آج کے انٹرپرینیورز کیلئے کیا کچھ ضروری ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

سلیم انورعباسی………..
فنانس سے ایڈورٹائزنگ تک آج کے انٹرپرینیورز کے لیے کامیابی کا ایک ہی منتر ہے: جدید ٹیکنالوجی کا استعمال۔

ٹیکنالوجی کاروبار میں کم سرمایہ کاری کے ساتھ زیادہ منافع حاصل کرنے کا طریقہ ہے۔ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کے اخراجات آہستہ آہستہ بازار میں مسابقت کاروں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے نیچے آ رہے ہیں۔ چیلنجنگ کاموں کو کرنے کے لیےنئے اسٹارٹ اپس اور کاروباروں کی صورت میں اوزار دستیاب ہیں۔تمام ترقی پذیر ممالک نے ڈیجیٹائزیشن، ڈیجیٹل کاپی کیٹ آئیڈیاز اور ڈیجیٹل انٹرپرینیئر شپ میں تعاون اور سرمایہ کاری شروع کردی ہے۔

انٹرنیشنلائزیشن اور گلوبل نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی

ویب سائٹس، بلاگز، پیغامات اور سوشل میڈیا کے صفحات کے ذریعے ٹیکنالوجی نے فرم کےاپنے شراکت داروں، کلائنٹس، گاہکوں کے ساتھ بہتر مواصلات و روابط کو ممکن بنالیاہے جو مضبوط عوامی امیج کی عکاسی کرتی ہے۔انٹرنیشنلائزیشن اور گلوبل نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی کی وجہ سے آسان بن گیا ہے اور یہ دنیا بھر میں پوری آبادی تک پہنچنے کے قابل بناتا ہے۔انٹرنیٹ ٹیکنالوجیز اور ٹیلی پریزنس نے کانفرنس کال، ویڈیو چیٹ اور ویب نار جیسے ورچوئل گلوبل ماحول بنا کر سفر کی ضرورت کو کم سے کم کرکے ہموار آپریشن اور کاروبار چلانے میں آسانی پیدا کردی ہے۔ٹیکنالوجی نے 24/7 گھر بیٹھےکام کرنے کی ثقافت کو فروغ دیا ہے، جس سے بڑے دفاتر کی ضرورت کم ہوگئی ہے،ساتھ ہی آپریشنل اخراجات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور ٹیکنالوجی کی آسان رسائی کے ساتھ یہ ممکن ہوگیاہے کہ ایک عام انسان بھی اپنا کاروبار شروع کر سکتا ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اثر

انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مستقبل میں کاروبارکی ترقی کو فروغ دینے، مختلف پیرامیٹرز کو مضبوط کرنے اور تجزیہ کرنے، ملک کی اقتصادی حالات کا جائزہ لینے، فرم کی مالی پوزیشن معلوم کرنے، ٹیکنالوجی کے رجحانات، گاہکوں کے مستقبل کے ذہن کو پڑھنے،مارکیٹ میں حریفوں کی تعداد کا تعین کرنے کے حوالے سے امکانات کی ایک وسیع کھڑکی کھول دی ہے۔ہمہ گیر انفارمیشن ٹیکنالوجی تک آسان رسائی کے باعث اب کسی بھی انٹرپرینیئر کے لیے یہ ممکن ہوگیا ہے کہ وہ ان جملہ امور کا جائزہ لیکر فرم کی صلاحیت کو متاثر کرنے والے معاملات اور حائل الجھنوں کا تدارک کرکے مشکل کاروباری حالات میں بہتر فیصلہ کرنے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔ وسیع پیمانے پر مارکیٹ کی تحقیق کے ساتھ بہت سے تاجرموجودہ رجحانات کو جاننے کے قابل ہو ئے ہیں اور مصنوعات و خدمات کے ضمن میں مارکیٹ رجحانات کو مدِ نظر رکھ کر اپنی ناکامیوں کو کم کیا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی تمام تاریخی معلومات کو مواصلات کے ذریعے ذخیرہ کرتی ہے جن کی روشنی میںبہتر فیصلوں کے لئے تجزیہ کیا جا سکتا ہے۔اس وقت ٹیکنالوجی کے ذریعے دو طرفہ کمیونیکیشن اور رابطے بڑھنے سے کاروبارآسان بن گیا ہے۔اس سے اپنے گاہکوں کے بارے میں بہتر جاننے ، اپنی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں صارفین کی آ را معلوم کرنے اور انہیں اپنی مصنوعات و خدمات حاصل کرنے کے لیے قائل کرنے اور اپنی بات کو ڈھنگ سے بیان کرکے ان کے اذہان پر اثر انداز ہونے کے امکانات وسیع ہوگئے ہیں۔سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعےاپنی مرضی کے مطابق نہ صرف کاروبار کرنا آسان بن چکا ہے،بلکہ ٹیکنالوجی کاروبار میں کامیاب ہونے کی کلید اور ضمانت بھی بن گئی ہے۔

موبائل،ویئر ایبل سینسرز ٹیکنالوجی

انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کاروباری معیارات، شخصیات، مختلف کمپنیوں اور صنعتوں کی ادائیگیوں اور وصولیوں کے نظام کی نوعیت ہی بدل کر رکھ دی ہے۔ انٹرنیٹ معیشت میں آپ کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ایک مائوس کلک سے اشیا کی خریدو فروخت اور رقومات کی ترسیل کرسکتے ہیں۔ آج بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ کے ذریعے خودکار انداز میں رقومات کی ترسیل کی جاتی ہے۔ ان ادائیگیوں کے ریکارڈ اور پراسیس سے صارفین کی مالی حالت کی مکمل تصویر سامنے آجاتی ہے۔ خودکار نظام میں رقومات کی ترسیل، موبائل آلات کا استعمال، سینسرز، اور کمپیوٹر کے ذریعے آن لائن کلائوڈپر اندراج بھی شامل ہیں۔ سوفٹ وئیرز کے ذریعے مصنوعات کے آن لائن اشتہارات میں اضافہ ہورہا ہے اور کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے سوفٹ وئیر استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ڈیٹا حاصل کرکے اپنی مجوزہ مصنوعات کے بارے میں آن لائین اشتہارات بھی دیتی ہیں جس سے کمپنیوں کو صارفین کے ردعمل کا علم ہوتاہے۔ موبائل ٹیکنالوجی، جسم پر پہننے والے آلات، آن لائن ڈیٹا کا اندراج، اور بہت بڑے ڈیٹا کی ٹیکنالوجی کے ذریعے مستقبل کے بزنس ماڈلزکے ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ان سے صارف کی سرگرمیوں، ادائیگیوں اور وصولیوں کیلئے بنک آنے جانے اور مختلف ذرائع سے ابلاغ کا پتہ چل جاتاہے۔آئی ٹی نے انٹر نیٹ پر مصنوعات کی تشہیرسے لے کر کمپیوٹر پر ڈیٹا کے چھوٹے سے چھوٹے یونٹ بِٹ (Bit)تک اور ہارڈوئیر سے لے کر سوفٹ وئیر تک کاروباری ماڈلز بنانےکیلئے ڈرامائی انداز میں تبدیلی پیدا کی ہے۔ آئی ٹی کی صنعت محض ماڈل بنانے کے عمل میں تیزی نہیں دکھارہی بلکہ وقت کے ساتھ ضروری معیاری تبدیلی کی قیادت بھی کرے گی۔

کاروبار کیلئے ٹیکنالوجی آلات

گھر بیٹھے کاروبار کرنے کے لیے آپ کے پاس کمپیوٹر،ویب کیم اور انٹرنیٹ کنکشن ہونا لازمی ہے۔صرف تین ٹیک گجیٹس کے ساتھ آپ دنیا کا کوئی بھی کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔اس کے بعد آپ کو کسی بھی کاروبار کو کرنے کا عزم اور صلاحیت کا ہونا لازمی ہے۔یہ ہنر بھی یوٹیوب سیلف ٹیوٹر ویڈیوز کے ذریعے ممکن ہوچکا ہے جب کہ کمپیوٹر،ویب کیم کیمرا اور انٹرنیٹ اب موبائل کی صورت ہر وقت آپ کے ساتھ ساتھ ہے۔اس طرح اب چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے بھی کاروبار کرنا ممکن ہوگیا ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں