بھارت: ہسپانوی خاتون سیاح سے سات مردوں کا گینگ ریپ، شوہر پر بدترین تشدد

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی سے تقریباً 300 کلومیٹر دور ’دمکا‘ کے علاقہ میں اسپین سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاح کا کہنا ہے کہ سات مردوں نے اس کی اجتماعی عصمت دری کی ہے۔ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ میں خاتون نے اپنے چہرے پر زخموں کے نشانات  دکھاتے ہوئے شدید خوفزدہ آواز میں بتایا:’ ہمارے ساتھ کچھ ایسا ہوا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کسی کے ساتھ بھی ایسا ہو۔ سات مردوں نے میرے ساتھ جنسی زیادتی کی‘۔

اسپین سے تعلق رکھنے والی یہ خاتون اور اس کا شوہر بنگلہ دیش سے دو موٹرسائیکلوں پر ’ڈمکا‘ پہنچے تھے، وہ ریاست بہار سے ہوتے ہوئے نیپال جانا چاہتے تھے۔ انھوں نے شب بسری کے لیے ایک عارضی خیمہ لگایا۔ رات جب کچھ گہری ہوئی تو سات مرد آ دھمکے، انھوں نے ان سیاحوں کو مارا پیٹا اور لوٹ مار کی۔

خاتون کا کہنا ہے’انہوں نے ہمیں مارا پیٹا اور لوٹ مار کی۔ اگرچہ وہ زیادہ چیزیں نہیں لے کر گئے کیونکہ وہ  میرے ساتھ جنسی زیادتی ہی کرنا چاہتے تھے‘۔

مقامی پولیس حکام نے تین افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جنھوں نے اعتراف جرم کیا ہے جبکہ باقی ماندہ مجرموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایک اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

بھارتی خبررساں ادارے‘ پی ٹی آئی‘ کے مطابق ڈمکا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پتمبر سنگھ کھیروارکا کہنا ہے کہ جمعہ کی رات قریباً گیارہ بجے پولیس کی ایک ٹیم گشت پر تھی کہ اس نے دیکھا کہ دو افراد سڑک کے کنارے پڑے ہوئے ہیں۔ گشت کرنے والی ٹیم نے محسوس کیا کہ ان کے ساتھ کچھ واردات ہوئی ہے۔ وہ ہسپانوی زبان میں بات کر رہے تھے، اس لیے پولیس سمجھ نہ سکی کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔ تاہم پولیس والے انہیں مقامی ہسپتال لے گئے کہ انہیں علاج معالجہ کی ضرورت تھی۔ جہاں ہسپانوی جوڑے نے ڈاکٹروں کو جنسی زیادتی کے بارے میں بتایا۔

پولیس کے ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ انھیں ہفتہ کی صبح تقریباً 1.30 بجے اس واقعہ کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملتے ہی تحقیقات شروع ہوگئیں۔ انھوں نے متاثرہ افراد سے بات کی۔ اس کے بعد، کچھ لوگوں کو حراست میں لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران انھوں نے اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ دوسرے ملزمان کو پکڑنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ہم اس سلسلے میں فرانزک ٹیم اور سی آئی ڈی کی مدد بھی جا رہی ہے‘۔

اس لرزہ خیز واردات کے بعد پورے ملک بالخصوص ریاست جھارکھنڈ میں شدید تشوش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی نے پولیس حکام کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا،’جب غیر ملکیوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات ہو رہے ہیں، تو کون جھارکھنڈ آنا پسند کرے گا؟ یہاں لاء اینڈ آرڈر کی مشینری تباہ ہو گئی ہے۔ اس لیے پولیس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے‘۔ دوسری طرف ہفتہ کے روز جھار کھنڈ کی ریاستی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے اختتامی دن یہ مسئلہ اٹھایا گیا۔

ہسپانوی خاتون کے ساتھ ہونے والے اس لرزہ خیز واقعہ کے بعد بھارت میں ایک بار پھر طوفان اٹھ کھڑا ہوا ہے۔

اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا ’میں وزیر اعلیٰ چمپئی سورین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ریاست میں امن و امان پر توجہ دیں۔ اگر تبادلہ ذات اور طبقہ کی بنیاد پر ہوگا تو ممکنہ طور اس طرح کے واقعات دوبارہ ہوں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا ’ اس ریاست میں نہ تو آدیواسی(بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں کے اصل باشندے جو مختلف قبائل اور نسلی گروہوں میں منقسم ہیں) محفوظ ہیں اور نہ ہی دلت۔ اور خاص کر ہماری خواتین محفوظ۔ اب یہ ایک بین الاقوامی معاملہ بن گیا ہے کہ ایک ہسپانوی خاتون اپنے شوہر کے ساتھ ہندوستان آتی ہے، اور یہ بات سامنے آتی ہے کہ اس کی اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ یہ بین الاقوامی سطح پر شرم کی بات ہے، یہ چمپئی سورین نہیں ہیں جن کی تذلیل ہوئی ہے، بلکہ ہندوستان کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے‘۔

بالی وڈ اداکار ریچا چڈھا

بالی وڈ اداکار ریچا چڈھا نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا’ یہ ہمارے بوسیدہ معاشرے کے لیے باعث شرم ہے۔ ریچا چڈھا نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں اس شرمناک واقعے کے بارے میں لکھا۔’ شرمناک! ہندوستانی غیر ملکیوں کے ساتھ ایسا سلوک کر رہے ہیں جیسے وہ اپنی خواتین کے ساتھ کرتے ہیں۔ اپنے بوسیدہ معاشرے پر شرم آتی ہے‘۔

اداکار دلکر سلمان

اداکار دلکر سلمان نے بھی اس واقعہ پر شدید صدمے کا اظہار کیا ہے۔ اداکار نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا،’اس خبر نے مجھے توڑپھوڑ کر رکھ  دیا۔ یہ دونوں حال ہی میں ’کوٹائم‘ پہنچے تھے، انھوں نے میرے قریبی دوستوں کے ساتھ رات کا کھانا کھایا۔  بالی وڈ اداکار کا کہنا ہے کہ کہیں بھی کسی کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے‘۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں