اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس

کشمیر: سلامتی کونسل کا اجلاس، پاکستان کا سب سے بڑا امتحان

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پچاس سال بعد کشمیر کے مسئلہ کو آج شام سات بجے زیربحث لائے گی۔ پہلے مرحلے پر بند کمرے میں ہوگا جس میں فیصلہ کیاجائے گا کہ اس ایشو پر سلامتی کونسل کا باقاعدہ اجلاس ہونا چاہئے یا نہیں۔ سلامتی کونسل کے صدر کے ترجمان نے میٹنگ کی تصدیق کردی تھی۔

یادرہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت یکطرفہ طور پر بدلنے کے معاملے پر پاکستان نے اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی جبکہ چین نے بھی اس کا مطالبہ کیا تھا۔ پہلے مرحلے کی بند کمرہ میٹنگ میں مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں اور انھیں حل کرنے سے متعلق امور پر صلاح مشورہ کیا جائے گا، جس کے بعد باقاعدہ اجلاس سے متعلق فیصلے کا امکان ہے۔

پہلے مرحلہ کی بند کمرہ میٹنگ پاکستان کا آج کا پہلا، سب سے بڑا امتحان ہے۔ یہاں کامیابی سے اس سے بھی بڑی کامیابی کا دروازہ کھلے گا اور وہ کامیابی ہوگی سلامتی کونسل کا باقاعدہ اجلاس۔

ظاہر ہے کہ سلامتی کونسل کے باقاعدہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو خطے کے لئے ایک سنگین خطرہ ثابت کرنا پاکستان کا اصل بڑا امتحان ہوگا۔ محض یہ کہہ دینا کافی نہیں ہے کہ "دیکھنا یہ ہے کہ سلامتی کونسل اپنی ذمے داری کیسے ادا کرتی ہے” جیسا کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ںے بیان دیایے۔

سلامتی کونسل کے ارکان میں سے بیشتر پاکستان اور بھارت کے مشترکہ دوست ہیں، مثلا امریکا اور روس۔ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان خوشی خوشی امریکا سے واپس پلٹے ہیں۔ انھوں نے دورہ امریکا کی کامیابی کے خوب دعوے کئے ہیں۔ اب دیکھنا ہوگا کہ سلامتی کونسل کی میٹنگ میں امریکا کیا کردار ادا کرتا ہے، یادرہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش بھی کررکھی ہے۔

ثالثی کی اس پیشکش کا واضح مطلب ہے کہ امریکا کشمیر کو ایک مسئلہ سمجھتا ہے۔ اگر وہ واقعی ایسا سمجھتا ہے تو اسے سلامتی کونسل کے باقاعدہ اجلاس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے بلکہ سہولت کار بننا ہوگا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب عبد اللہ حسین ہارون کا کہنا ہے کہ کامیابی کا انحصار پاکستان کی تیاری پر ہے۔ پچاس برس میں کشمیر کی صورتحال پر پہلا اجلاس کم از کم اس بات کا اعتراف ضرور ہے کہ یہ دو طرفہ نہیں عالمی سطح کا تنازع ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان پُرامید ہے کہ سلامتی کونسل کشمیر کے مظلوم عوام کی مشکلات کا حل نکال لے گی۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں