:پہلے یہ پڑھیے
ڈاکٹر زواگو ۔۔۔۔ ناول جس نے ایک پوری سلطنت کو ہلا کر رکھ دیا تھا (1 )
ڈاکٹر زواگو ۔۔۔۔ ناول جس نے ایک پوری سلطنت کو ہلا کر رکھ دیا تھا (2)
ڈاکٹر زواگو ۔۔۔۔ ناول جس نے ایک پوری سلطنت کو ہلا کر رکھ دیا تھا (3)
٭بورس کا اپنے ناول سے متعلق کہنا تھا:
”میں نے اس ناول میں جو تاثرات قلم بند کیے ہیں، وہ حقیقی ہیں، میں نے انھیں اپنے دل کی گہرائیوں سے پیش کیا ہے۔ بحیثیت ایک فن کار جو کچھ دیکھا، لکھ دیا۔ میں جس دور میں رہتا ہوں، اسی کے متعلق لکھا ہے۔“
واضح رہے کہ یہ ناول مصنف کی آپ بیتی نہیں ہے بلکہ یہ اس دور کی کہانی ہے جس میں وہ جیتا تھا۔ یہ ایک مشکل ترین دور تھا۔ ڈاکٹر زواگو کو پروپیگنڈا ناول قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یہ الگ بات ہے کہ سی آئی اے نے اس سے فائدہ اٹھایا اور سوویت یونین کے خلاف ایک پروپیگنڈا مہم کا حصہ بنایا۔ یقیناً تاریخ میں کئی ایک پراپیگنڈا ناول لکھے گئے ہیں لیکن ’ڈاکٹر زواگو‘ ان میں شامل نہیں۔ آپ اسے پڑھ کر اسی نتیجے پر پہنچیں گے۔
٭٭٭
پاکستان میں ایک معروف پبلشنگ ہاؤس ’بک کارنر‘، جہلم (واٹس ایپ نمبر:0314 4440882) نے نہایت اہتمام سے، خوبصورت انداز میں ’ڈاکٹر زواگو‘ کا اردو ترجمہ شائع کیا ہے۔600 سے زائد صفحات کا یہ ناول 999 روپے میں مل سکتا ہے۔ ترجمہ جناب یوسف صدیقی نے کیا جو ایک معروف صحافی تھے۔ جب آپ کی نظر اس ناول پر پڑے، اسے اچھی طرح دیکھئے گا ضرور۔ ممکن ہے کہ ناول کے ابتدائی صفحات آپ کو دلچسپ نہ محسوس ہوں لیکن جلد ہی آپ کو لطف آنے لگے گا۔ اس ناول کو پڑھ لیں گے تو اسے چشم کشا تجربہ قرار دیں گے۔ یہ آپ کے سیاسی شعور کو بلندیوں پر لے جائے گا۔
سی آئی اے نے مزید کون سے ناولوں اور کتابوں کی اشاعت اور فروغ میں دلچسپی لی؟
ڈاکٹر زواگو کی اشاعت سی آئی اے کے ان منصوبوں میں سے ایک منصوبہ تھا جس کے تحت سی آئی اے اپنی مخالف حکومتوں اور نظاموں کے خلاف مہمات چلاتی رہی ہے۔ انہی منصوبوں میں جارج آر ویل (George Orwell) کا 1984، میخائل بلگا کوف(Mikhail Bulgakov) کا The Master and Margarita، الیگزنڈر سولز اے نٹسن (Aleksandr Solzhenitsyn) کا The Gulag Archipelago اوریگینی زمیاتن (Yevgeny Zamyatin)کا ناول We بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ جیمز جوایس(James Joyce) کا ناول A portraite of the Artist as a Young man، جارج آر ویل(George Orwell) کا Animal Farm، چھ منحرف کمیونسٹ مصنفین کے مضامین پر مشتمل کتاب The God that Failed اور ولادی میر نیباکوف(Vladimir Nabokov) کے ناول Pnin کے نسخے مشرقی یورپ اسمگل کرانا بھی سی آئی اے کے منصوبوں کا حصہ تھے۔ واضح رہے کہ سرد جنگ کے دوران ان منصوبوں کے مطابق نہ صرف کتابوں پر کروڑوں ڈالرز خرچ کیے گئے بلکہ جرائد پر بھی سرمایہ لگایا گیا۔