ضیاء چترالی
غزہ میں مزاحمت مسلسل اپنا اثر دکھا رہی ہے، اگرچہ اسرائیل ایک عرصہ سے غزہ میں مزاحمت کو ختم کرنے اور وہاں اپنا کنٹرول قائم کرنے کا دعویٰ کر رہا ہے تاہم سوا سال گزرنے کے باوجود نہ صرف غزہ میں مزاحمت باقی ہے بلکہ مسلسل تیز ہو رہی ہے، اسرائیلی فوجیوں کو پہلے کی نسبت زیادہ نقصان سے دوچار کر رہی ہے۔
بیت حنون شمالی غزہ کا سب سے آخری علاقہ ہے جسے اسرائیلی فوج نے زمینی حملے کے بالکل شروع میں ہی کلیئر کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ لیکن کل اسی ’کلیئر‘ علاقے میں اسرائیلی فوجیوں پر ایک غیر معمولی حملہ ہوگیا۔ اگرچہ اسرائیلی فوج نے سرکاری طور 4 فوجیوں کی ہلاکت اور ایک افسر، ایک سپاہی کے شدید زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے، مگر اسرائیلی ذرائع کے مطابق 7 ہلاک اور 30 زخمی ہوچکے ہیں جن میں 11 کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی اخبار یدیعوت آحرونوت کے مطابق، یہ فوجی اُس وقت ہلاک ہوئے جب دوران گشت ان پر ایک طاقتور دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا۔ حملے کا ہدف ناحال بریگیڈ کے نائب کمانڈر کی گاڑی تھی، جو اس حملے میں زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ حملہ آور ایک ایسی سرنگ کے ذریعے علاقے تک پہنچے جو پہلے دریافت نہیں ہوئی تھی۔
اسرائیلی چینل 12 نے کہا کہ یہ ایک دوہرے حملے کا واقعہ تھا، جس میں بارودی مواد کے دھماکے کے ساتھ ساتھ فائرنگ بھی شامل تھی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ہلاک شدہ اور زخمی فوجیوں کو وہاں سے نکالنے کا عمل بھی بہت پیچیدہ تھا، کیونکہ علاقے میں شدید فائرنگ جاری تھی۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’غزہ کی جھڑپوں میں 4 فوجیوں کی ہلاکت پر ہمارے دل ٹوٹ رہے ہیں‘ انھوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ بہت بھاری اور تکلیف دہ قیمتیں وصول کر رہی ہے، کیونکہ ہم نے پچھلے ہفتے ہی 10 فوجیوں سے محروم ہوئے تھے۔‘
اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا ’یہ اسرائیل کے لیے ایک بہت ہی مشکل شام ہے، کیونکہ ہمیں اپنے 4 بہترین سپوتوں کی موت کی خبر ملی ہے‘ بعد ازاں، اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے کہا ’ہم شمالی غزہ میں اپنے 4 فوجیوں کی ہلاکت پر غمزدہ ہیں۔‘
اسرائیلی چینل 13 کے مطابق، شمالی غزہ میں آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک 50 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 11 فوجی بیت حانون میں مارے گئے۔ چینل نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ غزہ میں زمینی آپریشن کے آغاز سے اب تک 400 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب اسرائیلی میڈیا نے ہفتہ کی شام رپورٹ کیا کہ شمالی غزہ میں ایک دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔ اسی دوران میں سوشل میڈیا پر آبادکاروں کے پلیٹ فارمز نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کی اطلاع دی۔
اس سے قبل، فلسطینی میڈیا نے آبادکاروں سے منسلک پلیٹ فارمز کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ آج 7 اسرائیلی فوجی ہلاک اور تقریباً 30 دیگر زخمی ہوئے، جن میں سے 11 کی حالت شدید اور تشویشناک ہے۔ ان پلیٹ فارمز کے مطابق، ہلاک شدہ سات فوجیوں میں 4 ناحال بریگیڈ کے، 2 کفیر بریگیڈ کی نیتساح یہودا بٹالین کے اور ایک غفعاتی بریگیڈ کا تھا۔ ان پلیٹ فارمز نے مزید اطلاع دی کہ غزہ کی پٹی سے تقریباً 30 افسران اور فوجیوں کو نکالا گیا اور زخمی اور ہلاک شدہ فوجیوں کو اسٹریچرز پر ہیلی کاپٹر میں لے جانے کی تصاویر بھی نشر کیں۔
آبادکاروں کے پلیٹ فارمز نے یہ بھی بتایا کہ آج غزہ کی پٹی میں ایک ’بہت ہی مشکل‘ واقعہ پیش آیا ہے، جو ہلاک شدگان اور زخمیوں کی تعداد کے لحاظ سے ’غیر معمولی‘ ہے۔ اسرائیلی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں ایک اعلیٰ عہدے کے افسر، جس کا رینک بریگیڈیئر جنرل ہے، شدید زخمی ہو گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اسرائیلی میڈیا اور آبادکاروں کے پلیٹ فارمز کی جانب سے رپورٹ کی گئی ان نئی ہلاکتوں کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ 9 جنوری کو بھی بیت حنون میں اسرائیلی ٹینک تباہ ہونے سے 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہلاک ہونے والے کے نام 22 سالہ میتیت یاہو یعقوب، 22 سالہ کانوا کاسا اور 20 سالہ ٹینک کمانڈر نیوو فشر بتائے تھے۔ کروڑوں ڈالر کا ہیوی ڈیوٹی ٹینک 200 ڈالر کی مقامی ساختہ ڈیوائس ’شواظ‘ کا نشانہ
بن کر ہوا میں اڑ گیا۔
نو جنوری ہی کو مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب قلقيليۃ میں 3 اسرائیلی فوجیوں کو مزاحمت کاروں نے ایک کارروائی میں ہلاک کردیا۔
7 اکتوبر 2023ء سے غزہ کی پٹی پر مسلط جنگ کے دوران، اب تک اسرائیلی فوج نے 835 افسران اور فوجیوں کی ہلاکت کو تسلیم کیا ہے، اس کے علاوہ ہزاروں زخمی اور جسمانی و ذہنی طور پر معذور افراد بھی جنگ کا شکار ہو چکے ہیں۔ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
تبصرہ کریں