مسلمان خاتون دعا مانگتے ہوئے

دوسری شادی کے شوقین حضرات متوجہ ہوں

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ربیعہ فاطمہ بُخاری

آج کُچھ بات ہو جائے اپنے بزرگوں ، بھائیوں اور بیٹوں سے ،

سورةُالنّساء کی تیسری آیت سے ذرا سا آگے سفر کرتے ہیں۔ “نکاح کر لو تم ( ان کے علاوہ ) اُن سے جو پسند آئیں تُم کو عورتیں، دو دو، تین تین، چار چار۔” یہاں تک کی آدھی اُدھوری آیہ کریمہ ہمارے سماج میں خوب خوب مقبول ہے۔ ہمارے اُن مردوں تک کو جنہوں نے کبھی کسی تعلیمی ادارے کی شکل تک نہیں دیکھی ہو گی ، وہ بھی یقیناً جانتے ہوں گے کہ اُنہیں اِسلام کی رو سے چار شادیوں کا حق ہے۔

لیکن یہ آیہ کریمہ ختم کُچھ یوں ہوتی ہے کہ ” اگر خوف ہو تُم کو یہ کہ نہ عدل کر سکو گے تو بس ایک (سے نکاح کرو )، یہ زیادہ قریب ہے کہ بچ جائو تُم ناانصافی سے۔” یعنی اِس آیت کے اختتام پہ ربِّ کائنات خود اِرشاد فرما رہا ہے کہ اگر تُمہیں خدشہ ہو کہ دو عورتوں کے درمیاں عدل قائم نہیں کر پائو گے تو ناانصافی میں مُبتلا ہونے سے بہتر ہے کہ تُم ایک عورت سے ہی شادی کرو۔

ہمارے یہاں اکثر بیویوں کے درمیان “انصاف” کی بات کی جاتی ہے۔ جبکہ قُرآنِ کریم نے جہاں بھی اِس حوالے سے تاکید کی ہے، لفظ “عدل” استعمال کیا ہے۔ میری ایک تحریر پہ میرے بڑے تایازاد ، مُختار بھائی نے میری تصحیح کی تو میں نے آج تھوڑا اِن الفاظ کے فرق کو پڑھا۔

لفظ ” انصاف” نصف سے ماخوذ ہے، جس کا مطلب آپ سب جانتے ہیں، آدھا ، برابر برابر آدھا حصّہ کسی کو دینا انصاف ہے جبکہ عدل ایک نہایت جامع اصطلاح ہے ، اِس کا مطلب ہے کسی چیز کو اُس مقام پہ رکھنا ، جس کی وہ حق دار ہے۔ قرآنِ کریم نے ہمیشہ لفظ “عدل” اِستعمال کیا ہے، حالانکہ عرب میں لفظ انصاف مستعمل ہے۔

اِس کی ایک مثال یوں سمجھ لیں کہ دو روٹیاں ایک مرد اور ایک بچّے میں تقسیم کرنی ہوں تو انصاف کا تقاضہ یہ ہو گا کہ دونوں کو ایک ایک روٹی دے دی جائے ، لیکن عدل یہ ہے کہ بچّے کو اُس کی ضرورت کے مُطابق روٹی دی جائے اور مرد کو اُس کی ضرورت کے مُطابق، یہ عدل ہے۔

یعنی اگر پہلی بیوی چار یا پانچ بچّوں کی ماں ہے اور دوسری بیوی کی کوئی اولاد نہیں ہے یا ایک یا دو بچّے ہیں تو اُن دونوں کی ضروریات اُن کی فیملیز کے مُطابق پوری کی جائیں اور میرے ناقص فہم کے مُطابق فیصلہ سازی و دیگر امور میں لازماً اُسی بیوی کی اہمیّت زیادہ ہو گی جس نے زندگی کے ابتدائی مُشکل سال آپ کے ساتھ struggle میں گُزارے ۔ لیکن ہمارے یہاں عملاً اُلٹی گنگا بہتی ہے۔ مرد کو اُدھیڑ عمری میں نوجوان بیوی مِل جائے تو وہ جس نے struggle کے فیز میں اپنا تن ، من مار کے اُس کے مکان کو گھر بنایا ہوتا ہے، خاندان میں مُقام بنانے کیلئے ہر ایک کے مزاج کی تلخی کو جھیلا ہوتا ہے، اُسے اوّلاً تو دُلہن بی بی آتے ہی گھر سے بے دخل کرنے کے چکروں میں ہوتی ہیں یا اگر گھر سے نکالیں نہ بھی تو اُسے ذہنی، اعصابی اور مالی ہر لحاظ سے ہر مُمکن استحصال سے دوچار کیا جاتا ہے۔ اور اِس طرح کے معاملات بہت سے اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں۔ ایسے میں کہاں گیا عدل اور کہاں گیا خوفِ خُدا۔۔!! اور خواتین کے اندر دوسری شادی کے حوالے سے سخت ترین ردِّعمل اور عدم تحفُّظ کی سب سے بڑی وجہ بھی یہی ہے۔

اِسی سورت میں آگے آیت نمبر 129 میں ربِّ کائنات نے مردوں کو مُخاطب کرکے بالکل واضح واضح الفاظ میں ارشاد فرمایا ہے کہ “اور نہیں قُدرت رکھتے تُم اِس بات کی کہ عدل کر سکو بیویوں کے درمیان ، خواہ تُم کتنا ہی چاہو ، لہٰذا جُھک نہ جائو ( کسی ایک طرف ) پوری طرح جُھکنا کہ چھوڑ دو دوسری بیویوں کو ادھر لٹکتا اور اگر درست کر لو تُم ( اپنا طرزِ عمل ) اور ڈرتے رہو اللّٰہ سے تو بےشک اللّٰہ تعالٰی بہت مُعاف کرنے والا اور رحم فرمانے والا ہے۔ ”

اور ہمارے روز مرّہ مُشاہدے نے یہ ارشادِ ربّانی تقریباً ہمیشہ ہی درست ثابت کیا ہے۔ میں ایک عورت ہونے کے باوجود بالکل قرآنِ پاک کی اِس آیہ کریمہ پہ مکمّل ایمان رکھتی ہوں کہ مرد بیک وقت چار عورتوں سے شادی کر سکتا ہے، مرد کو اللّٰہ پاک نے اجازت دی ہے، اِس لئے دوسری شادی کرنے کو گُناہ ہرگِز نہیں سمجھنا چاہیے۔

لیکن پہلی بات تو یہ کہ یہ محض “اجازت” ہے، حکم نہیں ہے، نہ ہی “فرض” ہے۔ اور دوسرے یہ کہ یہ اجازت عدل کے ساتھ مشروط ہے اور تیسرے یہ کہ ربِّ کائنات نے خود فرما دیا ہے کہ تُم جتنا بھی چاہو ، عدل قائم نہیں کر سکتے ، تو میرا خیال ہے کہ کوئی بھی مرد جو دِل میں خوفِ خُدا رکھتا ہے ، دوسری شادی کا ارادہ کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گا ضرور۔

قرآنِ کریم میں اور احادیثِ مُبارکہ میں بار بار بیویوں کے ساتھ حُسنِ سلوک کی تاکید کی گئی ہے۔ بار بار، اور دو بیویوں کے ساتھ عدل کا مُعاملہ نہ کرنے والا ایک مُستند حدیث شریف کی رو سے بروزِ حشر اِس طرح اُٹھایا جائے گا کہ اُس کا آدھا دھڑ مفلوج ہو گا۔ دوسری شادی کے شوقین حضرات اِن آیاتِ بیّنات اور احادیثِ مُبارکہ کو ذہن میں رکھّیں اور سوچ سمجھ کے فیصلہ کریں کہ اتنی بڑی ذمہ داری اُٹھانے کے قابل ہیں بھی یا نہیں۔۔۔!!


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں