مدیحہ مدثر۔۔۔۔۔۔۔
بعض اوقات ہم بڑی خوشیوں کی آس لگائے زندگی میں موجود چھوٹی خوشیوں سے لطف اندوز ہونا بھی چھوڑ دیتے ہیں۔ انھیں نظرانداز کرتے ہیں، حالانکہ حقیقت میں وہی اصل خوشیاں ہوتی ہیں جو روز مرہ کے معمول میں موجود ہوتی ہیں۔
ذیل میں ہم ایسی ہی 48 خوشیوں کا ذکر کرتے ہیں، آپ انھیں یاد رکھئے گا اورانھیں محسوس کیجئے گا، آپ کو یقیناً ایسا لطف ملے گا جو آپ کے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا۔
1۔صاف چادریں
کیا آپ سمجھتے ہیں کہ اس چیز سے بہتر بھی کچھ ہوسکتا ہے کہ آپ گرم پانی سے غسل کریں اور پھر صاف ستھرے بستر پہ سر کے پیچھے تکیہ رکھتے ہوئے لیٹیں اور تازہ ہوا اندر اتاریں ؟
2۔مٹی کی خوشبو
گرمیوں کی بارش کے بعد زمین سے اٹھنے والی مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو، چند لمحوں کے لیے آپ کا سانس روک دے گی۔ یہ خوشبو آپ کو بچپن کے زمانے میں لے جائے گی ۔
3۔بچے کے سر کی خوشبو
جی ہاں! نوزائیدہ بچوں کے سر سے ایک عجب خوشبو آتی ہے، آپ بھی اس الوہی خوشبو کو محسوس کیجیے۔آپ کو سمجھ آ جائے گی کہ بچوں کو کیوں جنت کا پھول کہا گیا ہے۔
4۔خالی سنک
برتنوں سے خالی سنک ظاہر کرتا ہے کہ دن بھر کا کام تمام ہوا اور اب آرام کا وقت ہے۔ صاف کچن اور دھلے برتن آپ کو یک گونہ سکون دیں گے، اب آپ کسی اچھی کتاب کا مطالعہ کریں یا کوئی ٹی وی پروگرام دیکھ لیں ، یہ آپ کی مرضی کی منحصر ہے۔ یہ احساس ہی بڑا فرحت بخش ہے کہ صبح دھلے ہوئے برتن ملیں گے۔
5۔مزاح
عام تاثر یہ ہے کہ کوئی بھی مزاحیہ بات ہمارے لبوں پہ مسکراہٹ کا باعث بن جائے گی لیکن وہ مزاح بھری بات سب سے زیادہ مزہ دیتی ہے جو اچانک یاد آئے اور آپ اپنے دوست کو سنا کر کھلکھلا کر ہنس پڑیں گے، اتنا زور سے ہنسیں گے کہ سانس لینا بھول جائیں گے۔ چاہے آپ کے ارد گرد کے لوگ آپ کو گائودی کیوں نہ سمجھیں، وہ آپ کے ماضی کی اس خوشگوار یاد سے واقف نہیں ہوں گے لیکن یقین کیجئے کہ وہ شرارتی یاد آپ کو دلی خوشی سے ہمکنار کرے گی۔اس لیے لوگوں کی پرواہ نہ کیجئے ،مسکرائیے، آپ کا چہرہ روشن لگے گا۔
6۔ محبوب افراد کا پیغام
کئی سال قبل آپ کو اپنے پیاروں سے آدھی ملاقات کے لیے دنوں، ہفتوں اورمہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔دلوں میں چاہت بھی خوب ہوتی تھی اور لکھنے کو بے شمار باتیں بھی جمع ہوتی تھیں لیکن اب ہم ایک ہی لمحہ میں کسی بھی شخص تک باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت روابط میں آسانی ہوگئی ہے،آپ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے پیاروں کو پیغام بھیجا کریں۔آپ دیکھیں گے کہ دوسروں کو غیر متوقع خوشی دے کر آپ بھی سکون محسوس کریں گے۔
7۔نئی جرابیں
نئی جرابیں بھی آپ کو عجب خوشی دیتی ہیں کیونکہ جرابیں ہمارے پاﺅں کی ایسی دوست ہوتی ہیں جو مشکل میں ساتھ دیتی ہیں، پاﺅں کی حفاظت کرتی ہیں اور انھیں فنگس وغیرہ سے بچاتی ہیں۔
8۔کاموں کی فہرست
کیا اس سے زیادہ خوشی دینے والی کوئی دوسری چیز ہو سکتی ہے کہ آپ کے کرنے کے کاموں کی فہرست میں شامل مشکل کام مکمل ہوجائیں اور آپ انھیں فہرست سے خارج کریں۔
9۔صاف ستھرا کمرہ
ایک گندے ،بکھرے ہوئے کمرے میں، بکھرے ہوئے سامان سے بھری ہوی آپ کی میز کیا آپ کو کوئی تخلیقی کام کرنے دے گی؟ لہذا اپنا کمرہ اور میز صاف ستھرا اور ترتیب سے رکھیں، ایسا کرنے سے آپ کی طبعیت اور سوچ پہ مثبت اثر پڑے گا۔
10۔گہری چاکلیٹ
اگر میں یہ کہوں کہ چاکلیٹ اپنے اندر جادوئی خاصیت رکھتی ہے تو غلط نہ ہو گا جس طرح یہ آپ کی زبان پہ پگھلتی اور آپ کے منہ میں مکمل گھلتے ہوئے آپ کے چکھنے کی حس کو مطمئن کرتی ہے، ایسا اطمینان کھانے کی کوئی دوسری چیز نہیں دے سکتی ۔
11۔بہار کی ہوا
جب موسم انگڑائی لیتا ہے توطویل اور اداس کر دینے والی شاموں اور ٹھنڈے بند گھروں میں آپ بند کھڑکیاں کھولتے ہیں، تب موسم بہار کی تازہ ہوا آپ کا استقبال کرتی ہے۔ بہار کو خوش آمدید کہیں اور بدلتے موسم میں وقت نکال کر ذرا گھر سے باہر نکلیں، کسی قریبی پارک میں جائیں، آپ بہت خوشی محسوس کریں گے۔
12۔تازہ کٹی ہوئی گھاس کی خوشبو
کیا آپ نے کبھی تازہ کٹی ہوئی گھاس سے اٹھتی ہوئی خوشبو کو محسوس کیا ہے؟ اس کےلئے ضروری نہیں کہ آپ خود گھاس کاٹیں، آپ ہمسائیوں کے لان سے بھی یہ خوشبو محسوس کرسکتے ہیں۔
13۔پھول توڑنا
آپ کسی بھی سٹور سے پھول خرید سکتے ہیں، یہ موسم بہار کی خوبصورت اور خوشبودار یاد دہانی ہوتی ہے،اپنے باغیچے یا صحن سے پھول توڑئیے، یاد کیجیے کہ کیسے مٹی میں ایک بیج بویا تھا، زمین کے پیٹ سے نکل کر، موسموں کی سختی سہنے کے بعد کیسا دلکش پھول آپ کے ہاتھ میں موجود ہے۔
14۔اجنبی کو دیکھ کر مسکرانا
آپ کسی سٹور میں لائن میں کھڑے ہیں،یا اپنی کسی اپائٹمنٹ کا انتظار کر رہے ہیں،یا کسی بور سی میٹنگ کا حصہ بننے پر مجبور ہیں یا گھر کی جانب رواں دواں ہیں تو کسی اجنبی کی طرف خیرمقدمی مسکراہٹ اچھالیے۔آپ کو ایک لفظ بھی بولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، آپ کی مسکراہٹ سب کہہ دے گی،آزما لیجیے۔
15۔سرد دن میں گرم مشروب
باہر ناقابل برداشت ٹھنڈ ہو، ظالم موسم کسی قدر نرمی پر بھی آمادہ نہ ہو، ایسے میںگھبرائیے مت!گرما گرم چائے کا کپ یا اچھی سی کافی لیں اور بند گھر میں سے گرم مشروب سے لطف اٹھاتے ہوئے باہر کا منظر دیکھیں۔
16۔قلفیاں
قلفی کا نام لیتے ہی بچے ذہن میں آتے ہیں حالانکہ یہ بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے۔ رنگ دار قلفی کھائیں، ٹھنڈک کے ساتھ ساتھ مزیدار ذائقے کو اندر اتارتے ہوئے بچپن کی یاد تازہ کریں۔
17۔انٹرنیٹ بند کر دیجیے
بعض اوقات جو چیز ہمارے لیے بڑی نعمت ہوتی ہیں،کثرت استعمال سے وہ زحمت بن جاتی ہے۔ انٹر نیٹ ان میں پہلے نمبر پر ہے۔ اگر انٹر نیٹ بند ہو جائے تو آپ موبائل، کمپیوٹر کچھ بھی استعمال نہیں کرسکتے لیکن ان سب چیزوں کے وقتی طور پہ نہ ہونے سے آپ کو لازمی سکون کا احساس ہو گا۔ جو ای میلز،ویڈیوز،کالز آپ وصول نہ کرسکیں ، انھیں بعد میں دیکھ لیجیے گا لیکن سکون کے ان لمحات سے پوری طرح لطف اندوز ہونے کا موقع ضائع مت کریں۔
18۔بچپن کی پسندیدہ کتاب پڑھیں
بڑا سا سبز رنگ کا کمرہ،جس میں ایک فون پڑا ہے، ایک سرخ رنگ کا غبارہ بھی ہے، ایک گائے کی تصویر بھی جو خوشی سے اچھل رہی ہے۔یقیناً باقی کی کہانی آپ خود مکمل کر لیں گے، بہت دلچسپ کہانی تخلیق ہوگی۔ بچوں کی بعض کتابیں بڑوں کے لیے بھی یکساں پرلطف ہوتی ہیں۔آپ اپنے بچپن کی کوئی سب سے پسندیدہ کتاب لے کر پڑھیں۔یقیناً آپ اس کتاب سے اتنی ہی محبت کریں گے جتنی آپ نے اِسے پہلی بار پڑھتے ہوئے کی تھی۔
19۔خوشی میں چھلانگ
آپ کو ٹویوٹا خریدنے کی ضرورت نہیں ہے،نہ ہی کسی پروموشن کی،نہ لاٹری جیتنے کی، نہ کسی ٹی وی چینل سے منظور شدہ پروگرام کی،کہ آپ خوشی سے اچھلیں۔ دراصل آپ کو فطرتاً زندہ دل ہونا چاہئیے۔کبھی کبھی بلاوجہ دونوں ایڑیاں جوڑ کر جمپ لگایا کریں، شور مچایا کریں،آپ کو اچھا لگے گا۔
20۔سورج کی گلابی کرنیں
آخری بار آپ نے کب سورج طلوع ہوتے دیکھا؟ یعنی آپ کب صبح سویرے اٹھے؟ اپنے کام پہ پہنچنے کی جلدی میں تیار ہوتے، بھاگتے، دوڑتے اچٹتی سی نگاہ سورج پہ ڈالی ہوگی۔ آپ نے تسلی سے طلوع آفتاب کا منظر نہیں دیکھا ہوگا۔ افق کی جانب دیکھتے ہوئے سورج کی گلابی،سرخ،مالٹا ،اور جامنی شعائیں نہیں دیکھی ہوں گی۔ کل صبح آپ سورج کو طلوع ہوتے ضرور دیکھے گا ، ٓپ کو یقین آجائے گا کہ ہم کس قدر خوبصورت دنیا میں جی رہے ہیں۔
21۔ بادلوں کی اشکال
کھلے آسمان تلے،کمر کے بل لیٹ کربادلوں کی اشکال دیکھنا بچوں کا ہی کام ہے یا بیروزگاروں کا؟بالکل نہیں۔ ایسے لیٹ کر بادلوں کی اشکال دیکھنا اعصاب اور روح کو پرسکون بناتا ہے ۔
22۔اینٹوں پہ چہل قدمی
گھر سے باہر سیر کو نکلنا بہت سے جسمانی اور ذہنی فوائد کا باعث بنتا ہے۔تخلیقی صلاحیتیں اجاگر ہوتی ہیں، موڈ بہتر ہوتا ہے،خون کی گردش بہتر ہوتی ہے،دل کی دھڑکنوں کی ترتیب درست ہوتی ہے اور وٹامن ڈی کا کوٹہ پورا ہوتا ہے۔ اگر اس چہل قدمی میں تھوڑی سی ورزش بھی شامل کر لیں تو نتائج مزید بہتر آئیں گے لہذا واک ضرور کیا کریں۔
23۔تصویر میں رنگ بھرنا
آپ کو کبھی کوئی یہ نہیں کہے گا کہ کسی چیز سے لطف حاصل کرنے کے لیے آپکا اس میں ماہر ہونا بھی ضروری ہے۔کینوس پہ رنگ بھرنا، آپ کی تخلیقی صلاحیت کو جلا بخشتا ہے۔ یہ چیز اہم نہیں کہ آپ نے کیسے اور کس قسم کے رنگ استعمال کئے ،اہم رنگ بھرنا ہے۔ رنگ بھرتے وقت آپ کو محسوس ہو گا کہ آپ نے دماغ کے اس حصے کو جھنجھوڑا ہے جو ہم میں سے اکثر لوگ استعمال نہیں کرتے۔
24۔پکی ہوئی اسٹرابیری کھانا
بیریز قدرتی ٹافیاں ہیں۔ تازہ،پکی ہوئی اسٹرابیری توڑ کر کھانے کا خوبصورت احساس آپ کبھی نہیں بھول سکیں گے۔چاہیں تو آپ کھانے کی بجائے ان کا شیک بھی بناسکتے ہیں۔
25۔کنگھی کرنا
آپ کسی کے بال نرمی اور محبت سے سلجھا دیں۔اس سادہ سے عمل سے مقابل کو بہت اچھا لگے گا اور آپ اچھا محسوس کریں گے۔
26۔تازہ پکی ہوئی روٹی کی خوشبو
ہم سب اپنے گھروں میں روٹی پکاتے ہیں اور اس کی خوشبو سے محظوظ ہوتے ہیں لیکن اگر آپ کے پاس پکانے کا وقت نہیں تو تندور سے گرما گرم روٹی لیجیے اور کھانے کے ساتھ ساتھ اس کی خوشبو سے بھی لطف اٹھائیں۔
27۔ پرانا فوٹو البم
پرانی یادیں جب دھندلی پڑنے لگیں تو فورًا یادوں کی پٹاری کی جھاڑ پونچھ کیجیے۔ ماضی کو یاد رکھنا چاہئیے۔ایسے میں ایک پرانی تصویر بھی آپ کو بہت کچھ یاد دلا دیتی ہے۔تمام پرانے احساسات،خوشبوئیں،خاندان کے افراد،دوست غرض ہر چیز چھم سے ذہن کے پردے پہ لہرانے لگتی ہے۔
28۔بچوں کے ساتھ کھیلنا
آپ چاہے نیٹ پہ جو مرضی کھیلیں لیکن یاد رکھیں بچوں کے لیے سب سے پیارا کھیل یہی ہے کہ آپ ان کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر جھولیں۔ جب آپ جسمانی طور پہ بچوں کے ساتھ کھیل کود میں شامل ہوں گے تو تا عمر اس پُر لطف سرگرمی کو یاد رکھیں گے۔
29۔ننگے پائوں پارک میں چلنا
یاد کریں جب بچپن میں والدین جوتے پہناتے تھے تو وہ بالکل ایک قید کی طرح لگتے تھے۔ یقینًا کوئی وجہ تو ہے جو بچے بہت تیزی سے اپنے پیروں کو جوتوں کی قید سے آزاد کراتے ہیں۔اپنے جوتے اتارئیے، ننگے پائوں پارک میں گھومتے ہوئے گھاس،ریت،اور مٹی کو محسوس کریں۔ آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ بچے کیوں ننگے پائوں پھرنا پسند کرتے ہیں۔
30۔صبح کی انگڑائی
جب آپ صبح بیدار ہوتے ہیں تو سب سے پہلے کیا کرتے ہیں؟ بہت سے لوگوں کی طرح فون چیک کرتے ہیں؟اس کے بجائے گہرا لمبا سانس اور بھرپور انگڑائی لیں۔ بازو اوپر کر کے اپنی انگلیوں اور انگوٹھوں کو حرکت دیں،اپنے اعضاءکو پھیلائیں،گردن کو لمبا کریں یعنی پیچھے کی طرف موڑیں،بدن کے ہر حصے کو محسوس کروائیں کہ آپ جاگ گئے ہیں۔ پھر اپنا فون چیک کریں اگر آپ نے لازمی چیک کرنا ہے۔
31۔خوشگوار راز کی سرگوشی
بعض راز شئیر کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔ مثلًا کسی بہت اپنے کی محبت کا اظہار،یا کسی مہربان کی جانب سے کھانے کی دعوت،یا کسی خوشی کے موقع پر لی جانے والی ٹریٹ۔ ایسی خوشیوں کو جب آپ خفیہ انداز میں مسکراتے ہوئے کسی دوست کے کان میں سرگوشی کی صورت میں کہیں گے تو خود بھی سرشاری کی کیفیت سے گزریں گے۔
32۔ایک بالکل نئی کاپی کھولنا
ایک نئے کاغذ کی خوشبو،بالکل خام مال کی خوشبو جیسی لگتی ہے، صفحے پر موجود خالی لائینیں اور ایک نئی کاپی کی شفاف جلد،آپ کو آنے والے دنوں میں کئے جانے والے کاموں کی امید اور ممکنات کی خوشبو دے رہی ہوتی ہے اور آپ کو عملی طور پہ ترغیب دیتی ہے کہ آنے والے کاموں کی فہرست بنا لیجیے یا پھر اس کو یونہی صاف ستھرا رکھنا اور نئے صفحات دیکھنا بھی اچھا لگتا ہے۔
33۔بیج بونا
ہم اپنے گردونواح میں پھل،پھول،درخت وغیرہ دیکھتے ہیں،کبھی سوچاکیسے یہ مٹی میں دبے ہوئے بیج سے نمو پاتے ہیں؟کبھی کوئی بیج لے کر مٹی میں دبائیں اور اس کو دباتے ہوئے مٹی کو محسوس کریں۔پھر اس بیج کو پھلتے پھولتے دیکھیں آپ کو روحانی مسرت ملے گی۔آزمائش شرط ہے۔
34۔شکر ادا کیجیے
اپنی زندگی میں موجود بہترین نعمتوں کو محسوس کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ شکر ادا کریں۔جب ہم بے شمار نعمتیں پاتے ہیں تو ہم ان کی لذتوں میں کھو کر شکر ادا کرنا بھول جاتے ہیں۔ اگر آپ اپنے پاس موجود انواع و اقسام کی نعمتوں کا دوام چاہتے ہیں تو شکر ادا کیجیے۔
35۔بچوں کے ساتھ جھومنا
بچوں میں بہت سی خصوصیات ہوتی ہیں لیکن ایک چیز جو مجھے سب سے زیادہ اچھی لگتی ہےکہ بچے شرمیلے نہیں ہوتے، من موجی ہوتے ہیں۔ ایک بڑا بندہ جب رقص کرنے کی غرض سے سامنے آئے گا تو وہ ہلنے جلنے میں آسانی محسوس نہیں کرے گا اور کسی کا ساتھ چاہے گا جبکہ دوسری طرف ایک بچہ خالی جگہ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھلے گا،کودے گا،جھومے گا موسیقی کی آواز پر۔ بور کر دینے والی گفتگو میں شامل ہونے سے کہیں بہتر ہے کہ آپ اپنے لاڈلے بچے کے ساتھ اسی کے انداز میں رقص کرلیں۔
36۔اپنا پسندیدہ گانا
ضروری نہیں کہ بہت مشہور،دل کو کھینچنے والا،یا موجودہ دور کا کوئی گانا ہی آپ کو پسند ہو لیکن ہم سب کا کوئی نہ کوئی پسندیدہ گانا ضرور ہوتا ہے جسے ہم اپنی فہرست سے خارج نہیں کر پاتے ۔آن لائن اپنی پسند کا گانا منتخب کریں اور اسے سنیں، ساتھ ساتھ گائیں اور بھرپور لطف اٹھائیں۔
37۔سکہ اٹھانا
اگر آپ چلتے ہوئے پگڈنڈی سے ایک سکہ اٹھا لیتے ہیں تو کون جانتاہے کہ وہ وہی سکہ آپ کی قسمت بدل دے گا؟ اس طرح کم از کم آپ ایک فیصد امیر ہو ہی جائیں گے، زمین پر پڑاکوڑا بھی ٹھکانے لگ جائے گا۔ سب سے بڑی بات آپ کو بچپن میں سکہ ملنے پر جو خوشی ہوتی تھی، ویسی ہی خوشی اب بھی محسوس ہوگی۔
38۔نہاتے ہوئے گنگنانا
ہر شخص نہاتے ہوئے بہت اچھا گاتا ہے۔یہ سائنسی طور پہ ثابت شدہ حقیقت ہے لہذا اس تنہائی اور مرطوب فضا کا فائدہ اٹھائیں اور اپنی سماعت کا۔ اپنے اندر کے گلوکار کو موقع دیں کیونکہ وہاں آپ کی گلوکاری کا کوئی تجزیہ کرنے والا نہیں ہوگا سوائے غسل خانے میں موجود صابن کے۔
39۔ای میل باکس کی صفائی کریں
ای میل ایک حیران کن جدید سہولت ہے لیکن یہ ایک بہت بڑا سردرد بھی ہے۔ جب لوگوں کو معلوم ہوجائے کہ وہ آپ سے کبھی بھی، کہیں بھی رابطہ کرسکتے ہیں تو وہ ای میل کرتے ہیں۔ ہم روزانہ بے شمار ای میلز وصول کرتے ہیں جن میں سے زیادہ تر فضول ہوتی ہیں، یہ فضول ای میلز ہمارے لئے ای میل تلاش کرنے کو بہت خوفناک عمل بنادیتی ہیں۔ لہذا غیر ضروری اور فضول چیزوں سے اپنا میل باکس مکمل صاف کردیں، نتیجتاً آپ ناقابل یقین سکون محسوس کریں گے۔
40۔ایک دلکش تصویر کھینچنا
ہم میں سے اکثریت بہت اعلیٰ کیمرے اپنی جیب میں ڈالے روزانہ گھوم رہی ہوتی ہے لیکن ہم لوگ اپنے فون میں اس قدر مصروف رہتے ہیں کہ اپنے ارد گرد موجود خوبصورتی کے چھوٹے چھوٹے لمحات گنوا دیتے ہیں۔اب جب بھی آپ باہر نکلیں تو ایک چُرمُر پتے کی یا ایک قوس قزح کے رنگ لیے تیل کی،یا اپنی گاڑی کی اگلی سکرین پہ موجود بارش کے قطروں کی،یا کسی بھی چھوٹے سے تخلیقی کام کی تصویر لیجیے اسے حسین یادوں میں شامل کرنے کی غرض سے۔آپ چاہیں تو اسے اپنے پاس محفوظ رکھیں یا کسی کو بھیج دیں۔
41۔دانتوں کی صفائی کے لیے نیا ٹوتھ پیسٹ
حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنا آپ کو ایک اچھا، باعمل انسان بناتا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ کوئی عام سا کام ہے۔آپ اپنی پرانی، اچھی طرح نچڑی ہوئی اور پپڑی زدہ ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوب پھینک کر نئی ٹیوب کھولیں۔ نئی ٹیوب سے نکل پہلا پیسٹ بہت بھلا لگتا ہے۔ اسے محسوس کیجئے۔
42۔دھلے ہوئے کپڑوں کی مہک
ایک موٹی ٹی شرٹ کو ڈرائیر سے نکال کر سونگھیں، آپ کو گرم اور نرم شرٹ سے بہت مزے کی خوشبو آئے گی، آپ اسے بے ساختہ سینے سے لگا لیں گے۔ خاص طور پر آپ کو یہ تب خوشی دے گی جب آپ باہر بارش یا برفباری کا سامنا کر کے آ رہے ہوں گے۔
