پاکستانی وزیراعظم عمران خان

عمران خان سےاتحادی جماعتوں نے بھاری بھرکم رشوت وصول کرلی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

عبیداللہ عابد۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم عمران خان کو ان کی چھوٹی اتحادی جماعتیں بجٹ منظور کرانے کے معاملے پر بلیک میل کرنے میں پوری طرح کامیاب رہی ہیں، انھوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جو بھی مطالبہ کیا، اسے عمران خان نے فوری طور پر ماننے کا اعلان کردیا۔

دوسرے الفاظ میں یہ کہاجائے تو غلط نہ ہوگا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی تاریخ کے اس نازک ترین موقع پر اپنے اتحادیوں کو بھاری بھرکم رشوت دے کر بجٹ منظور کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتیں بجٹ منظور ہونے سے روکنے کا منصوبہ بناچکی ہیں۔

اگراپوزیشن جماعتیں اپنے منصوبے میں کامیاب ہوگئیں تو عمران خان کی حکومت کو خطرہ لاحق ہوجائے گا، یوں اپوزیشن کوئی عوامی تحریک چلائے بغیر حکومت کو گرانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے اپنی اتحادیوں کو مزید نوازنے کا اعلان کئے ہیں۔ ان کی اتحادی جماعتیں عندیہ دے رہی تھیں کہ وہ بجٹ اجلاس میں حکومت کے بجائے اپوزیشن کا ساتھ دیں گی۔

گزشتہ روز گورنرسندھ عمران اسماعیل اور ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے ایم کیوایم کو نہ صرف مزید ایک وزارت دینے کا اعلان کیا بلکہ انھوں نے کراچی اور حیدرآباد کے مئیرز جن کا تعلق ایم کیوایم سے ہے، کو بااختیار بنانے کا مطالبہ بھی مان لیا اور انھیں بھاری بھرکم مالی پیکیج دینے کا وعدہ بھی کیا۔

وزیراعظم نےجمہوری عمل میں ایم کیو ایم کےمثبت کردار کو سراہا۔

اس سے پہلے حکمران جماعت تحریک انصاف نے سردار اخترمینگل کی بلوچستان نیشنل پارٹی کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے اس کے تمام ارکان اسمبلی کو 15 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔

یہ اعلان وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے گزشتہ روز کیا تھا۔ انھوں نے واضح طور پر کہا کہ اخترمینگل کے تمام تر مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔انھوں نے یہ اعلان لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی سے ملاقات کے بعدکیا۔

نعیم الحق نے مسلم لیگ ق کے رہنما کو بھی یقین دلایا کہ بجٹ اجلاس کے بعد قاف لیگ کو بھی مزید وزارتیں دی جائیں گی۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں