شوبز سے کنارہ کش ہوکر دین کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کرنے والی سابقہ پاکستانی ماڈل و اداکارہ رابی پیرزادہ گزشتہ دنوں ایک حادثے میں زخمی ہوگئیں۔
بتایا جاتا ہے کہ وہ کار حادثے میں زخمی ہوئی ہیں تاہم خود رابی پیرزادہ نے حادثے کا سبب اور تفصیل نہیں بتائی، البتہ انھوں نے ایک چھوٹے سے حادثے کا ذکر اپنے سوشل میڈیا پیج پر کیا ہے۔ انھوں نے ہلکے پھلے مزاح کے انداز میں لکھا ہے:
کیا میرے دشمنوں کو خوش ہونے کا حق نہیں۔ کل ایک چھوٹا سا ایکسیڈنٹ ہو گیا۔ میری دعا ان سب کے لیے ہے جو میرا ساتھ دیتے ہیں مگر اللہ ان کو بھی کبھی تکلیف نا دے جو میرا دل دکھاتے ہیں۔ چھوٹی سی زندگی ، پھر نا میں نا آپ۔ بس ہمارے اعمال۔
انھوں نے ایک دوسری پوسٹ میں لکھا :
اللہ نے کبھی تکلیف دی، کبھی خوشی، 15 سال کی عمر سے ایک عجیب سی لڑائی ہے، کبھی خود سے کبھی معاشرے سے ، پہلے ایک” مذہبی گھرانے سے لڑ کر شوبز آئی ، کوشش کی اپنا کردار پاک رکھوں ۔ اللہ کو یہ منظور نہیں تھا۔ ایک جھٹکے سے مجھے میری اوقات دکھا دی۔ اب لڑائی ہے ۔ شوبز سے واپس دین کی طرف آنا۔ یقین جانیں یہ سفر اس سے دگنا مشکل ہے ۔ دین کی راہ پر طعنے اور گلیمر کی راہ پر پیسہ اور پراجیکٹس ۔ مگر کب تک؟ صرف ایک حوصلہ ہے۔ ایک دن اپنے رب کے حضور پیش ہونا ہے۔ وہی ہے جو میرے دل کا حال جانتا ہے ، آپ سب سے مجھے پیار ہے ، کیونکہ میرا اللہ آپ سے پیار کرتا ہے۔ خوش رہیں۔ “
رابی پیر زادہ نے کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کی ہیں جن میں ان کا بایاں بازو اور بایاں پائوں زخموں سے بھرا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ رابی پیرزادہ نے 2019 میں شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد پینٹنگ و آرٹ ورک کا کام شروع کیا تھا اور وہ سوشل میڈیا پر اپنے آرٹ ورک کی تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔انہوں نے دیگر لوگوں کے ہمراہ ’چھوٹی سی بات‘ نامی ایک ویب سائٹ پر بھی متعارف کرائی تھی جبکہ وہ گلوکاری کے بعد نعت و حمد بھی پیش کرتی دکھائی دیں۔
طویل عرصے سے گلوکاری و شوبز سے دور رہنے والی رابی پیرزادہ نے بعد ازاں اپنے نام سے ہی فلاحی تنظیم بھی متعارف کرائی تھی، جس کے تحت وہ غریب خاندانوں اور خواتین کی مدد کرتی ہیں۔
رواں برس اپریل میں انہوں نے ’عبایہ‘ برانڈ بھی متعارف کرایا، جس کے تحت نہ صرف دیدہ زیب و فیشن ایبل ’عبایہ‘ اور ’حجاب‘ ہی نہیں بلکہ اسی برانڈ کے تحت تسبیح سمیت دیگر چیزیں بھی فروخت کے لیے پیش کی گئیں۔