پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار عامر چیمہ نے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر شہباز کو سرگودھا کے حلقے این اے-91 میں ہونے والے 20 پولنگ اسٹیشنوں میں واضح برتری سے شکست دے کر 25 جولائی 2018 کو ہاری ہوئی نشست حاصل کرلی۔
سرگودھا میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے-91 کے 20 پولنگ اسٹیشنوں میں دوبارہ پولنگ ہوئی جہاں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے عامرچیمہ نے 12 ہزار28 ووٹ حاصل کیے۔
غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹرذوالفقار نے 3 ہزار 134 ووٹ حاصل کیے جہاں انہوں نے عام انتخابات میں صرف 87 ووٹ سے کامیاب ہوئے تھے۔
عامر چیمہ کی کامیابی پر ان کے حامیوں نے جشن منایا اور نوٹ نچھاور کیے گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں عامر چیمہ کی جیت کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر قومی اعتماد قرار دیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ‘شاہینوں کے شہر سرگودھا سے تحریک انصاف کے لیے ایک اور قومی نشست کا تحفہ، وزیر اعظم کی قیادت پر قومی اعتماد کا مظہر ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘عامر چیمہ اور تحریک انصاف کی قیادت کو بہت مبارک، آج انور چیمہ کی روح بھی مطمئن ہو گی کہ ان کے بیٹے کو ان کے حلقے سے نمائندگی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے’۔