سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے استاد نے اہم انکشافات کردیے

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

دنیا سعودی عرب کے متنازع ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بارے میں اقتدار پر عملی گرفت مضبوط ہونے تک کچھ زیادہ نہیں جانتی تھی۔ بی بی سی عربی سروس کے راشد سِکئی، جنھوں نے شہزادہ محمد بن سلمان کو بچپن میں تعلیم دی تھیں، ان کی شاہی زندگی کے بارے میں کچھ انکشافات کیے ہیں۔

’سنہ 1996 میں جب میں جدہ کے ایک انتہائی معتبر ادارے الانجال سکول میں پڑھاتا تھا تو مجپے ایک دن ایک ٹیلی فون آیا۔ ریاض کے گورنر، شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز بحیرہ احمر کے ساحلی شہر جدّہ میں عارضی طور پر منتقل ہوئے تھے اور انھیں اپنے بچو ں کو انگریزی پڑھانے کیلئے ایک ٹیچر کی ضرورت تھی۔
مجھے فوری طور پر اس شخص کے محل پہنچا دیا گیا جس نے بعد میں شعودی عرب کا بادشاہ بننا تھا تاکہ میں اس کی پہلی بیوی سے پیدا ہونے والے بچوں کا ٹیوٹر بن کر انھیں ان کے محل میں انگریزی پڑھاؤں۔ یہ شہزادہ تُرکی، شہزادہ نائف، شہزادہ خالد اور یقیناً شہزادہ محمد تھے۔

میں شہر کے ایک جدید علاقے کے ایک فلیٹ میں رہتا تھا۔ ایک بڑی گاڑی مجھے وہاں سے روزانہ صبح سات بجے الانجال سکول لے جاتی اور پھر وہاں سے فارغ ہونے کے بعد میں دوپہر کو محل جاتا تھا۔ اسی گاڑی کا ڈرائیور مجھے محل لے جاتا تھا۔
محل کے حفاظتی حصار سے گزر کر جب گاڑی اندر داخل ہوتی تو وہاں عالی شان محلات تھے، وہاں کے باغات کو سفید یونیفارم پہنے ملازمین بہت محنت سے آراستہ کرتے تھے۔ ان عمارتوں کے سامنے ایک کار پارک تھا جہاں دنیا کی منفرد لگژری کاروں کا ایک فلِیٹ کھڑا ہوتا تھا۔ وہاں میں نے پہلی مرتبہ گلابی رنگ کی ایک کیڈیلیک کار دیکھی تھی۔
اس قلعہ نما شاہی محل میں آنے کے بعد ایک ادھیڑ عمر کے منصور الشہری، جو محل کے مہتمم تھے، مجھے محل کے اندر لے جاتے۔ گیارہ برس کا محمد بن سلمان ان سے بہت مانوس تھا۔

واکی ٹاکی
محمد اپنی پڑھائی کی بجائے عموماً محل کے محافظوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارتا تھا۔ اپنے بھائیوں میں سب سے بڑا ہونے کی وجہ سے اسے بظاہر اپنی من مانی کرنے کی اجازت تھی۔اس سے چھوٹے شہزادوں کو میں اسی وقت تک کنٹرول کر پاتا تھا جب تک محمد بن سلمان وہاں نہیں ہوتا تھا۔
مجھے یاد ہے کہ جب ہم پڑھ رہے ہوتے تھے تو وہ اس وقت واکی ٹاکی استعمال کر رہا ہوتا تھا جو وہ اپنے گارڈز سے لے آیا کرتا تھا۔ وہ اس واکی ٹاکی پر میرے بارے میں شوخ اور گستاخ فقرے کہتا تھا اور اپنے بھائیوں اور گارڈز کے بارے میں لطیفے بیان کرتا تھا۔
آج تینتیس برس کا شہزادہ سعودی عرب کا وزیر دفاع ہے اور سعودی بادشاہت کا وارث ہے۔ پچھلے برس سعودی عرب کے عملی طور پر مطلق حکمران بننے کے بعد محمد بن سلمان نے نیا سعودی عرب بنانے والے جدت پسند رہنما ہونے کا موقف اختیار کیا۔

قدامت پسند علما کی مخالفت ہوتے ہوئے انھوں نے بادشاہت کیلئے کافی عرصے سے موخّر شدہ اقتصادی اصلاحات نافذ کیں اور انتہائی قدامت پسند معاشرے میں آزادی کے رجحان کو فروغ دیا۔ان اقدامات کی وجہ سے ان کی تعریف ہوئی ہے، لیکن سعودی عرب میں انسانی حقوق کی بد ترین حالت، یمن میں نہ ختم ہونے والی جنگ اور حال ہی میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے ترکی میں سعودی قونصل خانے میں قتل کی وجہ سے وہ تنقید کا نشانہ بھی بنے ہیں۔ سعودی عرب نے گیارہ افراد پر جمال خاشقجی کے قتل کی فردِ جُرم عائد کی ہے لیکن کہا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان اس قتل میں ملوث نہیں تھے۔

ایک موقع پر میں گھبرا گیا تھا جب شہزادہ محمد نے مجھے بتایا کہ اس کی ماں، شہزادی، کہتی ہیں کہ میں ایک سچا شریف آدمی لگتا ہوں۔ مجھے نہیں یاد پڑتا میں اُن سے کبھی ملا بھی تھا۔ سعودی عرب کے شاہی خاندان کی خواتین اجنبی مردوں سے ملاقات نہیں کرتیں۔ اور محل میں جس خاتون سے اگر میں ملا تھا تو وہ شہزادوں کی ایک فلپائینی آیا تھیں۔
مستقبل کے ولی عہد کے بتانے تک کہ یہاں دیواروں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں میں اس بات سے بے خبر تھا کہ کوئی مجھ پر نظر رکھے ہوئے تھا۔ اس کے بعد میں پڑھاتے ہوئے بہت محتاط رہتا تھا۔
کچھ ہی عرصہ کے بعد میں محمد اور اس کے چھوٹے بھائیوں کو پسند کرنے لگ گیا۔ اگرچہ میں ان شہزادوں کو ایک بہترین ماحول میں پڑھاتا تھا اور میرے شاگرد میرے دوسرے شاگردوں کی طرح ہی پڑھنے کی جستجو رکھتے تھے لیکن انھوں کھیل کود کا شوق ذرا زیادہ تھا۔

نامناسب حرکت
ایک دن محل کے مہتمم منصور الشہری نے مجھے بتایا کے مستقبل کے بادشاہ اپنے بچوں کی تعلیمی پراگریس کے بارے میں جاننے کیلئے مجھ سے ملنا چاہتے ہیں۔ میرا خیال تھا یہ ملاقات شہزادہ محمد کی نامناسب حرکتوں کے بارے میں بات کرنے کا اچھا موقع ہے۔
میں ملاقات کیلئے شہزادہ سلمان کے کمرے کے باہر دوسرے اساتذہ کے ہمراہ انتظار کر رہا تھا۔ یہ اساتذہ شاہی آداب سے بہتر طور پر آگاہ تھے۔

جب شہزادہ سلمان تشریف لائے تو تمام اساتذہ ایک دم سے ریاض کے گورنر کے دبدبے سے متاثر ہو کر کھڑے ہوگئے۔ اور پھر وہ ان کی جانب باری باری بڑھے تو وہ ان کے ہاتھ کا بوسہ لینے لگ گئے۔ شہزاد سلمان نے جلدی جلدی اپنے بیٹوں کی پراگریس کے بارے میں دریافت کیا اور آگے بڑھتے گئے۔
جب میری باری آئی تو میں دوسرے اساتذہ کی طرح ان کے سامنے جُھکا نہیں۔ میں اس سے پہلے بھی کبھی کسی کے لیے اس طرح نہیں جُھکا تھا۔ اس سے پہلے کہ میں خوف سے یخ بستہ ہوجاتا میں نے آگے بڑھ کر مستقبل کے بادشاہ سے مضبوطی کے ساتھ مصافحہ کیا۔ میں نے ان کے چہرے پر ایک ہلکی سے کھسیانی سی حیران کن مسکراہٹ دیکھی، تاہم انھوں نے میرے نامناسب رویے پر ناراصی کا اظہار نہیں کیا۔

میں نے ان سے شہزادہ محمد کی پڑھائی کے دوران حرکتوں کے بارے میں کوئی بات نہیں کی کیونکہ اس وقت تک میں نے سب کچھ چھوڑ کر برطانیہ واپس آنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
اس کے کچھ دیر بعد، محل کہ مہتمم الشہری نے شاہی آداب کو بجا نہ لانے پر مجھ پر لعن طعن کی۔

شہزادہ خالد کے علاوہ جو کہ امریکہ میں سعودی عرب کے سفیر بنے، باقی تمام بھائیوں نے کوئی سرکاری عہدہ نہیں لیا اور اپنی اپنی نجی زندگی بسر کر رہے ہیں۔
اب جب میں اپنی زندگی کے اس مختصر سے وقت کو مڑ کر دیکھتا ہوں تو میں اپنے نوجوانوں کو عالمی شہسواری میں ایڑھ لگاتے دیکھ رہا ہوں۔‘(بشکریہ بی بی سی)


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں