض کو ہلکی غذا دیں جن میں زیادہ تر پینے والی چیزیں ہوں۔ اس کے علاوہ تازہ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بھی مفید ہے۔

وٹامن ای:
وٹامن ای کا استعمال پازکنسونزم کے مریضوں میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ورزش:
مریض کو ہلکی پھلکی ورزش اور مساج سے بھی فائدہ ہو سکتا ہے۔

نفسیاتی سہارا:
اس طرح کی پرانی بیماریوں میں مریض بہت جلد مایوسی، پژمردگی و پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں اور زیادہ پریشان ہو کر کبھی کبھار اپنی جان لینے کے درپے ہو جاتے ہیں۔ اس وجہ سے اس بیماری میں مبتلا مریضوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ انھیں ہر قسم کی سہولت بہم پہنچائی جائے، ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کا خیال رکھا جائے اور اردگرد کے ماحول کو ان کے موافق بنایا جائے۔

مضر اثرات:
جسم میں خشکی، ہونٹ خشک ہونا
بار بار پیاس لگنا، جسم کی غیر ارادی حرکات
ڈیپریشن، پژمردگی، پیشاب کی تکلیف
پٹھوں میں سختی نیند کی خرابی

احتیاط:
دواﺅں کو ہمیشہ ڈاکٹر کے مشورہ سے استعمال کریں اور اس کی مقدار کو کبھی خود سے کم یا زیادہ نہ کریں۔
دوران حمل احتیاط سے استعمال کریں۔
پیٹ اور آنتوں کے السر کی صورت میں استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر کو اپنی دوری تکالیف کا ضرور بتائیں۔
دوا کھانے کے بعد اگر کوئی تکلیف ہو تو فوراً ڈ اکٹر سے رجوع کریں۔

دوا کی نوعیت اور ضرورت کی اہمیت:
پارکنسونزم کی بیماری میں دواﺅں کو ڈاکٹر کے مشورہ سے استعمال کیا جائے تو بیماری پر کسی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔ اس بیماری میں سب سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ بیماری کی صحیح تشخیص ہو اور اس کے بعد علاج کے لیے کسی ماہر نیورولوجسٹ ماہر دماغی امراض سے مشورہ کرنا بہت ضروری ہے۔ اس سلسلے میں میوہسپتال لاہور میں ایک مکمل نیورولوجی وارڈ ہے جہاں مختلف دماغی امراض کا علاج کیا جاتا ہے۔

متبادل علاج:
پارکنسونزم کے مریض کے لیے ضروری ہے کہ وہ یہ بات ذہن نشین کرے کہ اس بیماری کو ڈاکٹر کے مشورہ کے مطابق دواﺅں کے صحیح استعمال سے کسی حد تک کنٹرول تو ضرور کیا جا سکتا ہے مگر اس کا مکمل اور شافی علاج تھوڑا مشکل ہے۔ کچھ ہومیو پیتھک دوائیں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔

مریض کا نفسیاتی طور پر خیال رکھا جانا چاہیے اور اسے ذہنی و نفسیاتی طور پر سہارا دینا ضروری ہے تاکہ وہ بیماری کے دوران کسی قسم کی ڈپریشن کا شکار نہ ہو کیونکہ اس طرح کی بیماریوں میں ڈپریشن بہت خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ جس سے علاج زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔

مریض دواﺅں کے ساتھ ساتھ اپنی خوراک کا خاص خیال رکھے۔ زیادہ تر نرم اور سادہ غذا استعمال کی جائے۔ سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ ا ستعمال کیا جائے۔ مرغن اور زیادہ نشاستہ والی غذاﺅں سے پرہیز کیا جائے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں