جب آپ اپنے کسی عزیز سے محبت کا اظہار کرتے ہیں اور اُسے گرم جوشی سے گلے لگاکر وہ سب کچھ کہہ دیتے ہیں جو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
ماہرین کے مطابق اچھا محسوس کرنے کا عنصر صرف ہمارے ذہن میں نہیں ہوتا ، کسی کے ساتھ 20سیکنڈسے زائد گلے ملنے سے نہ صرف ہمارے جسم پر علاج جیسا اثر ہوتا ہے بلکہ ذہن پر بھی اس کے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مختلف تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ گلے ملنے سے ہم صحت مند اور خوش و خرم رہتے ہیں۔
تنہائی کے احساس میں کمی
ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے دور میں لوگوں کا آپس میں میل جول بہت کم ہوگیا ہے، ایسے میں اگر کوئی عزیز آکر آپ سے گلے ملے تو قریبی تعلق کا احساس ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گلے ملتے وقت آکسی ٹوسین (oxytocin) ریلیز ہوتا ہے، جو ’’لو‘‘ ہارمون یا کڈل ’’cuddle‘‘ ہارمون کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
درد اور تکلیف میں کمی
اگر درد یا تکلیف کے وقت کوئی آپ سے گلے ملے تو آپ کودرد کے احساس میں واضح کمی محسوس ہوگی۔ایک تحقیق کے مطابق گلے ملنا حیرت انگیز طور پر قدرتی درد کش اثرات رکھتا ہے۔
جب جذبات بیان کرنے کےلئے الفاظ نہ ہوں
زندگی میں کبھی ایسے لمحات بھی آتے ہیں جب فرط جذبات سے الفاظ آپ کا ساتھ نہیں دے پاتے،ایسے موقع پرگرم جوشی سے گلے لگانے سے آپ سب کچھ کہہ دیتے ہیں اور ایک بھی لفظ ادا کیے بغیر بتادیتے ہیں کہ آپ اُس کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔
ڈپریشن دور کرے، دل کو صحت مند رکھے
تحقیق کے مطابق جب آپ گلے ملتے ہیں تو کورٹیسول (cortisol) نامی ہارمون میں کمی واقع ہوتی ہے جس کی وجہ سے ذہنی تناؤ بھی کم ہوجاتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ ہارمون بلڈ پریشر میں اضافے کے حوالےسے بھی جانا جاتا ہے، جو دل کی بیماریوں میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گلے ملنے کے دوران کورٹیسول کی سطح نیچے آجاتی ہے جو دل کو بیماریوں سے بچاتی ہے۔