مسجد-نبوی-مدینہ-منورہ-سعودی-عرب

سیرت طیبہﷺ کا نمایاں پہلو

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

سفید پوشی اور خود ستائشی نے آج کل ہمیں اس قدر آرام پسند بنا دیا ہے کہ اگر خاندان کا کوئی بچہ مڈل یا میٹرک کر جائے تو وہ اپنے ہاتھ سے کام کرنے کو عار سمجھتا ہے اور جو لوگ ایسا کرتے ہیں انہیں قابلِ نفرت گردانتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں مزدور کو صحیح مقام میسر نہیں اور محنت مزدوری کرنے والے شخص کو لوگ حقیر جانتے ہیں۔

          حضرت آدمؑ سے لے کر رسولِ اکرم ﷺ تک جتنے بھی انبیاء اور رسول آئے، سب نے اپنے ہاتھوں سے اپنے گھر کے کام سنوارے، امت کے کام آئے۔ محنت و مزدوری کر کے پیٹ پالتے رہے۔ اپنے ہاتھ سے کام کر نے کو کبھی عیب نہ جانا بلکہ رزقِ حلال کی خاطر اپنے ہاتھ سے محنت و مشقت کر کے امت کے سامنے ایک نمونہ پیش کیا۔

حضرت ابراہیمؑ اور ان کے فرزند حضرت اسماعیلؑ نے بیت اللہ کے معمار ہونے کا شرف حاصل کیا۔ ذرا تصوّر کیجیے کہ وہ کون تھا جو خانہ کعبہ کی تعمیر کے لیے سر پر گراں پتھر اُٹھا کر لاتا تھا اور وہ کونسی ہستی تھی جو اپنے دستِ مبارک سے گارا لگا لگا کر ان پتھروں سے کعبہ کی دیواریں اُٹھا رہی تھی؟ اگر نہیں جانتے تو قرآن سے پوچھیے۔ وہ بتاتا ہے کہ باپ، بیٹا جن میں سے ایک مزدور اور دوسرا معمار تھا ۔

          ’’اور وہ وقت بھی یاد کیجیے جب حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ خدا کے گھر کی بنیادیں اُٹھا رہے تھے۔‘‘(سورہ بقرہ۔ 127)

          حضرت نوحؑ کو اللہ تعالیٰ نے حکم دیا:

          ’اے نوحؑ! ہماری ہدایت اور حکم کے مطابق ہمارے سامنے کشتی تیار کرو۔‘(سورہ ھود: 37)

          حضرت داؤدؑ کے بارے میں اللہ کہتا ہے:

          ’اور ہم نے داؤدؑ کے لیے لوہے کو نرم کر دیا اور حکم دیا کہ تم پورے بدن کی (حفاظت کے لیے) زر ہیں تیار کرو اور ان کی کڑیاں ترتیب کے ساتھ جوڑو۔‘(السباء: 11۔10)

          گویا امت کی خاطر حضرت داؤدؑ کو ‘لوہار’ بنا دیا۔ اور ساری عمر زرہیں بنا بنا کر روزی کا سامان کرتے رہے۔

          سیرت طیبہ کے البم سے چندتصویریں ملاحظہ ہوں۔

ساتوں آسمان، سورج، چاند، ستارے، جن و ملک اور کائنات کا ایک ایک ذرہ اس منظر پر لرزہ براندام تھا کہ نبی آخر الزمان ﷺ ذو قعدہ کی آٹھ تاریخ کو اپنے ہاتھ میں کدال لیے صحابہؓ کے ساتھ خندق کھودنے میں مصروف ہیں۔ چشم فلک نے پہلی بار وہ نظارہ بھی کیا تھا کہ عرب کی چلچلاتی دھوپ اور بادِ صرصر کے تھپیڑوں میں اللہ کا محبوب مسجد قبا اور مسجد نبوی کی تعمیر کے لیے پتھر اُٹھا اُٹھا کر لا رہا ہے۔ مگر آج منظر اور بھی دلخراش اور جگر سوز تھا۔ آج چشم فلک کیا دیکھتی ہے؟ حُور و غِلمان اور فرشتے اس بات پر انگشت بدنداں ہوں گے کہ سردیوں میں؛ یخ بستہ راتیں ہیں، مدینہ طیبہ کے ان مزدوروں اور مجاہدوں کو تین دن فاقے سے گزر گئے ہیں۔ حال یہ ہو گیا ہے کہ کمر سیدھی رکھنے کے لیے پیٹ پر پتھر باندھنا پڑے ہیں مگر یہ مزدور بھی کیا مزدور ہیں اور ان مزدوروں کا آقا بھی کیسا آقا ہے کہ سب بھوکے ہیں۔ یہاں آقا اور مزدور میں کوئی فرق نہیں۔ یہاں مالک اور مملوک میں کوئی فاصلہ نہیں۔ یہاں غلام اور آقا میں مساوات ہے۔ مہاجرین و انصار خندق سے مٹی اٹھا اٹھا کر باہر پھینک رہے ہیں۔ بھوک سے گرچہ نڈھال ہیں مگر کام اسی چستی اور قوت سے جاری ہے۔

          سرورِ کونین ﷺ اس رنگ و روپ میں نظر آتے ہیں۔ مٹی اٹھاتے اٹھاتے سر مبارک غبار آلود ہو گیا ہے۔ چہرہ نازنین پر مٹی کی تہیں جم گئی ہیں۔خندق کی کھدائی کے دوران ایک سخت چٹان آگئی۔ صحابہؓ نے اس کو توڑنے کی بہت کوشش کی مگر چٹان ٹوٹے نہ بنتی تھی۔آنحضرت ﷺ سے التجا کی کہ اے اللہ کے رسول ﷺ فاقہ کی شدت سے پیٹ پر پتھر باندھ رکھے ہیں؛ اس کے باوجود پورا زور صرف کرنے کے باوصف چٹان ٹوٹتی نظر نہیں آتی۔

حضرت رسول اکرم ﷺ تشریف لائے۔ تین دن کا فاقہ ہے۔ کدال ہاتھ میں لے کر نعرہ تکبیر بلند کیا اور چٹان کے سینے پر بھرپور وار کیا۔ ایک ہی وار سے چٹان تودہ خاک تھی۔ جب صحابہؓ نے آپ ﷺ کے سامنے فاقہ کا حال بیان کیا تو آنحضرت ﷺ نے انہیں کوئی جواب تو نہ دیا مگر اپنے بطنِ مبارک سے کرتہ اٹھایا۔ اس دلدوز منظر پر زمین و آسمان کانپ اُٹھے ہوں گے۔ عرش و کرسی لرز گئے ہوں گے اور حور و غلمان اور فرشتے تڑپ گئے ہوں گے کہ آنحضرت ﷺ کے پیٹ مبارک پر بھی اسی طرح پتھر بندھا ہوا ہے جس طرح آپ کے جانثاروں کے پیٹوں پر پتھر بندھے ہوئے ہیں۔

           ہمارے معاشرے نے مزدور اور جفا کش لوگوں کی عزت و عظمت کا اعتراف کرنے سے انکار کیا، رزق حلال کھانے والے انسانوں کو ذلت اور پستی میں دھکیل دیا۔ ادھر رحمتِ دو عالم ﷺ نے خود محنت و مشقت کر کے اس پیشے کو اعلیٰ و ارفع ہونے کی سند فضیلت عطا کی؛آنحضرت ﷺ نے فرمایا:

          ’تم میں اگر کوئی اپنی پشت پر ایندھن کا گٹھا لاد لائے تو یہ بات کسی ایسے شخص کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بدرجہا بہتر ہے کہ جو ممکن ہے اس کی ہتھیلی پر چند سکّے رکھ دے اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اسے دھتکار دے۔‘(بخاری)

          ایک جگہ فرمایا:

          ’اس انسان سے بہتر کھانا کبھی کسی نے نہیں کھایا جو اپنے ہاتھوں محنت مزدوری کر کے کھاتا ہے۔‘(بخاری)

          کتنی ہی آیات و احادیث اس بات پر گواہ ہیں کہ کسی پیغمبر نے بھی اپنے ہاتھ سے کام کرنے کو کسرِ شان نہیں سمجھا بلکہ خود محنت مزدوری کے ذریعے رزقِ حلال کھاتے رہے اور اپنی اپنی امتوں کے لیے یہی نمونہ چھوڑ گئے۔

          تاریخ کے اوراق آپ کی سیرتِ طیبہ کے ایسے واقعات سے بھرے ہوئے ہیں جن میں ہم آپ کو ایک عام انسان کی طرح اپنے گھر کے کسی کام کاج میں مصروف پاتے ہیں۔ کھانا پکانے میں آپ ﷺ امہات المومنینؓ کا ہاتھ بٹایا کرتے تھے۔ نہ صرف اپنے گھر کے لیے بازار سے سودا سلف لایا کرتے بلکہ پڑوسیوں سے بھی ان کی ضروریات دریافت کر کے انہیں مہیا فرماتے۔

          اپنے ذاتی کام خودکرنا؛یہ بھی سیرت کاایک اہم باب ہے۔سیدہ عائشہؓ سے مروی ہے:

          ’کان یخدم نفسہ‘ (آپ ﷺ اپنی خدمت خود کیا کرتے تھے۔)

           حضرت رسولِ اکرم ﷺ کپڑوں میں اپنے ہاتھ سے پیوند لگا لیا کرتے تھے۔ کبھی کبھی گھر میں خود جھاڑو دیتے تھے۔ بکریوں کا دودھ اپنے ہاتھ سے دوہیا کرتے تھے، جوتا مبارک پھٹ جاتا تو اس میں خود ٹانکے لگا لیا کرتے تھے۔ کنویں کے ڈول کو خود سی دیا کرتے تھے، اونٹوں کو چارہ ڈالنا، انہیں پانی پلانا، انہیں ان کے کھونٹے پر باندھنا یہ سب باتیں حضور اکرم ﷺ سے ثابت ہیں۔

