برما میں ایک جشن کے دوران میں گرم ہوا کا بڑا غبارہ اور اس میں موجود آتش گیر مواد پھٹنے کی ویڈیو بڑے پیمانے پروائرل ہورہی ہے ، اس ویڈیو کے ساتھ بتایاجارہا ہے کہ اس واقعہ میں 600 افراد ہلاک اور 1600 زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم ہلاکتوں کی یہ خبر درست نہیں ہے۔
برما کے مقامی کیلنڈر کے آٹھویں مہینے میں جس رات چاند کامل روشن ہوتا ہے، برمی روشنیوں کا ایک میلہ لگاتے ہیں۔ اور یہ مون سون موسم کے خاتمے پر ہوتا ہے۔
امسال یہ جشن 14 نومبر کو منایاگیا، جیسا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھائی دیتا ہے کہ اس سلسلے کی ایک تقریب میں ایک بڑا غبارہ 18 کلوگرام آتش گیر مواد لے کر فضا میں بلند ہورہاتھا کہ اچانک اس نے آگ پکڑ لی اور شایقین کے درمیان میں آگرا۔ برطانوی اخبار "ٹیلی گراف” نے مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حادثے میں 9 افراد زخمی ہوئے۔
ہر سال اس جشن کی تقریبات میں ایسے ہی حادثات اب معمول بن چکے ہیں۔ سن 2014 میں چارافراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2017 میں 15 افراد زخمی ہوئے تھے۔