وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے شیڈول عشایے میں اپوزیشن کے مرکزی رہنماؤں کو نہ بلانے کی وجہ کو ان کے خلاف کیسز سے جوڑ دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواہد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنماؤں کو کیسے بلائیں جبکہ وہ بدعنوانی کے مقدمات میں جیلوں میں ہیں یا پھر ضمانتوں پر رہا جو شامل تفتیش ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے جو رہنما اس کے علاوہ باقی رہ گئے ہیں ’وہ اس قد کے ہی نہیں‘ کہ انہیں عشایے میں مدعو کیا جائے کیونکہ انہیں بلانا نہ بلانا برابر ہے۔
وفاقی وزیر نے قومی اسمبلی میں سنجیدہ اپوزیشن کے نہ ہونے کو سیاسی بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ہی کوئی اپوزیشن لیڈرشپ سامنے آئے گی ابھی کوئی موجود نہیں ہے۔