مسلمان-خواتین-قرآن-مجید-کی-تلاوت-کرتے-ہوئے

پیغام صبح: مومن کا سب سے بڑا غم کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

امت مسلمہ کے ہر فرد کو نزول قرآن کے مہینے کی فضیلتوں سے فیض یاب ہونا مبارک ہو۔

 اہل قرآن اللہ کی قربت پانے والے ہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالٰی کے مقربین کے لیے خیر ہی خیر ہے۔ یہ فہم ہر مومن کو ہونا چاہیے کہ وہ جو اللہ تعالٰی سے قریب ہیں اور جو اللہ تعالی سے دور ہیں ان کی زندگی اور انجام میں بہت فرق ہے۔

قرآن مجید کے ذریعہ درجات بلند ہوتے ہیں جب اس کو پڑھا جائے، عمل کیا جائے اور لوگوں کو تعلیم دی جائے چند خاص مواقع یا دنوں میں نہیں بلکہ اس سے مستقل تعلق رکھنا ہی بلندیاں پانے کا ذریعہ ہے۔

بدبخت ہے وہ جس کو قرآن پاک ملا اور اس کو پانے کے بعد  عمل سے غافل رہا اور دنیا ہی کا ہو کر رہ گیا۔

قرآن کے عائد کردہ حرام و حلال کو زندگی میں لاگو کریں گے تو ہی تقوی آئے گا۔ ہمیں ہر حال میں محتاط زندگی گزارنا ہے کہ کبھی جہنم میں جانے کے لیے کوئی ایک جملہ ہی کافی ہوسکتا ہے۔

بے شک دنیا غم و آلام کی جگہ ہے مگر

مومن کا سب سے بڑا غم ’آخرت کا غم ‘ ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جس کو آخرت میں اپنا انجام دیکھنے کا یقین ہو، وہ غافل بیٹھ نہیں سکتا، وہ تو عمل صالح کے لیے سرگرم ہو جاتا ہے۔ 

جتنا قرآن پاک کا علم زیادہ ہوتا جاتا ہے، آخرت کی فکر بڑھتی جاتی ہے۔ جس کو آخرت کا غم لگ جائے اس کے لیے دنیا کے غم کم ہو جاتے ہیں۔

  قرآن پاک پڑھنے اورپڑھانے والے بے خوف نہ ہو جائیں۔ دکھاوا، تعریف و تحسین کی چاہت نفسانی کمزوری ہے۔ عیار نفس کی چالوں کا مقابلہ اللہ تعالٰی سےتعلق مضبوط رکھ کے ہی کیا جا سکتاہے۔ 

دوسروں کو قرآن کی تعلیم دیتے ہوئے دائمی استغفار کو نہ بھولیں۔ یہ اہل قرآن کی غذا ہے۔ جتنا آپ کا اللہ سے تعلق مضبوط ہوگا، اسی قدر زندگی  میں برکت ہوگی۔ امت مسلمہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے مختصر سی دعا ورد زبان رکھی جائے۔ 

اللھم ارحمنا بالقرآن العظیم، اللھم ارحمنا بالقرآن العظیم، اللھم ارحمنا بالقرآن العظیم۔ 

سبحانک اللھم وبحمدک نشھد ان لا الہ الا انت نستغفرک و نتوب الیک۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں