شہبازشریف کے پسندیدہ بیوروکریٹس کی واپسی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

طارق بٹ۔۔۔۔۔۔
پنجاب میں مختلف اہم عہدوں پر تعینات کئے گئے زیادہ تر بیوروکریٹس اچھے پیشہ ور ہیں اور اچھی ساکھ کے حامل ہیں، تاہم اس طرح کی تنظیم نو پر نظر رکھنے والے سینئر عہدیداران نے بتایا کہ ان تمام افراد نے شہباز شریف انتظامیہ کے دوران بڑے عہدوں پر خدمات سرانجام دیں۔

حکومت پنجاب کے ترجمان شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار افسران کے تبادلے اور تعیناتی جس وقت ٹھیک سمجھیں گے اسی وقت کریں گے۔ عہدیداران کا کہنا تھا کہ جن افسران کو اب نئے کام سونپے گئے ہیں وہ اپنی محنت اور پیشہ وارانہ خصوصیت کے باعث سابق وزیر اعلیٰ کے پسندیدہ افراد رہے ہیں۔

عہدیداران میں سے ایک کا کہنا تھا وہ افسران پرجوش ہیں، تازہ تبدیلیاں بہتر ہیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز کو انسپکٹر جنرل آف پولیس مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے اسی عہدے پر شہباز شریف کی حکومت کے دوران گزشتہ 18 ماہ خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے امجد جاوید سلیم کی جگہ لی ہے جنہیں اس سے قبل گورنر پنجاب چوہدری سرور کی سفارش پر یہ عہدہ سونپا گیا تھا۔

رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ پنجاب چیف سیکریٹری یوسف نسیم کھوکھر کے تبادلہ پر بھی بات چیت جاری ہے۔ انہیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے قریب سمجھا جاتا ہے۔ عبد اللہ سنبل شہباز شریف کی حکومت کے دوران طاقتور سیکریٹری کوآرڈینیشن (پرنسپل اسٹاف آفیسر) اور لاہور کے کمشنر تھے۔ انہیں احمد رضا سرور کی جگہ سیکریٹری آف سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن بنادیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے دور میں لاہور، فیصل آباد اور ملتان کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفس (ڈی سی او) کے کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے والے نسیم صادق کو فوڈ سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے۔ وہ ایک معروف فیلڈ آفیسر ہیں اور انہیں شہباز شریف کے قریبی بیوروکریٹس میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے فنانس سیکریٹری اور بعد میں لاہور اورنج لائن پراجیکٹ کے ٹرانسپورٹ سیکریٹری انچارج شوکت علی کو نئی حکومت کے ایگریکلچر ریفارم ایجنڈاکیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ احمد جاوید قاضی شہباز شریف کے دور حکومت میں سیکریٹری عملدر آمد رہ چکے ہیں۔ انہوں نے سیکریٹری آبپاشی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

سیکریٹری داخلہ فضیل اصغر کو وفاقی کابینہ کے اہم رکن کا قریبی مانا جاتا ہے اور 2008-2013 میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ڈی سی او اور کمشنر ملتان رہ چکے ہیں۔ انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے نئے سیکریٹری ڈاکٹر شعیب اکبر شہباز شریف کے خصوصی سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، لیبر سیکریٹری اور وائلڈ لائف کے ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی جو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکریٹری کوآرڈینیشن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں، انہیں حمید یعقوب خان کی جگہ فنانس سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے۔ عہدیداران کا کہنا ہے کہ موجودہ بیوروکریٹک تنظیم نو متعارف کرانے سے قبل طویل غور و خوض کیا گیا۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “شہبازشریف کے پسندیدہ بیوروکریٹس کی واپسی”

  1. الصباح Avatar
    الصباح

    یہ نظام کتنا شاندار اور بے مثال ہے۔ پڑھے لکھے تجربہ کار افراد اپنی تعلیم اور تجربے کے بل بوتے پر اتنی جرات بھی نہیں کرسکتے کہ دو دو ٹکے کے سیاستدانوں سے بغاوت کرکے ملک کی اصل خدمت کرسکیں۔ جس کا مالک میٹرک پاس سیاستدان ہو اسے اپنی تعلیم و تجربے پر خاک ڈال دینی چاہیے۔