گردش، سید عنایت اللہ جان

خشک میوہ جات انسانی صحت کے لیے کیوں ضروری ہے؟

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

کل فیس بک پر ایک چھوٹی سی پوسٹ کی تھی کہ "انسانوں پر یلغار کیے ہوئے بیماریوں کو اگر شکست دینا ہے تو ڈرائی فروٹ کو مستقل رواج دینا ہوگا۔” اس میں احباب نے بھرپور دلچسپی ظاہر کی اور ملے جلے خیالات کا اظہار کیا جس میں ایک مسئلہ خوب اجاگر ہوا کہ ڈرائی فروٹ کی آسمان سے باتیں کرتے ہوئی قیمتیں غریب اور متوسط طبقے کے بس میں کہاں ہے؟ لوگ بنیادی ضروریات کے لیے آج کل پریشان ہیں اور آپ دینے لگے ہیں ڈرائی فروٹ کھانے کے مشورے۔

گزشتہ دنوں ایک مضمون پڑھ رہا تھا، اس میں لکھا تھا "کینسر کے بڑے اسباب میں سے ایک سبب وٹامن ای کی کمی ہے اور وٹامن ای کا بہت بڑا ذریعہ بادام ہے۔ روزانہ پانچ یا سات دانے کھانے سے جسم میں وٹامن ای کی کمی ہمیشہ کے لیے ختم ہو جاتی ہے”۔

آج سوچا اس موضوع پر ذرا تفصیلی اور سنجیدہ انداز میں بحث کی جائے تاکہ وہ امکانات سامنے آ جائیں جن سے ڈرائی فروٹ خوراک میں شامل ہو جائیں۔

عام مشاہدہ ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگ چاروں اطراف سے بیماریوں کے نرغے میں بری طرح آئے ہیں اور کوئی مہینہ ایسا نہیں گزرتا کہ جس میں اکثر خاندانوں کا رخ ہسپتالوں کی جانب نہیں ہوتا۔ تقریباً ہر گھر میں آدھے یا آدھے سے کچھ کم یا زیادہ افراد مختلف قسم کی عارضی اور دائمی بیماریوں کا بری طرح شکار ہوتے ہیں۔ وہ بیماریاں جو پرانے زمانے میں بڑی عمر سے منسلک سمجھی جاتی تھیں آج کل بکثرت جوانوں، نوجوانوں بلکہ بچوں تک عام طور پر لاحق ہیں یعنی بلڈ پریشر، شوگر، دماغی عوارضات، دل کی بیماریاں، گردوں، پھیپھڑوں اور پتے کا ناکارہ ہونا وغیرہ اور اس یلغار کے پشت پر مجھے سب سے بڑا جو سبب محسوس ہو رہا ہے وہ ہے غیر صحت مند اور غیر متوازن خوراک کا سبب ہے۔

آج کا انسان میڈیکل سائنس کی بے تحاشہ ترقی، علاج و معالجہ کی حیران کن سہولیات اور حفاظتی تدابیر کے بہتات کے باوجود بیماریوں کے لیے جتنا آسان ہو گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر وہ اقدام اٹھایا جائے اور اہتمام کیا جائے جس سے انسان کی قوت مدافعت بہتر اور نتیجتاً اسے ایک صحت مند زندگی میسر آ جائے۔ متحرک زندگی، معتدل طرزِ زندگی، متوازن خوراک اور نفاست پسندانہ عمومی رجحانات کی حوصلہ افزائی وہ طاقتور محرکات ہیں جو انسانوں کو توانا رکھنے میں خاص الخاص عمل دخل رکھتے ہیں۔ اس وقت ہم صحت کے تناظر میں ایک زاویے سے جائزہ لیتے ہیں اور وہ ہے خوراک کا اہم حصہ ڈرائی فروٹ کا مناسب استعمال۔

ڈرائی فروٹ ایک ایسی نعمت ہے، جو صحت مند جسم اور صحت مند زندگی کے لیے بے حد ضروری ہے۔ مناسب مقدار میں ڈرائی فروٹ کا استعمال ہر موسم میں بہترین نتائج دیتا ہے۔

ہالینڈ میں کی گئی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق اگر روزانہ آدھی مٹھی کے برابر ڈرائی فروٹ کا استعمال کیا جائے تو مختلف بیماریوں کے باعث جلد موت کا خطرہ کم سے کم ہو جاتا ہے۔ صرف یہی نہیں، بلکہ ماہرین کی رائے میں ڈرائی فروٹ کا استعمال دل کی صحت کے لیے بہترین ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین مخصوص ڈرائی فروٹ کو روزانہ کی غذا میں استعمال کرنے پر خوب زور دے رہے ہیں۔

ڈرائی فروٹ ضروری وٹامنز اور معدنیات کا بظاہر چھوٹے حجم کے باوجود حقیقت میں ایک طاقتور خزانہ ہے۔ ڈرائی فروٹ ضروری غذائی اجزاء کا ایک بڑا مرکز ہے، جو کہ صحت کے بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ڈرائی فروٹ، مجموعی طور پر صحت کی بہتری اور حفاظت میں قابلِ قدر کردار کر رہا ہے۔ ایک ٹھوس فائدہ ان میں فائبر کا زیادہ مواد بھی ہے، جو ہاضمے میں مدد کرتا ہے اور صحت مند آنت کے لیے مفید ہے۔ فائبر خون میں شکر کی سطح متوازن کرنے میں بھی مدد کرتا ہے، ڈرائی فروٹ مختلف بیماریوں کے خلاف انسان کی قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے، اسے ضروری توانائی سے بھر دیتا ہے اور ہاں اسے بیماریوں سے دور لے جاتا ہے۔

اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور، ڈرائی فروٹ آکسیڈیٹیو تناؤ سے لڑتا ہے، دائمی بیماریوں کے خطرے کو کم سے کم کرتا ہے اور ایک مضبوط مدافعتی نظام کی تشکیل میں بھرپور مدد کرتا ہے۔ مزید برآں، اس میں مختلف وٹامنز ہوتے ہیں، جیسے وٹامن A، C، ،E اور K، جو جلد کی صحت اور ہڈیوں کے استحکام میں معاون ہیں۔ ڈرائی فروٹ اپنی قدرتی شکر کے سبب جسم میں فوری توانائی بڑھانے کا کام بھی کرتا ہے یہ ان لوگوں کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے جنہیں فوری توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

ڈرائی فروٹ پوٹاشیم کا قدرتی ذریعہ ہے، جو دل کے مناسب افعال اور بلڈ پریشر کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ آئرن اور دیگر معدنیات کی مناسب موجودگی خون کی کمی کی روک تھام میں مدد کرتی ہے۔ صحت مندانہ زندگی کے لیے ڈرائی فروٹ کا اعتدال سے استعمال اہم ہے اور انہیں بہر صورت غذا میں شامل کرنا صحت مند طرز زندگی میں ایک معاون محرک ہے۔

ڈرائی فروٹ اینٹی آکسیڈنٹس، فائبر اور صحت مند چکنائی سے لیس اور صحت سے متعلق کثیر فوائد رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر، بادام وٹامن ای اور میگنیشیم کا بھرپور ذریعہ ہیں، جو کہ صرف دل کی صحت کو پروان چڑھاتا ہے بلکہ کینسر کی روک تھام میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتا نیز سوزش کو کم کرتا ہے۔ اخروٹ، ایک اور ڈرائی فروٹ چیمپئن ہے، جو دماغی کام کے لیے ضروری اومیگا 3 فیٹی ایسڈ فراہم کرتا ہے۔ کشمش اور خوبانی فائبر مواد کے ساتھ ہاضمہ کی صحت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

متوسط طبقے کے لیے مالی مجبوریوں کی وجہ سے صحت مند غذا کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ تاہم، ڈرائی فروٹ کو خرچ کرنے کے بجائے صحت میں سرمایہ کاری کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ ڈرائی فروٹ سے آراستہ ناشتہ بلا شبہ لوگوں کو دن بھر کے لیے مطلوبہ غذائیت اور مدافعت سے بے فکر کر سکتا ہے۔

ڈرائی فروٹ کی زیادہ مقدار میں خریداری فی کلو لاگت کو نمایاں طور پر کم کر سکتی ہے۔ بہت سے مقامی بازار اور آن لائن پلیٹ فارمز بڑی تعداد میں خریداری کے لیے رعایت کی پیشکش کرتے ہیں، جو اسے متوسط طبقے کے لیے مالی طور پر آسان بناتی ہے۔ اس طرح مقامی طور پر دستیاب اور موسمی ڈرائی فروٹ پر بھی لاگت کم آتی ہے کیونکہ موسمی پیداوار چونکہ زیادہ ہوتی ہے اس لیے کم مہنگی ہوتی ہے، جس سے عام لوگ بڑے پیمانے پر کم بجٹ کے باوجود مستفید ہو کر ڈرائی فروٹ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس طرح مختلف ڈرائی فروٹس، بیجوں اور گری دار میوے کو ملا کر ذاتی طور پر مختلف مکسچر بنانا لوگوں کو اس قابل بناتا ہے کہ کم لاگت میں ڈرائی فروٹ کی غذائیت اور ذائقوں کو اپنی خوراک میں باقاعدہ شامل کر سکیں۔  انفرادی اجزاء کو بڑی مقدار میں خریدنا اور انہیں گھر پر مکس کرنا پہلے سے تیار کردہ مکس خریدنے سے زیادہ سستا پڑ سکتا ہے۔

ڈرائی فروٹ کو متوسط طبقے کی خوراک میں شامل ہونا نہ صرف صحت کے حوالے سے ایک دانشمندانہ رجحان ہے بلکہ معاشی طور پر بھی ایک اچھا انتخاب ہے۔ کولڈڈرنکس، فاسٹ فوڈ اور چکن کو بریک لگا کر ہم ڈرائی فروٹ جیسی صحت دوست نعمت کو گھر لانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں خواہ یہ معاشی اعتبار سے کچھ مشکل ہی کیوں نہ ہو۔ دل کی صحت، دماغ کی فعالیت، خون کی گردش، مختلف اعضاء کی کارگزاری اور بیماریوں کی روک تھام مزید برآں مجموعی طور پر قوت مدافعت کو بہتر بنانے میں ڈرائی فروٹ ہمارے تصور سے زیادہ مفید ہے۔

ہم سب سمجھدارانہ مالیاتی نظم و ضبط اپنا کر جیسا کہ بڑی مقدار میں خریداری، موسمی ڈرائی فروٹ کا انتخاب اور ان سے گھریلو مرکبات تیار کر کے، ڈرائی فروٹ اپنی روزمرہ کی خوراک میں آسانی سے ممکن بنا سکتے ہیں۔ خوراک میں ڈرائی فروٹ کی شمولیت کے ذریعے صحت میں سرمایہ کاری اس خوبصورت اور جامع کہاوت کا مصداق ہے کہ "بسا اوقات، چھوٹی سی سرمایہ کاری، سب سے زیادہ منافع دیتی ہے”۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

نوٹ: بادبان ڈاٹ کام پر شائع شدہ کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا بادبان ڈاٹ کام کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے