مسلمان لڑکی توبہ کے وقت آنسوبہاتے ہوئے

دل کو مسخر کرلینے والے ایک خیال کی آمد

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

مدیحہ مدثر۔۔۔۔۔۔
معاف کرنا مشکل لگا، دل معاف کرنے کے نام سے ہی کراہ اُٹھا تو ایسے میں آج ایک خیال اللہ پاک نے ذہن میں ڈالا اسے محفوظ کرنے کی غرض سے ضبطِ تحریر کر رہی ہوں۔

میں:اللہ پاک! میں نے دل سے معاف کیا سب کو۔
خیال کی آمد:کیا واقعی؟؟؟سب کو معاف کر دیا؟؟دل صاف ہے ناں؟؟؟سوچ لو۔
میں:وہ۔۔۔جی۔۔۔کر۔۔۔دیا۔۔۔معاف۔

دوبارہ سرگوشی:ارے تو رونا کیوں آ رہا ہے؟ معاف کر دیا تو اٹک کیوں رہی ہو؟؟؟؟
میں:آپ تو سب جانتے ہیں،آپ سے تو کچھ بھی چھپا ہوا نہیں،میں بار بار تکلیف اٹھاتی ہوں معاف کرنے کے بعد بھی۔۔۔پھر بھی آپ۔۔۔۔کہتے ہیں کہ دل صاف کرو۔

سرگوشی:تمہیں یقین ہے ناں کہ معاف کرو گی تو تمہارے سب بگڑے کام ہم بنا دیں گے؟؟؟ہماری سنت پہ چلو گی اور اپنی مرادیں پاؤ گی تو بتاو ذرا یہ گھاٹے کا سودا ہے؟؟؟؟اور دیکھو جن سے رنج ملا ہو انھیں دل میں رکھ کر اتنی اہمیت ہرگز نہیں دیتے کہ اپنی خوشیاں نظر انداز کردی جائیں۔

میں:ہائیں! اپنی خوشی کب نظر انداز کی؟؟؟؟بس معاف کرنے کو دل نہیں چاہتا اب،،،دل صاف نہیں ہو پاتا۔

سرگوشی:پگلی! موازنہ کرو تمہیں خوشیاں ملنے اور سب دعائیں قبول ہونے کی گارنٹی دی جارہی ہے اور بدلے میں صرف شفاف دل مانگا جارہا ہے جو صرف میرا گھر بنے۔
اور دوسری صورت یہ ہے کہ تم دل صاف نہیں کرتی،،،معاف نہیں کرتی،،،انجانے میں اپنے دشمنوں کو ہی سوچ سوچ کر اور بد خواہوں پہ کڑھ کڑھ کر اپنی صحت برباد کرتی ہو۔۔۔۔

جن پہ ایک لمحہ ضائع کرنا بھی حماقت ہے انھیں دل میں رکھ کر جلتے رہنا عقلمندی کہلائے گا؟؟؟؟؟ارے ان کی سزا یہی ہے کہ تم انھیں نظر انداز کرو اس یقین کے ساتھ کہ دل میں جب مجھے رکھو گی تو فلاح پاؤ گی اور سکون میں دوں گا۔مجھ پہ اعتبار نہیں؟؟؟؟سچ مجھے بہت پیاری ہو تم اورتمہارا دل صرف میرا گھر بننے کے لائق ہے۔

میں:(دل میں اترتی نمی اور بے بسی لیے)تو میرے بہت اچھے اللہ پاک! آپ میری مدد کریں کہ میرا دل ہر کثافت سے دھل جائے اور۔۔۔۔۔۔ اور۔۔۔۔۔۔ اور ہاں دیکھیں میں آپ کی خاطر سب کو معاف کرتی ہوں، دل صاف کرتی ہوں، بس! اب آپ نے مجھے استقامت دینی ہے اور مجھے بھی معاف کرنا ہے۔

سرگوشی:۔۔۔۔۔۔۔(کوئی آواز نہیں آتی)ایک مبہم گہری مسکراہٹ جو کسی بگڑے روٹھے ناداں بچے کی ندامت اور تابعداری پہ نمودار ہوتی ہے ۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں