جانئے کہ آپ کس چینی سال میں پیدا ہوئے اور آپ کی شخصیت کیسی ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

چین کے نئے سال کے حوالے سے نیچے آپ چینی منطقہ البروج کے بارے میں جان سکیں گے اور یہ بھی دیکھ سکیں گے آپ کی پیدائش جس سال میں ہوئی، وہ کس جانور کا سال تھا۔

چین کے یہ بروج 12 جانوروں پر مشتمل ہے اور ہر 12 سال بعد ایک جانور کی باری آتی ہے، یعنی جیسے موجودہ سال خنزیر کا سال ہے جو آخری بار 2007 میں آیا تھا۔

چین کی لوک روایات کے مطابق جانوروں کے سال کی ترتیب کا تعین ایک دوڑ سے ہوا تھا جو کہ ایک عقلمند چوہے نے ایک بیل پر چڑھ کر جیت لی، جو اختتام تک بیل کی کمر پر چڑھا رہا اور فنش لائن سےس پہلے اتر گیا۔
تو اب چوہے کا سال پہلے آیا پھر بیل کی باری آئی۔

موجودہ سال جس جانور کا ہے چینی ماہرین اس سال پیدا ہونے والوں کے لیے بدقسمتی قرار دیتے ہیں مگر یہ دیگر برسوں میں پیدا ہونے والوں کے لیے خوش قسمت بھی ثابت ہوتا ہے۔

ویسے تو چین کے ان بروج کے فوائد کے بارے میں کوئی سائنسی ضمانت موجود نہیں مگر تفریح کے طور پر آپ جان سکتے ہیں کہ کس سال پیدا ہونے والے افراد کی شخصیت کیسی ہوسکتی ہے۔

چوہے کا سال
سال : 1912، 1924، 1936، 1948، 1960، 1972، 1984، 1996، 2008
اس سال پیدا ہونے والے افراد عقلمند اور پرکشش ہوتے ہیں، ان کے اندر تجسس ہوتا ہے مگر اکثر اوقات دولت کمانے کے لیے عزم بہت زیادہ ہوتا ہے۔

بیل کا سال
سال : 1913، 1925، 1937، 1949، 1961، 1973، 1985، 1997، 2009
اس نشان کے تحت پیدا ہونے والے مستقل مزاج اور صاف گو ہوتے ہیں، وہ مضبوط عقیدہ رکھتے ہیں اور اپنے خیالات پر ڈٹے رہنے کی وجہ سے دوسروں کو ضدی بھی محسوس ہوسکتے ہیں۔

ٹائیگر کا سال
سال : 1914، 1926، 1938، 1950، 1962، 1974، 1986، 1998، 2010
اس سال میں پیدا ہونے والے افراد کو بہادر اور خودمختار سمجھا جاتا ہے، ان کے سوچ کی گہرائی اور جرات مندانہ اقدامات پر ان کا احترام کیا جاتا ہے مگر کئی بار وہ اپنی کامیابیوں پر دکھاوا بھی کرتے ہیں۔

خرگوش کا سال
سال : 1915، 1927، 1939، 1951، 1963، 1975، 1987، 1999، 2011
اس نشان کے تحت پیدا ہونے والے افراد مخلص ہوتے ہیں اور تنازعات میں الجھنے سے گریز کرتے ہیں، اگرچہ وہ کافی حساس بھی ہوتے ہیں مگر ان میں ہچکچاہٹ بھی کافی ہوتی ہے جس کی وجہ سے اہم مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہتے ہیں۔

ڈریگن کا سال
سال : 1916، 1928، 1940، 1952، 1964، 1976، 1988، 2000، 2012
ڈریگن کو طاقتور نشان کہا جاتا ہے اور اس سے تعلق رکھنے والے لوگ آسودہ حال تصور کیے جاتے ہیں۔ اس سال میں پیدا ہونے والے افراد توانائی اور جوش و خرش سے بھرپور ہوتے ہیں، وہ منافقت اور چغل خوری سے نفرت کرتے ہیں اور اکثر اوقات کچھ مغرور اور جلدباز بھی ثابت ہوتے ہیں۔

سانپ کا سال
سال : 1917، 1929، 1941، 1953، 1965، 1977، 1989، 2001، 2013
سانپ کو چینی عوام دانشمندی اور مزاح کی علامت سمجھتے ہیں، اور اکثر اس سال میں پیدا ہونے والوں پرمزاح اور فنون لطیفہ کی پیدائشی صلاحیت رکھنے والا سمجھا جاتا تھا، تاہم سانپ چونکہ وہمی بھی ہوتے ہیں تو اکثر وہ دوسروں پر شکوک بھی کرتے ہیں۔

گھوڑے کا سال
سال : 1918، 1930، 1942، 1954، 1966، 1978، 1990، 2002، 2014
اس نشان کے تحت پیدا ہونے والے افراد گرمجوش دال کا مالک اور تن آسان سمجھا جاتا ہے، خودمختاری ان کی سب سے بڑی مضبوطی ہوتی ہے مگر اکثراوقات وہ دیگر افراد سے کچھ زیادہ ہی بے تکلف ہوجاتے ہیں جو زیادہ پسند نہیں کیا جاتا۔

بکری کا سال
سال : 1919، 1931، 1943، 1955، 1967، 1979، 1991، 2003، 2015
اس سال کے پیدا ہونے والے تنہائی پسند اور اپنے خیالات میں گم رہنا پسند کرتے ہیں، وہ تخلیقی سوچ کے مالک اور فنون لطیفہ کو سراہتے ہیں، اگرچہ وہ کفایت شعار اور محتاط ہوسکتے ہیں مگر متذبذب فطرت کے حامل بھی ہوسکتے ہیں۔

بندر کا سال
سال : 1920، 1932، 1944، 1956، 1968، 1980، 1992، 2004، 2016
بندر کے نشان والے سال میں پیدا ہونے والے افراد ہنسنا پسند کرتے ہیں، عام طور پر متحرک اور خوش مزاج ہوتے ہیں مگر کئی بار وہ اپنی شخصیت پر کنٹرول کھو دیتے ہیں۔

مرغے کا سال
سال : 1921، 1933، 1945، 1957، 1969، 1981، 1993، 2005، 2017
اس نشان والے افراد دیانتدار، باریک بین اور محنتی ہوسکتے ہیں، وہ شاذ و نادر ہی اپنی زندگی میں دوسروں پر انحصار کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ دوسروں سے تعلق میں بے صبر بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

کتے کا سال
سال : 1922، 1934، 1946، 1958، 1970، 1982، 1944، 2006، 2018
اس نشان کے برسوں میں پیدا ہونے والے افراد بہت زیادہ وفادار اور ہمیشہ چیزوں کو راز میں رکھتے ہیں، وہ زندگی کی مشکلات سے گھبراتے نہیں مگر اکثراوقات وہ بہت زیادہ فکرمند بھی رہتے ہیں۔

خنزیر کا سال
سال : 1923، 1935، 1947، 1959، 1971، 1983، 1995، 2007، 2019
اس نشان والے افراد مہذب اور اچھے اخلاق والے ہوسکتے ہیں، وہ ہمیشہ دیگر کی غلطیوں کو معاف کردیتے ہیں ، جس کی وج ہسے اکثر لوگ انہیں سادہ لوح اور احمق بھی سمجھ لیتے ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں