ٹیکنالوجی ڈیسک
ملازمت کی تلاش میں پریشان نوجوانوں کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ ایک نئی سہولت فراہم کرنے والی ہے جس سے بے روزگار یا بہتر ملازمت کے خواہاں نوجوان مطلوبہ ملازمت تلاش کر سکیں گے، دوسری طرف کمپنیاں بھی اپنے مطلوبہ ملازم کو ڈھونڈ سکیں گی۔
ٹوئٹر نے خود تو اس نئے فیچر کے بارے میں فی الحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا تاہم نیما اوجی نامی ایک ایپ ریسرچر نے ٹوئٹر پر ہی ایک ٹویٹ کیا ہے جس میں اس نے ٹوئٹر کے ممکنہ نئے فیچر کے بارے میں کچھ معلومات فراہم کی ہیں۔
ریسرچر نے لکھا ہے کہ ایلون مسک کی ملکیتی کمپنی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نئے نئے فیچر شامل کرنے میں مصروف ہے۔
ریسرچر نے لکھا کہ ٹویٹر کا یہ نیا فیچر لنکڈاِن جیسی خصوصیات کا حامل ہوگا جس پراچھی ملازمت کے متلاشی صارفین اپنی مطلوبہ ملازمت حاصل کرنے کے لیے کمپنیوں سے رابطہ کر سکیں گے جبکہ کاروباری کمپنیاں بھی اپنی متعلقہ ضروریات کے لیے مائیکرو بلاگنگ سروس استعمال کر سکیں گی۔
ٹوئٹر ہائرنگ کیا ہے اور یہ کیسے کام کر سکتا ہے؟
نیما اوجی نامی ایپ ریسرچر نے ٹوئٹر پر ایک غیر ریلیز فیچرشیئر کیا اور لکھا کہ یہ ٹوئٹر کے اس نئے فیچر کا نام ’ٹوئٹر ہائرنگ‘ ہو سکتا ہے اور یہ کسی کے لیے مخصوص نہیں ہوگا بلکہ کوئی بھی صارف ملازمت اور ملازمین کی تلاش میں کاروباری کمپنی اس سے استفادہ کر سکے گی۔
اوجی نے اس نئے فیچر کا ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فیچر صرف ویریفائیڈ کاروباری کمپنیاں ہی استعمال کر سکیں گی۔ اوجی کا کہنا ہے کہ اس سے صارفین ملازمتیں منٹوں میں تلاش کی جا سکیں گی۔
کاروباری کمپنیاں اپنے پروفائلز پر ملازمتوں کو نمایاں کر کے پیش کرسکیں گی تاکہ باصلاحیت امیدواروں کو متعلقہ عہدوں کے لیے فوری راغب کیا جا سکے۔ مزید یہ کہ صارفین اپنے پروفائل پیج پر براہ راست ملازمتیں نمایاں کرنے کے لیے 5 ٹویٹس پوسٹ کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر اس وقت میدان عمل میں گوگل، ایپل اور میٹا جیسی سوشل کمپنیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مختلف فیچر لانچ کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔ اب ٹوئٹر نے اپنے مقابلے کی فہرست میں لنکڈاِن کو بھی شامل کر لیا ہے۔
ایک تبصرہ برائے “ٹوئٹر ہائرنگ، بے روزگار اور اچھی ملازمت تلاش کرنے والوں کے لیے بڑی خبر”
Interesting