مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی قید سے رہا ہونے والی اسرائیلی ماں بیٹی القسام بریگیڈز کے مجاہدین کے حسن سلوک سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔
انھوں نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں حماس کے مجاہدین کے سلوک کی خوب تعریف کی ہے۔
7 اکتوبر کو القسام بریگیڈز اور القدس بریگیڈز سمیت دیگر مزاحمتی گروپوں نے متعدد اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو قیدی بنالیا تھا جن میں سے 50 کو گزشتہ دنوں جنگ بندی کے دوران میں 150 فلسطینی قیدیوں کے بدلے رہا کیا گیا تھا۔ انہی قیدیوں میں 48 سالہ شین گولڈسٹین املوگ، ان کی 17 سالہ بیٹی اگام گولڈسٹین املوگ اور دو بیٹے بھی شامل تھے۔
اسرائیلی خاندان نے 51 دن حماس کے مجاہدین کی قید میں گزارے۔ ماں بیٹی نے حال ہی میں اسرائیلی ٹی وی 12 سے انٹرویو میں حماس کے مجاہدین کے حسن سلوک کی دل کھول کر تعریف کی۔
48 سالہ خاتون نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری میں وہ ہماری جانیں بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار تھے، وہ ڈھال بن کر اپنے جسموں کے ساتھ ہماری حفاظت کر رہے تھے۔ وہ ہمیں اسرائیلی فوج اور آگ سے بچا رہے تھے، ایسا لگ رہا تھا کہ ہم ان کے لیے بہت اہم تھے۔
خاتون نے بتایا کہ انھوں نے مجاہدین سے پوچھا کہ کیا وہ (اسرائیلی) ہمیں مارنے والے ہیں، انہوں نے جواب میں کہا کہ آپ کے مرنے سے پہلے ہم مر جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوران قید ہمیں بالکل اکیلا نہیں چھوڑا گیا، وہ ہر لمحہ ہمارے ساتھ ہوتے تھے۔
اینکر نے خاتون سے قید کے دوران وقت گزارنے کا پوچھا تو الموگ گولڈسٹین نے بتایاکہ وہ قید میں اپنے بچوں کے ساتھ کھیلتی تھیں اور ان کی بیٹی ہر وقت ورزش کرتی تھی۔ اس نے دوران قید ایک مجاہد سے باکسنگ بھی کھیلی لیکن اس مجاہد نے پہلے اپنے ہاتھ پر تولیہ رکھ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
اسرائیل طاقت سے کوئی یرغمالی رہا نہیں کراسکتا، ابو عبیدہ
ابوعبیدہ عرب دنیا کی سب سے مقبول شخصیت بن گئے
حماس اسرائیل معاہدہ: اسرائیل کو کیا حاصل ہوا؟
میزبان نے وجہ پوچھی تو خاتون کا کہنا تھاکہ وہ خواتین کی عزت کرتے ہیں، عورتوں کو مقدس سمجھتے ہیں اور انہیں چھونا جائز نہیں سمجھتے ہیں، وہ عورتوں سے ملکہ جیسا سلوک کرتے ہیں۔
خاتون نے بیٹوں کے حوالے سے بتایا کہ دوران قید بیٹے کھیلتے اور ڈرائنگ کرتے تھے، مجاہدین نے انھیں تاش کے کچھ گر بھی سکھائے تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی حماس کی قید سے آزاد ہونے والی خواتین بھی مجاہدین کے حسن سلوک کی تعریف کرچکی ہیں۔