          یورپ کے جتنے بھی مشاہیرآپ دیکھتے ہیں، چاہے وہ علم وادب سے تعلق رکھنے والے ہوں یاقانون وسیاست سے ،فلسفی ہوں یاسائنسدان ؛ اُن کی اکثریت تصنع وبناوٹ؛ کبر و نخوت سے پاک ہے۔ وہ زمین سے جُڑے ہوئے لوگ ہیں۔ اپنے ذاتی کام اپنے ہاتھوں سے کرناپسندکرتے ہیں اور اسی اخلاق کی تعلیم وہ اپنی اولادکو دیتے ہیں۔ نتیجہ ظاہر ہے کہ فی الوقت وہ علمی؛ تمدنی ؛ سیاسی، اقتصادی اور معاشرتی میدانوں میں پوری دنیاکے ’امام‘بن چکے ہی اور ہمارے ہاں واضح تعلیماتِ نبوی ﷺ ہونے کے باوجود امراء و رؤسا ہوں، استاد یاکلرک ہوں یا اربابِ اقتدار پر مسلط ہمارے گناہوں کی ’شبیہ‘؛ ان کی اکثریت اس اخلاقِ نبوی ﷺ سے متصادم ہے۔ اپنے ہاتھوں کو کام کرکے ’میلا‘ کرنا؛ ان’ مومنوں‘ کے لیے کسرِ شان ہے۔

          رسول اللہ ﷺکی عائلی و معاشرتی زندگی بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپﷺازواج مطہرات کے ساتھ کام کاج میں شریک ہو جاتے تھے۔ چولہے میں خود آگ جلا دیا کرتے۔ رسولِ اکرم ﷺ نے اپنے ہاتھوں سے آٹا گوندھا۔ ایک دفعہ صحابہؓ کے ہمراہ سفر پر تھے۔ ایک جگہ پڑاؤکیا۔ صحابہؓ نے کھانا پکانے کے لیے ایک بکری ذبح کی اور کام آپس میں بانٹ لیے۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: ‘جنگل سے لکڑیاں اکٹھی کر کے میں لاؤں گا۔’

صحابہؓ نے نہایت ادب و احترام سے گزارش کی کہ ہم خود لکڑیاں بھی لے آئیں گے ۔ آپ ﷺ زحمت نہ کیجیے۔ مگر رحمۃ للعالمین ﷺ نے فرمایا: میں امتیاز پسند نہیں کرتا۔

          ایک سفر میں آپ ﷺ کے جوتے مبارک کا تسمہ ٹوٹ گیا۔ آپ ﷺ اس کو ٹانکنے لگے تو ایک صحابی نے عرض کیا:

فداک امی وابی (میرے ماں باپ قربان ہوں) مجھے خدمت کا موقع دیجییے، میں جوتا درست کر دیتا ہوں لیکن شاہِ دو عالم فرمانروائے عرب و عجم نے فرمایا: یہ خود پسندی ہے (کہ میرا جوتا کوئی دوسرا گانٹھے) اور مجھے یہ پسند نہیں ہے۔

           طبقات ابنِ سعد میں واقعہ موجود ہے کہ رسولِ اکرم ﷺ نے حضرت خبیبؓ کو جب ایک غزوہ پر بھیجا تو خود ہر روز صبح سویرے حضرت خبیبؓ کے گھر جا کر ان کی بکریوں کا دودھ دوہتے رہے۔

          بخاری اور ابو داؤد میں ہے کہ آپ ﷺ ایک دفعہ نماز کے لیے کھڑے ہوئے، ایک بدو آیا اور آپ ﷺ کا دامن تھام لیا۔ آپ ﷺ نے پوچھا: کیا چاہتا ہے؟ اس نے کہا: ‘میرا تھوڑا سا کام باقی رہ گیا ہے، وہ آپ ﷺ کر دیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ میں بھول جاؤں۔’ آپ اسی وقت اس کے ہمراہ مسجد سے باہر تشریف لے گئے اور اس کا کام مکمل کرنے کے بعد آکر نماز ادا کی۔

          اب ذرا ٹھنڈے دل سے غور کیجیے اور اپنے نفس کا محاسبہ کیجیے کہ ہم نے اسوہ رسول ﷺ کو کس حد تک اپنے دل اورعمل میں جگہ دی۔

                                                              ٭٭٭


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

2 پر “سیرت طیبہﷺ کا نمایاں پہلو” جوابات

  1. Mir Zakir Avatar
    Mir Zakir

    Ma Sha Allah

  2. جاوید اصغر javedasghar190@gmail.com Avatar
    جاوید اصغر [email protected]

    سیرت النبی کا بہت خوب صورت باب۔۔
    ۔سادہ انداز تحریر ۔۔ اہم باتیں۔۔۔۔ ۔۔