اسرائیلی فوج نے آج بروز منگل اعتراف کیا ہے کہ وسطی غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کے 24 فوجی مارے گئے ہیں۔ 21 فوجی صرف ایک ہی واقعہ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم ایک اسرائیلی ٹی وی چینل کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 50 سے زیادہ ہے۔ ہلاک ہونے والے تمام اسرائیلی فوجی ’ریزرو‘ تھے۔
امریکی ادارے’اے بی سی نیوز‘ کے مطابق اکتوبر سے اب تک، اسرائیلی فوج کو ایک ہی دن میں اس قدر زیادہ جانی نقصان کبھی نہیں اٹھانا پڑا۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے بہت زیادہ مشکل دن تھا۔ اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل 12 کا کہنا ہے کہ یہ بہت تباہ کن دن ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 50 سے زائد ہے۔ اسرائیلی فوج اصل تعداد چھپا رہی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ جب سے جنگ شروع ہوئی ہے، یہ سب سے مشکل دن تھا۔ فوج نے اس حملے کی بابت تحقیقات شروع کردی ہیں۔ صیہونی وزیراعظم کا کہنا ہے’ ہم فوجیوں کی جان بچانے کی پوری کوشش کریں گے، تاہم جب تک مکمل فتح نہیں ہو جاتی، ہم جنگ نہیں روکیں گے‘۔
اسرائیلی صدر ہرزوگ کا کہنا ہے کہ ( 21 فوجیوں کی ہلاکت کو) برداشت کرنا بہت مشکل ہے۔ یہ ایک بہت مشکل دن ہے۔ اسرائیلی وزیر برائے سلامتی بین گویر نے اس قدر زیادہ ہلاکتوں والے دن کو درد بھرا قرار دیا۔ جبکہ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اسے سب سے بڑی آفت قرار دیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے 21 فوجی پیر کو 2 عمارتوں کو منہدم کرنے کے لیے دھماکہ خیز مواد تیار کر رہے تھے کہ ایک عسکریت پسند نے قریب ہی سے ٹینک پر راکٹ سے چلنے والا گرینیڈ فائر کیا، جس کے نتیجے میں بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا اورعمارتیں فوجیوں پر گر گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، جتنی اسرائیلی فوج بتا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں زمینی آپریشن شروع ہونے سے اب تک مجموعی طور پر 221 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ 7 اکتوبر 2023سے اب تک مجموعی طور پر 556 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
دوسری طرف غزہ پٹی کے جنوبی حصے خان یونس میں بھی لڑائی چھڑ گئی ہے۔
خان یونس کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد، گزشتہ روز جنوبی علاقے میں ہونے والی فضائی، زمینی اور سمندری بمباری سب سے زیادہ شدید تھی۔
ایک تبصرہ برائے “اسرائیل کے لیے بڑی تباہی، ایک ہی دن میں 50 سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک”
الحمدللہ ۔۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ فلسطین کے مجاہدین کو فتح یاب کرے۔۔امین۔۔۔۔۔ فتح “میدان بدر “سجانے والوں کا مقدر ہے۔۔۔۔ شیوخ عرب وعجم کی ذلت بھی نوشتہ دیوار ہے۔۔۔۔۔