43۔ایک مطمئن کردینے والی تالی کا مزہ
آپ کسی چیز کی مبارکباد وصول کر رہے ہوں یا کوئی ایوارڈ لے رہے ہوں، سامنے والے کا آپ سے گرمجوشی سے ہاتھ ملانا اس بات کا اظہار ہے کہ آپ ایک بہترین انسان ہیں، یوں کسی دوسرے سے ہاتھ ملانا اور اس کا لمس محسوس کرنا آپ کو بھی بہت اچھا لگے گا۔
44۔بلی کا بچہ پالنا
نرم اور سلکی پوستیں ایک بلی کے بچے کی،اسے پالتو بنانے کے لیے بہترین ترغیب ہے، جب وہ آپ کی گود میں کھیلے گا تو یہ جنت کی ایک نعمت جیسا لگے گا۔
45۔ایک کرکرا سیب
ایک کھٹ میٹھا سیب لیں اور اس کی ایک قاش منہ میں ڈالیں۔اس کا رس آپ کی ٹھوڑی پہ بہہ رہا ہو اور آپ کی زبان اس کے ذائقے اور رسیلے پن میں ڈوبی ہوئی ہو۔ اب ایسی اقسام کے سیب باغیچوں میں کاشت ہو رہے ہیں جو پہلے نہیں ملتے تھے۔آپ کو اب انتظار نہیں کرنا پڑتا کہ کب پتے گریں اور آپ سیب سے لطف اٹھائیں۔
46۔پاپ کارن سے لطف اٹھائیے
پاپ کارن بہت مزے کا ہلکا پھلکا سا کھاجا ہے۔کبھی گرما گرم پاپ کارن کی خوشبو سے آپ محظوظ ہوئے؟کبھی انھیں بھنائی کے وقت چٹکتے ہوئے دیکھا؟ان کی خوشبو اور ذائقہ آپ کو بہت سرور دے گا۔اور آپ بغیر بھوک کے بھی انھیں کھاتے چلے جائیں گے۔اس کا سب سے پر لطف حصہ یہ ہے کہ آپ کوئی بھی پنیر،باربی کیو،یا کوئی اور پسندیدہ ذائقہ دار چیز پاپ کارن پہ ڈال کر لطف دوبالا کرسکتے ہیں۔
47۔کتاب پڑھنا
ٹیکنالوجی کے دور میں آپ کتابیں فون یا ٹیبلٹ پر باآسانی پڑھ سکتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے آپ کبھی اُس لطف سے آشنا نہیں ہوسکتے جو ایک کتاب کو ہاتھ میں لے کر پڑھنے سے آتا ہے۔ایک نئی کتاب جو تازہ روشنائی سے لکھی ہوئی ہو، اس کی خوشبو کا کوئی دوسری چیز مقابلہ نہیں کرسکتی۔کتاب کا وزن ہاتھوں میں محسوس کر کے آپ آدھا لطف تو اسی وقت حاصل کرلیتے ہیں۔
48۔گلے ملنے کی گرمی
اطمینان،گرمی،حفاظت،ہمدردی،خوش اخلاقی،مہربانی،معاف کرنا۔محبت،دوستی،شفقت ۔یہ بہت ہی دلچسپ کام ہیں لیکن کسی کو گرم جوشی سے گلے لگانے سے یہ سارے کام ایک ہی بار ہوجاتے ہیں،آپ کو ئی ایک لفظ بھی نہیں بولنا پڑتا، یہ سب سے دلنشیں انداز ہے جذبوں کی حدت ایک دوسرے تک پہنچانے کا۔
4 پر “48 چھوٹی خوشیاں جو زندگی میں خالص لطف پیدا کرتی ہیں” جوابات
ماشااللہ، بہت بہترین انداز اورخوشیاں کشیدکرنے آسان ذرائع۔
اللہ کریم صلاحیتوں میں مزیدنکھار فرمائے۔آمین
جزاک اللہ آمین ثمہ آمین
اس میں کچپ الفاظوں کی غلطیاں ہیں درست کیجئے گا
بہترین بات الحمداللہ ۔ تقریبا ” ہر چیز ہی ایسی بجس سے واقعی خوشی حاصل ہوتی ہے۔۔