کاروبار سے کھیل تک، مسلمان خواتین ہرشعبہ زندگی میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔ایک طرف انھیں گھروں میں کمزور اور بے صلاحیت سمجھاجاتا ہے تو دوسری طرف ایک مخصوص طبقہ ان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پردے کو قراردیتاہے۔ تاہم کلثوم عبداللہ ایسی خواتین مذکورہ بالا دونوں خیالات کو مکمل طور پر غلط ثابت کردکھایا۔
کلثوم عبداللہ ایک پروفیشنل ویٹ لفٹر ہیں، وہ پاکستانی نژاد امریکی ہیں۔ وہ دنیا بھر میں منعقد ہونے والے مختلف ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں نمائندگی کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ مزید حیران کن بات ہے کہ وہ کھیلوں کی دنیا اور گھریلو زندگی میں ایک شاندار توازن قائم رکھے ہوئے ہیں۔
کلثوم عبداللہ کے بارے میں آپ یہ بھی جان کر حیران رہ جائیں گے کہ وہ ایک پی ایچ ڈی سکالر اورانجینئر ہیں۔ وہ دنیا کی پہلی مسلمان خاتون ہیں جنھوں نے ویٹ لفٹنگ کا بین الاقوامی مقابلہ مکمل حجاب کے ساتھ پورا کیا۔
کلثوم عبداللہ نے جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے الیکٹریکل / کمپیوٹر انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کی۔اس سے پہلے انھوں نے یونیورسٹی آف سنٹرل فلوریڈا سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی۔
کلثوم عبداللہ ان تمام لڑکیوں اور خواتین کے لئے ایک شاندار مثال ہیں جو گھریلو اور تعلیمی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ حجاب کے تقاضے پورے کرتے ہوئے زندگی میں اپنے بہت سے خواب پورے کرنا چاہتی ہیں۔