ایک بچہ منہ موڑے ہوئے

بچوں کے کان یا ڈیکوریشن پیس ؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

فلا فطین

حورے…. بیٹا یہ شاور سائیڈ پہ رکھ دو. گر کر ٹوٹ جائے گا.
حوریہ : ہوں؟؟
بیٹا یہ شاور ساتھ لے لے کر نہیں گھومو! ٹوٹ جائے گا. میں نے کمال ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے جملہ دہرایا.
حوریہ نے اک ادائے بے نیازی سے مجھ پہ نگاہ ڈالی اور شاور اٹھا کر باہر ہو لی. یعنی خالہ کو کیا عقل کہ شاور گھر میں لے کر گھومنے کا کتنا فائدہ ہوتا ہے

مصعب… اس وقت مٹھائی نہ کھاؤ. ناشتہ کر لو پہلے.
جواب میں مصعب نے ناقابل فہم قسم کے تاثرات سے مجھے دیکھا کہ یہ کس زمانے کی بات ہو رہی ہے. اور پلٹ کر دوبارہ فریج کھول لی. خالہ کا کیا ہے

ابراہیم… ابراہیم… ابراہیییییییییم…. میں نے تیسری بار میں اسے ذرا اونچی آواز دی تو موبائل سے نظریں ہٹا کر بولا! جی خالہ؟
اور لو جی… اب تک ہم کو بات بھول چکی ہے. لگے رہو اب فون پہ ہی

حنہ… بیٹا مجھے ایک گلاس پانی لا دو.
آدھے گھنٹے بعد حنہ کمرے میں آ کر.. خالہ مجھے ہیما نے مارا ہے.
میں: بیٹا میں نے آپ کو پانی لینے بھیجا تھا نا؟
حنہ: نئیں تو. ہیما کو کہا ہوگا

رابی سے صفائی کا کہہ کر آدھے گھنٹے بعد کمرے میں آکر میں حیرت سے بولی : راباں .. صفائی نہیں کی؟ ذرا سی سیٹنگ لگانے کا تو کہا تھا.
جواب میں رابی مجھے بغیر کسی تاثرات کے دیکھے چلی جا رہی ہے. یعنی نہ پہلے کچھ سنا تھا. نہ اس وقت کچھ سن کر دماغ میں پہنچانے کا ارادہ ہے

ہیما… بیٹا میری ڈائری پینسل واپس رکھ دو. یہ رف نوٹ پیڈ پہ ڈرائنگ بنا لو. تھوڑی دیر بعد واپس آنے پر دیکھا کہ میری نئی نویلی ڈائری پہ ہیما کے بہن ، بھائی ، اماں ، ابا بلکہ پورا ننھیال ددھیال کارٹون کی صورت میں مجسم بنا پڑا ہے اور پاس پڑا رف نوٹ پیڈ مجھے منہ چڑا رہا ہے

علی…. یحییٰ… بس کردو تم دونوں. اور کتنا لڑو گے؟
علی… یحییٰ ! اب کے میں نے گھوری ڈالی تو یحییٰ کا پلٹے بغیر جواب آیا
خالہ آپ دوسرے کمرے میں چلی جائیں ! یہاں متابلہ ہو رہا ہے آج.

میں اس وقت ایک تازہ تازہ کی جانے والی تحقیق کے نتیجے پہ پہنچ گئی ہوں. اور وہ یہ ہے کہ :
” دس سال سے کم عمر کے بچوں کے کان صرف ڈیکوریشن پیس ہوتے ہیں. ان کا استعمال کوئی نہیں ہوتا "
البتہ ایک ماہ کے بچوں کے کان کام کرتے ہیں . صرف آیت ہے جو پورے غور سے میری طرف دیکھ کر میری باتیں سمجھنے کی کوشش کرتی ہے. یہ دن بھی دیکھنا تھا ہم کو

اس تحریر میں بیان کردہ نمونہ جات میں ایک عدد نواں نمونہ بھی آ چکا ہے. آج کل وہ نمونہ ساری رات جاگ کر فیڈر پیتا اور سارا دن سوتا ہے. آئندہ زندگی میں وہ کیا پھول بوٹے کھلائے گا، مستقبل اس کے بارے میں فی الحال خاموش ہے.
نوٹ: نواں سے یہاں مراد نیا نکور والا نواں بھی ہے. اور نو نمبر پہ آنے والا نواں بھی.


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں