خاتون کا ہاتھ مرد کے بازو پر

” تم جیسے بھی ہو میرے ہو “

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

نگہت حسین

بھتیجی کی بخار میں مبتلا چاچو سے فرمائش تھی کہ آپ وڈیو کال ہر آئیں۔
چاچو نے مذاقا فرمائش ٹالتے ہوئے کہا کہ بیٹا ! میری حالت بیماری کی وجہ سے ٹھیک نہیں آپ دیکھ کر ڈر جاؤ گے ۔
بھتیجی نے فورا لاڈ سے کہا:
“”میں کیوں ڈروں گی ؟ آپ جیسے بھی ہیں میرے چاچو ہیں “مجھے تو بس آپ کو دیکھنا ہے ۔
کان پڑی یہ آوازیں اور یہ جملہ ۔۔۔۔

“آپ جیسے بھی ہیں میرے ہیں
چونکا کر رکھ دیا ۔

مجھے چچا بھتیجی کی اس محبت پر بہت رشک آیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔سوچا کیا عارفانہ مقام محبت ہے ۔
ایسی گہری محبت اور تعلق میں اتنی مضبوطی کہ ظاہر سے لاتعلقی ہوجائے ۔

Unconditional love
جو کہ خونی رشتوں سے فطری طور پر ہر ایک کو ہی ہوتا ہے لیکن اظہار کوئی کوئی کرتا ہے۔

افسوس یہی تو ہے کہ ہمارا اظہار ہی تو کمزور ہے ۔۔۔۔
اظہار کمزور ہوتا ہے یا جھوٹا ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔

پھر بدگمانیاں ، غلط فہمیاں اور دوریاں تعلق کے قتل کا سبب بن جاتی ہیں۔
تم جیسے بھی ہو میرے ہو ۔۔۔۔

میرے نزدیک یہ محض جملہ ہی نہیں بلکہ
یہ
رشتے کو اوون کرنا ہے
اس سے شدید تعلق اور محبت کو ظاہر کرنا ہے ۔
اونچ نیچ نرم گرم میں ساتھ نبھانے کا اعلان ہے ۔۔۔۔۔
پیار کا اظہار ہے جو آپ کی زندگی کا ہر تعلق چاہتا ہے ۔

یہ رشتوں اور تعلق کے ساتھ ایمویشنل انویسٹمنٹ کے بعد ہونے والی کمائی ہے جب آپ کو کوئی یہ کہنے والا ہو ” تم جیسے بھی ہو میرے ہو ۔”
ہم سب کے پاس ہی محبت کا یہ سرمایہ موجود ہے ۔ بس ! بات اس محبت ، تعلق ، خلوص جیسے انمول جذبوں کی سرمایہ کاری کی ہے ۔ کامیاب سرمایہ کاری کرنے والا ہی اس کا لطف اٹھا سکتا ہے۔

اپنے گھروں ، اولاد دیگر رشتے دار اور طلبہ کے ساتھ کوشش کریں کہ آج ہی محبت کی یہ سرمایہ کاری شروع کردیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اور دیر کس بات کی ؟ اپنے والدین ، بہن بھائی ، اولاد ، میاں بیوی ، دوست ، طالب علم کو اپنے خلوص کا اظہار کریں کبھی آپ بھی کہہ دیں کہ تم جیسے بھی ہو میرے ہو ۔۔۔

خاص طور پر پڑھائی میں کمزور بچے کو،
گھر بچوں میں تھکی و نڈھال بیوی کو،
بیروزگاری یا معاشی جدوجہد میں مصروف باپ بیٹے شوہر کو،
کسی بہن کو ، کسی رشتے دار کو جب کہ اس کو ہر کوئی طنز طعنے ، لعن طعن کر رہا ہو ۔۔۔۔۔ آگے بڑھ کر بتائیے کہ رشتہ اور تعلق اس سے کہیں بڑھ کر ہے ۔۔۔۔۔ کچھ بھی ہو یہ محبت ختم نہیں ہوگی ۔

ہم سچے اظہار سے کیوں گھبراتے ہیں ؟

اس سچے اور جادو بھرے جملے سے ٹپکتی محبت و تعلق کتنے ہی چہروں پر خوشی کے رنگ بکھیر دے گی اس کا لطف اٹھائیں ۔۔۔۔۔ آزمائش شرط ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں