اب تک سنتے اور دیکھتے آئے ہیں کہ عید کی خوشی روزے داروں سے زیادہ روزے نہ رکھنے والوں کو ہوتی ہے ، افطاری کے وقت زیادہ جوش و خروش روزہ نہ رکھنے والوں کا ہوتا ہے ، مجھے اس بات کی کبھی سمجھ نہیں آئی تھی .
آج جب کہ رمضان المبارک اپنے اختتامی لمحات کی جانب رواں دواں ہے ، یہ سوچ کر ہی دل بیٹھ رہا ہے کہ رمضان الوداع ہو رہا ہے میزبان چاہے نہ چاہے مہمان نے رخت سفر باندھ لیا ہے ، برکتوں رحمتوں کی ہر لمحہ ربی سیل کا وقت ختم شد ۔۔۔۔
آہ سحری کے وقت اٹھنا بہت سے نصیب والوں کے مقدر میں ہوگا لیکن سحری کھاتے ہوئے فرشتوں کے حصار میں نہیں ہوں گے ، دن رات کھائیں پیئں گے لیکن شکر گزاری کی جو کیفیت رمضان المبارک میں محسوس ہوتی تھی جب لمحہ بھر کی فرصت ملے اور جھٹ سے قرآن کھول لینے والی بات خواہش کے باوجود ممکن نہیں ہو پائے گی
مجھ سے ماہ صیام میں مانگو میں بے حد و حساب دوں گا کی پکار حوصلوں کو مہمیز نہیں دے گی ، چپکےچپکے رب سے سرگوشیوں اور مناجات والی فضا ملنا بہت مشکل ہو جائے گی ، فلاں مستحق ہیں فلاں یتیم و نادار ہیں زکوٰۃ کس کس کو کتنی دی جائے ، یہ حساب کتاب کا کھاتہ تو شاید پورے سال کے لیے بند ہو جاتا ہے . افطاری کے فدیہ کی نیت سے راشن گھروں میں پہنچانے کا ، معذوروں کے لیے افطاری بھیجنے کا اہتمام اب سال سے پہلے ممکن ہی نہیں ۔ تو روزے دار روزوں کی رخصتی کا غم دل میں رکھیں یا عید پر خوش زیادہ ہوں
عید کا جو تصور نئے کپڑے جوتے سے مخصوص کر کے ہم نے اپنی نسلوں پر ظلم کیا اس کی تلافی کیسے ہو ؟
یہ خوشی تو رب کے مہمان کی مسلسل تیس دن مہمان نوازی کی ملتی ہے . یہ خوشی تو رب کے حکم پر اپنے تزکیہ کی تیس سالہ ٹریننگ مکمل ہونے پر ملتی ہے ۔ ان سے پوچھیں تیس دن جو مہمان ان کے عیبوں کی پردہ پوشی کرتا رہا . رب کے حضور سفارشی بنا رہا اس کے جانے کا سوچ کر آنکھیں نمناک نہ ہوں ، دل ٹکڑوں میں تقسیم نہ ہو ۔
عید حکم ربی سمجھ کر مناتے ہیں حالانکہ امت مسلمہ مجموعی طور پر نیم مردہ ہو چکی ہے ، کوئی مست ملنگ داتا گنج بخش کے مزار پر وہ ہلڑ بازی نہیں کرےا جو میرے رب کے محبوب کے دربار میں ہوئی کوئی چور ہو ، شرابی ہو زانی ہو وہاں یہی گناہ بخشوانے ہی تو جاتا ہے نیکیوں کے زعم میں جو بھی گیا مارا گیا۔۔۔
کیا مسجد اقصیٰ کے غم کم ہیں لیکن عید حکم ربی یے تو
اے ماہ رمضان ہم کوتاہ نظروں ، کم ظرف دنیاداروں کی حشر کے دن سفارش کے لیے ہاں تو کرتے جائو
اللہ حافظ اے رمضان تیرا
3 پر “الوداع اے رمضان المبارک” جوابات
فلسطینیوں پر مظالم کے بارے امت مسلمہ کی بے حسی واقعی ایک المیہ ہے اس بارے میں مزید بھی کوی آرٹیکل لکھیں اللہ آپ کا قلمی جہاد قبول فرماے
واقعی رمضان نعمت ہے
ربنا و تقبل منا