طالبان نے ایک چینی کمپنی کی مدد سے شمالی افغانستان میں خام تیل نکالنے کا کام شروع کر دیا

افغانستان سے بھی اچھی خبریں آنا شروع ہوگئیں

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

بادبان رپورٹ

افغانستان پر طالبان حکومت قائم ہونے کے بعد ایک طویل عرصہ خاموشی رہی، لیکن اب وہاں سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ طویل عرصہ کی خاموشی کا سبب طالبان حکومت کا بعض غیر ملکی طاقتوں کی ریشہ دوانیوں کا مقابلہ کرنا تھا۔ 15 اگست 2021 کو طالبان نے دوبارہ افغانستان پر غلبہ حاصل کیا اور اپنی حکومت قائم کی تو انھوں نے دنیا کو اپنا مختلف چہرہ دکھانے کی کوششیں کیں تاہم ان کوششوں کی حوصلہ افزائی نہ ہوئی۔ بلکہ مغربی طاقتوں کی طرف سے طالبان کے نئے چہرے کو بھی پرانے چہرے جیسا دکھانے کی کوشش کی گئی۔ حتیٰ کہ  امریکا نے افغانستان کے تمام اثاثے اس مفروضے کی بنیاد پر منجمد کردیے کہ طالبان پہلے جیسی پالیسیاں اختیار کرسکتے ہیں، اور یہ اثاثے اس وقت بحال ہوں گے جب طالبان دنیا کو اپنے اقدامات سے مطمئن کریں گے۔

طالبان کے لیے یہ ایک مشکل چیلنج تھا کہ وہ ایک طرف اپنی ساکھ کے خلاف جارحیت کا مقابلہ کرتے، دوسری طرف معاشی مسائل کا مقابلہ کرتے اور افغان عوام کو مطمئن کرتے۔

اچھی خبر یہ ہے کہ طالبان حکومت نے ان تینوں محاذوں پر کامیاب پیش رفت کی۔ یہ طالبان کا نیا دور حکومت ہی ہے کہ حقوق نسواں کی علبردار خواتین دارالحکومت کابل کی سڑکوں پر احتجاج کرتی ہیں اور طالبان اہلکار انھیں روکنے کے بجائے، ان کی حفاظت کے لیے ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔

طالبان ہر یوم عاشور پر شیعہ مکتب فکر کی مجالس کی نہ صرف حفاظت کرتے ہیں بلکہ ان میں شریک بھی ہوتے ہیں۔ اسی طرح طالبان نے دیگر طبقات کے ساتھ بھی حسن سلوک کا مظاہرہ کیا اور مسلسل کر رہے ہیں۔

طالبان نے اس دوران میں سب سے اہم کارنامہ یوں سرانجام دیا کہ انھوں نے نہایت دانش مندی سے تمام ہمسائیہ ممالک بالخصوص چین کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے۔ حال ہی میں طالبان نے ایک چینی کمپنی کی مدد سے شمالی افغانستان میں خام تیل نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ طالبان کے وزیر معدنیات کا کہنا ہے کہ سر پل میں تیل کے کنوؤں سے روزانہ 100 ٹن تیل نکالا جائے گا جس سے طالبان حکومت کو کروڑوں ڈالر کی آمدنی ہو گی۔

طالبان کی سرکاری تیل و گیس کمپنی اور چینی کنٹریکٹر افچین مشترکہ طور پر اس علاقے سے خام تیل نکال رہے ہیں۔

کان کنی کے وزیر شہاب الدین دلاور نے منصوبے کا افتتاح کرنے والی ایک چینی کمپنی کے عہدیداروں کے ہمراہ سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ صوبہ سر پل میں واقع قشقری کے کنویں 21 سے تیل نکالنے کا کام جلد ہی روزانہ 100 ٹن تک پہنچ جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ 2023 کے آخر تک علاقے میں مزید 15 کنوؤں کی مرمت اور کھدائی کی جائے گی ، جس میں روزانہ 1000 ٹن سے زیادہ خام تیل کی گنجائش ہوگی اور سرمایہ کاروں کو اس منصوبے میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔

طالبان نے ایک چینی کمپنی کی مدد سے شمالی افغانستان میں خام تیل نکالنے کا کام شروع کر دیا

طالبان کے وزیر معدنیات نے وعدہ کیا کہ تیل کے منصوبے میں ترجیح سر پل میں نوجوانوں کو بھرتی کرنا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ 25 سال پرانا ہے اور اس مقام پر دیگر سہولیات تعمیر کی جائیں گی، جس میں پختہ سڑکیں اور بجلی شامل ہیں۔سر پل افغانستان کے پسماندہ ترین صوبوں میں سے ایک ہے۔

رواں سال کے اوائل میں طالبان حکومت نے سنکیانگ میں چینی کمپنی سینٹرل ایشین آئل اینڈ گیس کمپنی (سی پی ای آئی سی) کے ساتھ ملک کے شمال میں تیل نکالنے کے لیے 25 سالہ معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت طالبان ابتدائی طور پر تقریباً 20 فیصد شراکت دار ہوں گے اور مستقبل میں یہ حصہ بڑھ کر 75 فیصد ہوجائے گا۔

طالبان حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق چینی کمپنی اپنے پہلے سال خطے میں تیل نکالنے میں 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور یہ رقم 3 سال میں بڑھ کر 540 ملین ڈالر ہو جائے گی۔

شمالی افغانستان کے 5 علاقوں میں تیل کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے جو ساڑھے 4 ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے تک پہنچتے ہیں جن میں سے ایک قشقری ہے جس کے ذخائر کا تخمینہ 78 ملین ٹن لگایا گیا ہے۔

طالبان کے وزیر معدنیات نے نئے قشقری کنویں پر کہا کہ اس سے 24 گھنٹوں میں 70 ٹن خام تیل نکالا جا سکتا ہے جو مستقبل قریب میں 100 ٹن تک پہنچ جائے گا۔

افغانستان میں مختلف معدنیات اور تیل و گیس سمیت وسیع قدرتی وسائل موجود ہیں جن کی مالیت کا تخمینہ 3 ٹریلین ڈالر تک لگایا گیا ہے لیکن گزشتہ چار دہائیوں کی جنگوں کی وجہ سے ان سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا ہے۔

حالیہ برسوں میں مختلف ممالک کی کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، لیکن سیکیورٹی خدشات بظاہر سرمایہ کاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ رہے ہیں۔

چین کے سرکاری ادارے افغانستان میں سب سے بڑے سرمایہ کار ہیں، جو تانبے اور تانبے کے علاوہ افغانستان کے لیتھیم اور تانبے کے ذخائر تک رسائی کے خواہاں ہیں۔

حال ہی میں ایک چینی کمپنی فین چن کے حکام نے آئندہ چند ماہ میں افغانستان میں بجلی کی پیداوار، سیمنٹ پلانٹ کی تعمیر اور صحت کے شعبے میں 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

افغانستان میں کمپنی کے نمائندے حبیب شاہ پور نے طالبان کے قائم مقام وزیر اعظم عبدالکبیر سے ملاقات کی۔

طالبان حکومت افغان معدانیات اور قدرتی وسائل سے اپنی ملکی آمدنی بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

شبرغان ۔ مزار شریف گیس پائپ لائن منصوبہ

طالبان کے وزیر معدنیات نے شبرغان سے مزار شریف تک گیس پائپ لائن کی توسیع کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔

یہ پائپ لائن صوبہ بلخ کے علاقے خواجہ گردک سے فرٹیلائزر اینڈ پاور پلانٹ تک اگلے 3 سال میں مکمل ہو جائے گی۔

طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر 60 کروڑ 9 لاکھ افغان روپے لاگت آئے گی۔

طالبان کی نائب وزارت کے مطابق یہ گیس پہلے فرٹیلائزر اور بجلی، گلاس بنانے اور بجلی کی پیداوار کی صنعتوں میں استعمال کی جائے گی اور دوسرے مرحلے میں اسے رہائشی گھروں میں تقسیم کیا جائے گا۔

یہ پائپ لائن 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 70 ہزار مکعب میٹر گیس منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں